ڈپٹی کمشنر اپر چترال عمران خان کا شندور پولو گراونڈ کا دورہ، فیسٹول کے انتظامات کا جائرہ
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے آج ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ شندور کا تفصیلی دورہ کیا اور جشنِ شندور پولو فیسٹیول 2026 کے حوالے سے جاری تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال، اسسٹنٹ مستوج اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مستوج بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے شندور پولو گراؤنڈ، مختلف بلاکس، خیموں کی تنصیب، باڑ لگانے کے کام، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، پورٹیبل باتھ رومز، صفائی کے نظام اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ فیسٹیول میں اب کم وقت باقی رہ گیا ہے، اس لیے تمام انتظامات کو بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے لیویز فورس اور دیگر متعلقہ اداروں کے اہلکاروں کو ہدایت جاری کی کہ خیموں کی تنصیب، فینسنگ، صفائی اور عوامی سہولیات کے تمام امور کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ جشنِ شندور کے دوران سیاحوں، کھلاڑیوں اور شرکاء کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے باقی ماندہ سہولیات کی جلد تکمیل اور انتظامات کو حتمی شکل دینے پر بھی زور دیا۔


