The Voice of Chitral since 2004
Saturday, 28 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

غارِ حرا سے دیوانِ امامت تک! ۔ تحریر: عبدالکریم کریمی آف غذر

Chitral Times

غارِ حرا سے دیوانِ امامت تک! ۔ تحریر: عبدالکریم کریمی آف غذر

غارِ حرا سے دیوانِ امامت تک! ۔ تحریر: عبدالکریم کریمی آف غذر

غارِ حرا سے دیوانِ امامت تک! ۔ تحریر: عبدالکریم کریمی آف غذر

۔

مکہ مکرمہ کی سنگلاخ پہاڑیوں میں واقع غارِ حرا کی پُرنور تنہائیوں سے جب رحمتِ عالم ﷺ نے توحید، علم اور انسانیت کی فلاح کا آفاقی پیغام دنیا کو دیا، تو دشمنوں کے طعنوں اور مخالفتوں کے طوفان میں ربِ کریم نے سورہ الم نشرح اور سورہ الکوثر کی صورت میں اپنے محبوب ﷺ سے دو لازوال وعدے فرمائے۔ آپ ﷺ کے ذکر کو بلند کرنے اور آپ ﷺ کو خیرِ کثیر و نسلِ باقی عطا کرنے کا وعدہ۔ تب کسی نے گمان بھی نہ کیا تھا کہ ایک صحرا سے پھوٹنے والی یہ کرن صدیوں کی مسافت طے کر کے عالمِ انسانیت کے افق پر آفتاب بن کر چمکے گی، اور آج ڈیڑھ ہزار سال بعد دنیا کھلی آنکھوں سے اس وعدۂ الٰہی کی تکمیل دیکھ رہی ہے کہ آپ ﷺ کے نواسوں کی صورت میں آپ ﷺ کی نسل کے امام کو عالمی طاقتیں اور اقوامِ عالم بادشاہوں اور سربراہانِ مملکت جیسا پروٹوکول اور بے مثال وقار دیتی ہیں۔۔۔ کیونکہ یہ نورِ الٰہی ہے، اور پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا۔ نبوت کے اسی نورانی سرچشمے سے پھوٹنے والی ہدایت کی یہ لہر، غدیرِ خم کے اعلان اور اہلِ بیتِ اطہار کی امانت داری سے ہوتی ہوئی تاریخ کے پرپیچ راستوں پر گامزن ہوئی۔

اس سفر میں کتنے ہی موسم آئے، کتنے ہی طوفان اٹھے۔ کبھی فاطمی خلافت کے عہد میں قاہرہ کے ایوانوں اور جامعہ الازہر کے میناروں سے علم و فنون کے چراغ روشن ہوئے، تو کبھی تاریخ کا پہیہ یوں گھوما کہ حالات کی سنگینی نے اس قافلے کو پہاڑوں کی اوٹ لینے پر مجبور کر دیا۔ کبھی الموت کی برف پوش چوٹیوں پر رات کی تاریکی میں پیغامِ امامت سرگوشیوں میں منتقل کیا جاتا تھا، تو کبھی انجدان کے گمنام قصبوں میں امام اور مرید ایک دوسرے کو پہچاننے کے لیے بے پناہ احتیاط سے کام لیتے تھے۔ ایک وہ دور بھی آیا جب منگول تلواروں کی جھنکار کے درمیان کتب خانے راکھ کا ڈھیر بن رہے تھے اور فلک بوس قلعے زمین بوس ہو رہے تھے۔

