The Voice of Chitral since 2004
Monday, 16 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

لفظوں کا سفر: تقدیس سے تحقیر تک ! – تحریر: عبدالکریم کریمی

Chitral Times

لفظوں کا سفر: تقدیس سے تحقیر تک ! – تحریر: عبدالکریم کریمی

لفظوں کا سفر: تقدیس سے تحقیر تک ! – تحریر: عبدالکریم کریمی

لفظوں کا سفر: تقدیس سے تحقیر تک ! – تحریر: عبدالکریم کریمی

.

زبان صرف الفاظ کا مجموعہ یا گفتگو کا ذریعہ ہی نہیں، بلکہ یہ انسان کی تہذیبی، سماجی اور سیاسی ارتقا کی ایک زندہ دستاویز ہوتی ہے۔ الفاظ جامد نہیں ہوتے؛ وہ جانداروں کی طرح سانس لیتے ہیں، جنم لیتے ہیں، وقت کے ساتھ اپنا لباس اور رنگ بدلتے ہیں، اور بسا اوقات اپنے اصل معنی و مفہوم سے اتنے دور نکل جاتے ہیں کہ ماضی کی روشن تعبیریں حال کی تاریک تاویلوں میں گم ہو کر رہ جاتی ہیں۔ لغوی تبدیلی کا یہ عمل (Semantic Shift) اس بات کا ثبوت ہے کہ معاشرے کا اجتماعی زوال، سیاسی تحرک یا تکنیکی انقلاب کس طرح لغت کے تقدیس کو تحقیر میں اور سادگی کو پیچیدگی میں بدل سکتا ہے۔

لفظ ‘طالبان’ اس زبانی و سیاسی تبدیلی کی سب سے دلفریب اور المناک مثال ہے۔ نائن الیون (9/11) کے عالمی حادثے سے پہلے، یہ لفظ علم و حکمت سے جڑی ایک خوبصورت اور مقدس علامت ہوا کرتا تھا۔

عربی اور اردو لغت میں ‘طالب’ کا مطلب تلاش کرنے والا یا علم کا جویا ہے، اور اس کی جمع ‘طالبان’ یعنی علم کے تلاش کرنے والے پروانے۔ مجھے بخوبی یاد ہے کہ ماضی میں جب ہم اسکول سے پڑھ کر گھر لوٹتے تو گھر کے بڑے شفقت و محبت سے ایک دوسرے سے کہتے: “طالبان اسکول سے آ گئے ہیں، ان کے لیے کھانا لگاؤ۔” اس وقت ‘طالبان’ کا لفظ مامتا کی محبت، بزرگوں کی دعا اور علم کی جستجو کا خوبصورت استعارہ تھا۔ لیکن پھر 11 ستمبر کا حادثہ رونما ہوا، اور عالمی سیاست کے جبر نے اس لفظ کا مفہوم ہی بدل ڈالا۔ جو لفظ علم و ادب اور گھر کے آنگن کی رونق سے منسوب تھا، وہ خوف، شدت پسندی اور سیکیورٹی ڈسکورس کی علامت بنا دیا گیا۔ آج اگر کوئی یہ کہے کہ “طالبان ہمارے گھر میں ہیں”، تو سننے والے کی روح کانپ اٹھے گی۔۔۔ حالانکہ ماضی میں یہی جملہ گھر میں اسکول سے بچوں کی آمد اور رونق کی خبر ہوا کرتا تھا۔

اسی طرح بعض ایسے الفاظ ہیں جو بنیادی طور پر کسی قوم، پیشے یا تاریخی حقیقت کا نام تھے، مگر وقت کے سیاسی و سماجی تعصبات نے انہیں گالی میں ڈھال دیا۔ لفظ ‘کنجر’ اس کی روشن تاریخ اور دردناک زوال کی کہانی ہے۔ لغوی تحقیق کے مطابق یہ لفظ سنسکرت کے اصل مادے “کن-جرا” (Kan-Jara) سے ماخوذ ہے، جس کا بنیادی مفہوم “جنگل میں رہنے والے” یا “صحرا نورد” تھا۔ قدیم زمانے میں یہ ایک ایسی قبیلہ جاتی قوم تھی جو قدرتی ماحول میں رہتی تھی اور گائے بجائے، ناچ گانے اور لوک فنون کے ذریعہ اپنا گزر بسر کرتی تھی۔ یہ ان کی تہذیبی شناختی روایت تھی۔ مگر جوں جوں وقت گزرا، اشرافیائی فکر اور طبقاتی تعصب نے فن اور فنکاروں کو حقارت کی نگاہ سے دیکھنا شروع کیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ ایک پوری قوم کے نام اور ان کے پیشے کو تحقیر کا نشانہ بنایا گیا اور مرورِ زمانہ کے ساتھ لفظ ‘کنجر’ اپنی اصل لغوی شناخت کھو کر ایک گالی بن کر رہ گیا۔

