جشنِ شندور 2026 کی تیاریاں تیز، مختلف محکموں کو اہم ذمہ داریاں سونپ دی گئیں
.
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) جشنِ شندور پولو فیسٹیول 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ونگ کمانڈر 144 ونگ مستوج، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنر مستوج، مختلف محکموں کے سربراہان اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں جشنِ شندور کو شایانِ شان انداز میں منعقد کرنے کے لیے مختلف انتظامی، سیکیورٹی اور عوامی سہولتوں سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے این ایچ اے کو شندور روڈ کی مرمت، ملبہ ہٹانے اور اسفالٹنگ کا کام فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ مقررہ مدت میں کام شروع نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ حکام اور ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس میں محکمہ صحت کو شندور میں طبی سہولیات، ماہر ڈاکٹروں اور ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنانے، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو صاف پانی کی فراہمی برقرار رکھنے، جبکہ ریسکیو 1122 کو ایمرجنسی اور فرسٹ ایڈ سروسز مہیا کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔
تحصیل میونسپل انتظامیہ کو صفائی، ویسٹ مینجمنٹ اور فائر بریگیڈز کی تیاری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ لیویز فورس کو سیکیورٹی کے ساتھ دیگر انتظامی امور میں معاونت کی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔
اجلاس میں سیاحوں کی سہولت کے لیے مختلف مقامات پر ٹورسٹ فسیلیٹیشن سینٹرز قائم کرنے، پٹرولیم مصنوعات کی وافر دستیابی، بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور ضرورت پڑنے پر سرکاری سکولوں کو رہائش کے لیے استعمال کرنے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد عمران خان نے تمام متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ جشنِ شندور 2026 کے کامیاب انعقاد کے لیے باہمی تعاون، مؤثر رابطہ کاری اور بروقت اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یادرہے کہ جشن شندور امسال جولائی کے بجائے جون کے مہینے میں منعقد کیاجارہاہے ، انتظامیہ کی طرف سے جاری پریس نوٹ کے مطابق اس سال سہ روزہ جشن شندور 11جون کو شروع ہوکر 13 جون 2026 کو اختتام پذیر ہوگا۔