مگر صدیوں کی گرد، ہجرتوں کے دکھ اور آزمائشوں کی بھٹی اس چراغِ ہدایت کو بجھا نہ سکی۔ وقت بدلا، منزلیں بدلیں اور آج۔۔۔ غارِ حرا سے شروع ہونے والا وہی روحانی سلسلہ جب اپنے عہدِ حاضر کے دیوانِ امامت تک پہنچتا ہے تو منظر یکسر بدل چکا ہوتا ہے۔ آج اسی روایت کا امام کسی ملک کے دورے پر جائے تو اس ملک کا سربراہِ مملکت خود ائیرپورٹ پر استقبال کے لیے موجود ہوتا ہے، پارلیمنٹ ہاؤس پر قومی پرچم کے ساتھ اسماعیلی پرچم بھی لہرایا جاتا ہے، سرخ قالین بچھائے جاتے ہیں، فوجی دستے گارڈ آف آنر پیش کرتے ہیں اور عالمی طاقتیں امن و ترقی کے لیے ان کے دروازے پر دستک دے کر مشورے طلب کرتی ہیں۔

آخر یہ کون لوگ ہیں؟ غارِ حرا کی روشنی سے لے کر آج کے عالمی وقار تک ان کی تاریخ کے اوراق میں کیا کچھ درج ہے؟ ان کی بقاء اور قوت کا اصل راز کیا ہے؟ اور صدیوں کے نشیب و فراز سے گزر کر یہ قافلہ اس مقام تک کیسے پہنچا جہاں ایک زمانے کی مظلوم اور منتشر جماعت آج علم، ترقی، خدمتِ انسانیت اور عالمی احترام کی علامت بن چکی ہے؟ آئیے، تاریخ کے جھروکوں میں جھانک کر اس حیرت انگیز اور پُرعظیم سفر کی داستان پڑھتے ہیں۔
رسولِ اکرم ﷺ کی رحلت کے بعد امتِ مسلمہ کو جس سب سے اہم سوال کا سامنا کرنا پڑا وہ قیادت اور جانشینی کا مسئلہ تھا۔ ایک گروہ کا عقیدہ تھا کہ نبی اکرم ﷺ نے مختلف مواقع، خصوصاً واقعۂ غدیرِ خم میں، حضرت علی ابن ابی طالبؑ کی ولایت و رہنمائی کو امت کے لیے واضح فرمایا تھا، اس لیے آپؑ ہی رسولؐ کے بعد پہلے امام اور ہادی ہیں۔ یہی جماعت بعد میں ’’شیعانِ علی‘‘ یا شیعہ کہلائی۔ دوسری طرف ایک بڑی جماعت نے خلافت کے ادارے کو امت کی سیاسی اور اجتماعی قیادت کا جائز ذریعہ سمجھا اور خلافتِ راشدہ کے تسلسل کے ساتھ اپنا تعلق جوڑے رکھا۔ یوں اسلامی تاریخ کے ابتدائی لمحوں ہی میں قیادت، اتھارٹی اور دینی رہنمائی کے دو مختلف تصورات سامنے آئے جنہوں نے بعد کی مسلم تاریخ پر گہرے اثرات مرتب کیے۔

شیعہ عقیدے میں امامت محض سیاسی اقتدار کا نام نہیں بلکہ ایک الٰہی منصب ہے۔ اسی تناظر میں اسماعیلی مکتبِ فکر ’’امامِ مستودع‘‘ اور ’’امامِ مستقر‘‘ کے نظریے کو پیش کرتا ہے۔ اس عقیدے کے مطابق حضرت امام حسنؑ امام تھے، مگر آپؑ امامِ مستودع تھے، جبکہ حضرت امام حسینؑ امامِ مستقر تھے اور دائمی سلسلۂ امامت انہی کی نسل میں جاری رہا۔ اسی بنا پر اسماعیلی روایت میں حضرت امام جعفر الصادقؑ پانچویں امام شمار ہوتے ہیں جبکہ اثنا عشری مکتبِ فکر میں وہ چھٹے امام ہیں۔