لفظ ‘دلہ’ (یا دلا) کی تاریخی پیشرفت بھی اسی معاشرتی زوال کی ایک اور تلخ داستان ہے۔ تاریخِ زبان میں اس لفظ کے بنیادی مفہوم پر دو مختلف زاویوں سے روشنی ڈالی جاتی ہے۔ ایک تاریخی روایت کے مطابق قدیم ہند-آریائی اور مقامی زبانوں میں ‘دلال’ یا ‘دلہ’ کا لفظ وسطی اور تجارتی منڈیوں میں درمیانی فرد (Middleman) یا ایجنٹ کے لیے بولا جاتا تھا، جو دو فریقین کے درمیان سودا طے کرواتا تھا۔ جبکہ ایک اور لسانی روایت اسے فارسی اور ترکی زبان کے اثرات سے جوڑتی ہے جہاں “دلالت” یا راستہ دکھانے کے عمل سے یہ لفظ ماخوذ سمجھا گیا۔ لیکن بعد کے ادوار میں جب اخلاقی گراوٹ اور طوائف خانے کا کلچر ابھرا، تو جسم فروشی کی منڈی میں خرید و فروخت کا سودا کرانے والے درمیانی شخص کے لیے یہ لفظ استعمال ہونے لگا۔ معاشرے نے اس کام کی شناخت کو اس لفظ کے ساتھ ایسا پیوست کیا کہ رفتہ رفتہ ‘دلہ’ کا تجارتی مفہوم ختم ہو گیا اور یہ لفظ بے غیرتی، بے حمیتی اور شدید ترین اخلاقی تذلیل کی گالی بن کر رہ گیا۔

اگر ہم تاریخ کے اورراق اور پیچھے پلٹیں تو ایسے کئی اور الفاظ بھی ملتے ہیں جن کا سفر حیرت انگیز ہے۔ مثال کے طور پر لفظ ‘شوخ’ کو دیکھیے۔ آج ہم کسی چٹپٹے، زبردست، شریر یا رنگین مزاج شخص کو شوخ کہتے ہیں اور اسے ایک تعریف کا رنگ دیتے ہیں۔ جبکہ فارسی کی قدیم لغت میں ‘شوخ’ کا مطلب “گندا، میلا، یا بے حیا” ہوا کرتا تھا۔ وقت کے ساتھ اس کی غلاظت دھل گئی اور یہ ایک دلکش صفت بن گیا۔ اسی طرح لفظ ‘بدتمیز’ کو دیکھیے۔ عربی و اردو میں ‘تمیز’ کا مطلب فرق کرنے یا سلیقہ و عقل رکھنے کی صلاحیت ہے۔ ماضی میں بدتمیز کا مطلب صرف اتنا تھا کہ “جس میں اچھے اور برے کی تمیز یا فرق کرنے کی سمجھ نہ ہو” (یعنی نادان یا نا سمجھی میں مبتلا)۔ مگر آج یہ لفظ سیدھا اخلاقی حملے اور گالی کے طور پر بولا جاتا ہے۔

صرف ماضی ہی نہیں، بلکہ ہمارے آج کے جدید تکنیکی اور ڈیجیٹل دور نے بھی الفاظ کے معانی کی کایا پلٹ کر رکھ دی ہے۔ چند دہائیاں پہلے تک لفظ ‘وائرس’ (Virus) صرف طبی سائنس کا ایک لفظ تھا جو بیماری پھیلانے والے جرثومے کے لیے بولا جاتا تھا، مگر آج ڈیجیٹل دنیا میں وائرس کمپیوٹر کا وہ سافٹ ویئر ہے جو آپ کا ڈیٹا تباہ کر دیتا ہے۔ لفظ ‘ٹرول’ (Troll) پہلے یورپی لوک کہانیوں اور پریوں کی داستانوں کے ان خبیث دیوؤں اور بھوتوں کو کہا جاتا تھا جو غاروں میں رہتے تھے؛ لیکن آج ڈیجیٹل میڈیا پر ٹرول وہ شخص ہے جو سوشل میڈیا پر آپ کی تذلیل کرتا ہے یا دانستہ طور پر آپ کو اشتعال دلاتا ہے۔ لفظ ‘وائرل’ (Viral) کا مطلب ماضی میں کسی وبا کا پھیلنا تھا، مگر آج کسی ویڈیو، تصویر یا تحریر کی لمحوں میں کروڑوں لوگوں تک رسائی کو ‘وائرل ہونا’ کہا جاتا ہے۔۔۔ یعنی بیماری کی علامت اب مقبولیت اور کامیابی کا معیار بن چکی ہے!

الفاظ کی یہ داستاں ہمیں ایک بہت ہی گہرا اور سبق آموز درس دیتی ہے۔ الفاظ بذاتِ خود نہ شریف ہوتے ہیں اور نہ شریر، نہ مقدس ہوتے ہیں اور نہ ملعون؛ یہ تو انسان کا اپنا کردار، اس کا اجتماعی رویہ، اور اس کا سیاسی و سماجی ذہن ہوتا ہے جو لفظوں میں روح پھونکتا ہے یا ان کا دم گھونٹ دیتا ہے۔ جب کوئی معاشرہ علمی زوال، اخلاقی تنزلی اور نفرت کا شکار ہوتا ہے تو وہ خوبصورت سے خوبصورت اور مقدس سے مقدس لفظوں کی روح کو بھی مسخ کر کے انہیں گالی اور نفرت کا ہتھیار بنا دیتا ہے۔ اور جب کوئی قوم علم، حکمت، برداشت اور مثبت فکر کو اپنا شعار بناتی ہے تو وہ معمولی الفاظ کو بھی فن اور تہذیب کا شاہکار بنا دیتی ہے۔ الفاظ کا زوال دراصل انسانی فکر اور معاشرتی اخلاقیات کے زوال کا آئینہ دار ہے۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہماری زبان اور ہماری لغت کے الفاظ خوبصورتی، حرمت اور امن کا پیغام دیتے رہیں، تو ہمیں سب سے پہلے اپنے دلوں، اپنے رویوں اور اپنے فکر و نظر کو خوبصورت بنانا ہوگا۔۔۔کیونکہ لفظ تو صرف وہی عکس دکھاتے ہیں جو ہم اپنے وجود کے اندر سنبھالے بیٹھے ہوتے ہیں۔