امام جعفر الصادقؑ کی وفات کے بعد شیعہ تاریخ ایک نئے موڑ پر پہنچی۔ ایک جماعت نے حضرت اسماعیل بن جعفرؑ اور ان کی نسل میں امامت کے تسلسل کو تسلیم کیا، جبکہ دوسرے گروہ نے حضرت موسیٰ کاظمؑ کی امامت کو قبول کیا۔ یہاں سے اسماعیلی اور کاظمی شیعہ روایات الگ ہوئیں، اور بعد میں موسیٰ کاظمؑ کی نسل میں بارہ ائمہ کے عقیدے کے ساتھ اثنا عشری تشیع وجود میں آئی۔ اسماعیلیوں نے دوسری جانب زندہ اور مسلسل امامت کے اصول کو برقرار رکھا۔
ابتدائی صدیوں میں عباسی سیاسی دباؤ کے باعث اسماعیلی ائمہ اور ان کے پیروکاروں نے طویل دورِ ستر اختیار کیا، لیکن تاریخ کا عجیب حسن ہے کہ جن لوگوں کو سیاسی طاقت سے محروم کردیا گیا تھا، وہی چند صدیوں بعد دنیا کی عظیم ترین اسلامی سلطنتوں میں سے ایک کے بانی بنے۔ 909ء میں شمالی افریقہ میں فاطمی خلافت قائم ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے قیروان سے مصر، شام، حجاز اور بحیرہ روم کے وسیع خطے اس کے زیرِ اثر آگئے۔ فاطمی صرف حکمران نہیں تھے بلکہ خود کو اہلِ بیتؑ کی نسل سے وابستہ ائمہ قرار دیتے تھے، اس لیے ان کی حکومت مذہبی، فکری اور سیاسی قیادت کا ایک منفرد امتزاج تھی۔

فاطمیوں کی مصر آمد نے صرف حکومت تبدیل نہیں کی بلکہ پورے ملک کی معاشی اور تمدنی تقدیر بدل دی۔ مصر کی زرعی معیشت کو منظم کرنے، نہری نظام بہتر بنانے، آبپاشی کو فروغ دینے اور دریائے نیل کے پانی سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کرنے کے لیے وسیع منصوبے شروع کیے گئے۔ اسی عہد میں عظیم سائنس دان ابن الہیثم کو نیل کے بہاؤ اور آبپاشی کے مسائل کے مطالعے کی ذمہ داری دی گئی۔ اگرچہ وہ اپنے منصوبے کو مکمل طور پر عملی جامہ نہ پہنا سکے، لیکن ان کی تحقیقات نے آبی انجینئرنگ اور زرعی منصوبہ بندی کی بنیادوں کو مضبوط کیا۔ فاطمی دور میں زراعت، آبپاشی اور زرعی پیداوار میں نمایاں ترقی ہوئی جس نے مصر کو مشرقِ اسلامی کی خوشحال ترین معیشتوں میں شامل کردیا۔

فاطمی ریاست کی کامیابی صرف فوجی طاقت یا جغرافیائی وسعت کا نتیجہ نہیں تھی بلکہ تین بنیادی اصول اس کی ترقی کے ستون بنے: زراعت، بین الاقوامی تجارت اور میرٹ و قابلیت کی بالادستی۔ فاطمیوں نے بحیرہ روم، یمن، ہندوستان اور افریقہ کو جوڑنے والے تجارتی راستوں پر غیرمعمولی توجہ دی اور قاہرہ دنیا کے بڑے تجارتی مراکز میں شمار ہونے لگا۔ اس سے بھی زیادہ اہم بات یہ تھی کہ فاطمی نظام میں مذہبی یا نسلی شناخت کی بجائے صلاحیت اور قابلیت کو اہمیت دی جاتی تھی۔ اس کی نمایاں مثال یعقوب ابن کلس ہیں، جو اصل میں یہودی النسل تھے، بعد ازاں اسلام قبول کیا، اور اپنی غیرمعمولی انتظامی صلاحیتوں کے باعث فاطمی خلافت کے طاقتور ترین وزراء میں شمار ہوئے۔ ان کی قیادت میں مالیاتی اصلاحات اور انتظامی استحکام نے فاطمی ریاست کو ایک مضبوط اقتصادی قوت میں بدل دیا۔ یہ وہ زمانہ تھا جب قابلیت کو نسب پر، اور علم کو تعصب پر فوقیت دی جا رہی تھی۔

فاطمی دور علمی اعتبار سے بھی اسلامی تاریخ کا درخشاں باب ہے۔ قاہرہ کی بنیاد، جامعہ الازہر کا قیام، عظیم الشان کتب خانے، دارالحکمۃ اور علمی مجالس نے اس دور کو علم و حکمت کا مرکز بنا دیا۔ مؤرخین کے مطابق فاطمی کتب خانوں میں لاکھوں مخطوطات موجود تھے جن میں فلسفہ، طب، فلکیات، ریاضیات، منطق، تاریخ اور مذہبی علوم کے نادر ذخائر محفوظ تھے۔

1094ء میں اٹھارویں اسماعیلی امام حضرت امام المستنصر باللہؑ کی وفات کے بعد جانشینی کا مسئلہ دوبارہ سامنے آیا۔ نزاری اسماعیلیوں نے امام نزارؑ کو برحق جانشین مانا جبکہ مصر میں المستعلی کے حق میں اقتدار استعمال کیا گیا۔ اسی اختلاف سے نزاری اور مستعلوی اسماعیلی روایات وجود میں آئیں۔
ادھر ایران میں حسن صباح پہلے ہی ایک فکری اور سیاسی تحریک کی بنیاد رکھ چکے تھے۔ انہوں نے 1090ء میں قلعۂ الموت فتح کرکے ایک ایسی ریاست قائم کی جو تقریباً ڈیڑھ صدی تک بڑی طاقتوں کے مقابلے میں قائم رہی۔ جدید محققPeter Willey نے اپنی کتاب عقاب کا آشیانہ(Eagle’s Nest) میں واضح کیا ہے کہ الموت محض عسکری قلعوں کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک منظم علمی اور تہذیبی نظام بھی تھا۔

تاہم تاریخ نے ایک اور سخت امتحان محفوظ کر رکھا تھا۔ 1256ء میں منگول فرمانروا ہلاکو خان نے الموت اور دیگر اسماعیلی مراکز پر حملہ کیا۔ اس موقع پر بعض مسلم حکمرانوں اور درباری اہلِ قلم نے بھی منگولوں کا ساتھ دیا۔ عطاملک جوینی، جو منگول دربار سے وابستہ تھے، نے اپنی مشہور تصنیف تاریخِ جہاں گشا میں اس تباہی کو کامیابی کے طور پر قلم بند کیا۔

فاطمی خلافت کا سیاسی خاتمہ اگرچہ 1171ء میں صلاح الدین ایوبی کے ہاتھوں ہوچکا تھا، لیکن اس کے اثرات صرف اقتدار کی تبدیلی تک محدود نہ رہے۔ متعدد تاریخی مآخذ میں ذکر ملتا ہے کہ فاطمی اداروں، کتب خانوں اور علمی ذخائر کو شدید نقصان پہنچا۔ قاہرہ کے عظیم کتب خانے، جن میں ہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں علمی نسخے محفوظ تھے، بکھر گئے، فروخت ہوئے، ضائع ہوئے یا تلف کردیے گئے۔ مسلمان صدیوں تک جن علمی ذخائر پر فخر کرتے تھے، ان کا بڑا حصہ ہمیشہ کے لیے تاریخ کے اندھیروں میں کھو گیا۔ یہ صرف اسماعیلیوں کا نقصان نہیں تھا، بلکہ پوری مسلم تہذیب کا نقصان تھا۔ قومیں جب سیاسی یا فرقہ وارانہ اختلافات میں اپنے علمی ورثے کو تباہ کرتی ہیں تو درحقیقت وہ اپنی آنے والی نسلوں کا مستقبل جلا دیتی ہیں۔

الموت کے سقوط کے بعد 1256ء سے 1817ء تک کا ساڑھے پانچ سو سالہ عرصہ اسماعیلی تاریخ کا طویل ترین دورِ ستر کہلاتا ہے۔ قلعے گر گئے، ریاست ختم ہوگئی، مگر امامت باقی رہی۔ ائمہ ایران کے مختلف علاقوں خصوصاً انجدان میں خاموشی سے اپنی جماعت کی رہنمائی کرتے رہے۔ یہی وہ دور ہے جس نے اسماعیلی روایت کو بقا، صبر اور خاموش استقامت کا درس دیا۔

1817ء میں امام حسن علی شاہ منصبِ امامت پر فائز ہوئے۔ قاجار فرمانروا فتح علی شاہ نے انہیں ’’آغا خان‘‘ کا خطاب دیا، اپنی بیٹی سروِ جہاں خانم کا عقد ان سے کیا اور اہم حکومتی مناصب عطا کیے۔ بعد ازاں ان کی وفات کے بعد ان کے فرزند محمد شاہ قاچار ایران کے بادشاہ بنے۔ ان کے ساتھ بعض سیاسی اختلافات کے باعث امام کو ایران چھوڑنا پڑا اور افغانستان، سندھ، کراچی اور جھرک کے راستے بمبئی پہنچنا پڑا جہاں امامت کا ایک نیا باب شروع ہوا۔
آغا خان دوم کی مختصر چار سالہ امامت کے بعد امام سلطان محمد شاہ آغا خان سوم منصبِ امامت پر جلوہ افروز ہوئے۔ ان کی 72 سالہ امامت جدید اسماعیلی تاریخ کی عظیم ترین امامتوں میں شمار ہوتی ہے۔ وہ آل انڈیا مسلم لیگ کے پہلے صدر رہے، برصغیر کے مسلمانوں کی سیاسی آواز بنے اور پاکستان کے قیام کے فکری و سیاسی معماروں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ ان کی ڈائمنڈ جوبلی کے نتیجے میں متعدد ڈائمنڈ جوبلی اسکول قائم ہوئے جنہوں نے ہزاروں بچوں کو تعلیم کی روشنی فراہم کی۔

1957ء میں امام شاہ کریم الحسینی آغا خان چہارم منصبِ امامت پر فائز ہوئے۔ ان کا تقریباً اڑسٹھ سالہ عہد ترقی، ادارہ سازی اور عالمی خدمت کا سنہرا دور ثابت ہوا۔ Aga Khan Development Network کے ذریعے تعلیم، صحت، ثقافت، دیہی ترقی اور انسانی فلاح کے بے شمار منصوبے دنیا بھر میں قائم کیے گئے۔

پھر 4 فروری 2025ء کو امام شاہ رحیم الحسینی آغا خان پنجم منصبِ امامت پر جلوہ افروز ہوئے اور پچاسویں امام کے طور پر اس عظیم روایت کی ذمہ داری سنبھالی۔

آج جب ہم اس چودہ سو سالہ پرخار اور پُراسرار سفر پر نگاہ ڈالتے ہیں تو دل دہل اٹھتا ہے اور عقل حیران رہ جاتی ہے کہ یہ داستان کتنی بار مٹ جانی چاہیے تھی! کربلا کی تپتی ریت پر یہ چراغ گل ہو جانا چاہیے تھا۔ فاطمی ایوانوں کے زوال کے ساتھ اس کی صدا خاموش ہو جانی چاہیے تھی۔ الموت کی برف پوش چوٹیوں کے انہدام کے بعد اس کا نام و نشان مٹ جانا چاہیے تھا۔ منگول تلواروں کی بے رحم جھنکار، خوں آشام حملوں، جلاوطنیوں کے عذاب، غربت کی سلگتی راکھ، گمنامی کے اندھیروں اور صدیوں کے ستر کی طویل، سسکتی خاموشیوں کے بعد تو اس قافلے کو تاریخ کے اوراق سے ہمیشہ کے لیے رخصت ہو جانا چاہیے تھا۔

مگر تاریخ کے سینے پر یہ معجزہ رقم ہوا کہ ہر طوفان تھم گیا، ہر آندھی سر پٹخ کر لوٹ گئی، قلعے ریزہ ریزہ ہو گئے مگر عقیدے کی چٹان نہ ہلی، سلطنتوں کے تاج اچھل گئے مگر امامت کا نور نہ بجھا، کتابیں راکھ ہو گئیں مگر علم کی شمع دلوں میں فروزاں رہی، راستے پتھرا گئے مگر امید کی لو تھرکتی رہی، اور سناٹوں نے چیخ چیخ کر گواہی دی کہ عشق و وفا کا یہ سلسلہ ٹوٹ نہیں سکتا!

شاید یہی اس صدیوں پر محیط المیے اور معجزے کا سب سے بڑا سبق ہے کہ جب پروردگار کسی قافلے کو ایک سچا مقصد اور زندہ ضمیر عطا کرتا ہے، تو اس کی نگہبانی اونچی فصیلوں، آہنی لشکروں یا زرّیں خزانوں سے نہیں کرتا، بلکہ اسے ایمان کی حرارت، صبر کی استقامت اور شکر کی حلاوت بخشتا ہے۔ فاطمی قاہرہ کی درخشندہ صبحوں سے لے کر الموت کی سرد چوٹیوں تک، انجدان کی گمنام وادیوں کی خاموش دعاؤں سے لے کر بمبئی کے ساحلوں کی نئی سحر تک، اور سب سے بڑھ کر الموت کے ملبے اور راکھ سے اٹھ کر آج کے باوقار دیوانِ امامت تک—یہ پورا سفر اس ابدی حقیقت کا زندہ ثبوت ہے کہ رات کتنی ہی سیاہ اور طویل کیوں نہ ہو، صبح کے قدم روکے نہیں جا سکتے اور تاریکی کبھی نور کو مکمل طور پر شکست نہیں دے سکتی۔

اور آج جب ایک دلِ دردمند پیچھے مڑ کر اپنی تاریخ کے بھرے زخموں، سہے گئے دکھوں اور آج عطا کی گئی نعمتوں کے اجالے کو بیک وقت دیکھتا ہے، تو اس کی آنکھوں میں محض غرور یا فخر نہیں اترتا، بلکہ ایک عجیب سی لرزش کے ساتھ شکر کے گرم آنسو بہنے لگتے ہیں۔ اس لیے کہ وہ جان لیتا ہے کہ یہ رفعت، یہ بقا اور یہ وقار کسی انسانی تدبیر یا ظاہری طاقت کا کرشمہ نہیں، بلکہ اس رحیم و کریم رب کی بے پایاں رحمت کا سایہ ہے، جس نے صدیوں کے ہر طوفان میں اپنے ہاتھوں سے ہدایت کے اس نازک مگر لازوال چراغ کو سینے سے لگا کر بجھنے نہیں دیا—کہ آپ کا اٹل وعدہ ہے: لَا يَمَسُّهُ إِلَّا الْمُطَهَّرُونَ (سوائے پاک لوگوں کے کوئی اسے چھو نہیں سکتا)۔

اور اسماعیلی نوجوانوں کو یہ بات کبھی نہیں بھولنی چاہیے کہ جب وہ اپنے امام کے قائم کردہ پاکیزہ اداروں اور ان کی خدمات پر گفتگو کریں، تو ان تاریخی نشیب و فراز، خونیں قربانیوں اور صدیوں کی محنت کو ضرور مدِ نظر رکھیں؛ کہیں ایسا نہ ہو کہ ہم آسانیوں کے عادی ہو کر ناشکری میں وہ سب کچھ فراموش کر بیٹھیں جو ہمارے اسلاف نے لہو اور آنسوؤں سے سینچ کر ہم تک پہنچایا ہے، اور کہیں ہماری زبان یا سوچ سے اس امانت و برکت کی ناقدری سرزد ہو جائے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

مراجع و حوالہ جات
1۔ القاضی النعمان، افتتاح الدعوۃ، قاہرہ: دارالمعارف۔
2۔ القاضی النعمان، دعائم الاسلام، قاہرہ: دارالمعارف۔
3۔ ناصر خسرو، سفرنامہ، مختلف اردو و فارسی مطبوعات۔
4۔ رشید الدین فضل اللہ ہمدانی، جامع التواریخ۔
5۔ عطاملک جوینی، تاریخِ جہاں کشا، خصوصاً جلد سوم، قلعۂ الموت اور اسماعیلی ریاست کے سقوط سے متعلق ابواب۔
6۔ ڈاکٹر فرہاد دفتری، اسماعیلی: تاریخ اور عقائد (The Ismailis: Their History and Doctrines)۔
7۔ ڈاکٹر فرہاد دفتری، اسماعیلیوں کی مختصر تاریخ (A Short History of the Ismailis)۔
8۔ مارشل جی۔ ایس۔ ہاجسن، فرقۂ حشاشین (The Order of Assassins)۔
9۔ ہائنز ہالم، فاطمی اور ان کی علمی روایات (The Fatimids and Their Traditions of Learning)۔
10۔ انسائیکلوپیڈیا برٹانیکا، “فاطمی خلافت”، فاطمی ریاست کے قیام، توسیع اور اسماعیلی شناخت کے حوالے سے مستند مضمون۔
11۔ امام جعفر صادقؑ کے بعد امامت کی جانشینی اور اسماعیلی۔اثنا عشری تقسیم پر ڈاکٹر فرہاد دفتری کی تحقیقات۔
12۔ “امام نزار بن المستنصرؑ” سے متعلق تاریخی مطالعات اور فاطمی جانشینی کا بحران۔
13۔ “امامِ مستودع اور امامِ مستقر” کے موضوع پر اسماعیلی تشریحات، بالخصوص حضرت امام حسنؑ کی حیثیت سے متعلق علمی مباحث۔
14۔ پیٹر ولی، عقاب کا آشیانہ: ایران اور شام میں اسماعیلی قلعے (Eagle’s Nest: Ismaili Castles in Iran and Syria)۔
15۔ ڈاکٹر فرہاد دفتری، اسماعیلیوں کے متعلق حشاشین کے افسانے (The Assassin Legends)۔
16۔ ولادیمیر ایوانوف، اسماعیلی ادب کا رہنما (A Guide to Ismaili Literature)۔
17۔ ولادیمیر ایوانوف، فاطمیوں کا عروج (The Rise of the Fatimids)۔
18۔ آغا خان اول حضرت امام حسن علی شاہؑ کی سوانح اور قاجار دور کے سیاسی حالات سے متعلق مطالعات۔
19۔ قاجاری ایران میں فتح علی شاہ، آغا خان اول، اور کرمان کی گورنری سے متعلق تاریخی ریکارڈ۔
20۔ سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوم، میموئرز آف آغا خان (Memoirs of Aga Khan)۔
21۔ کے۔ کے۔ عزیز، پاکستان کی تشکیل (The Making of Pakistan)۔
22۔ اسٹینلے والپرٹ، جناح آف پاکستان۔
23۔ آل انڈیا مسلم لیگ کی تاریخ اور سر سلطان محمد شاہ آغا خان سوم کے سیاسی کردار پر تحقیقی مطالعات۔
24۔ آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک (AKDN) کی سرکاری اشاعتیں اور رپورٹس، خصوصاً ترقی، تعلیم، صحت اور ثقافتی خدمات سے متعلق دستاویزات۔
25۔ خدمت کے پینسٹھ برس: آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کا جائزہ (AKDN in Retrospect: 65 Years of Service)۔
26۔ ڈاکٹر فرہاد دفتری (مدیر)، اسماعیلیوں کی جدید تاریخ: تسلسل اور تبدیلی (A Modern History of the Ismailis: Continuity and Change in a Muslim Community)۔