روز چترال کی طرف سے گزشتہ سال 121 مستحق اور ہونہار طلبہ کو تین کروڑ تنتالیس لاکھ چھیاسٹھ ہزارروپے کے سکالرشپ جاری
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) روز چترال نے تعلیمی سال 2024-2025 کے لیے مجموعی طور پر Rs. 34,366,440 (تین کروڑ تنتالیس لاکھ چھیاسٹھ ہزار چار سو چالیس روپے) کے اسکالرشپس تقسیم کیے ہیں۔ ان وظائف سے چترال کے 121 مستحق اور ہونہار طلبہ کو پاکستان کی بہترین جامعات میں تعلیم جاری رکھنے کا موقع ملا ہے۔
یہ عظیم کامیابی ہمارے پارٹنر اداروں اور مخیر حضرات کے تعاون کے بغیر ممکن نہ تھی: روز کوٹہ پروگرام کے تحت دی جانے والی تمام اسکالرشپس ہمارے پارٹنر تعلیمی اداروں کی طرف سے فراہم کی گئی ہیں۔ ہم اقراء یونیورسٹی اسلام آباد، سیکاز یونیورسٹی، رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی، اباسین یونیورسٹی، یو ایم ٹی لاہور، اور قرطبہ یونیورسٹی سمیت دیگر تعلیمی اداروں کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے بھاری مالی رعایت کے ذریعے ہمارے طلبہ کے لیے اعلیٰ تعلیم کی راہیں ہموار کیں۔
خصوصی اسکالرشپ پروگرامز میں بہت سے طلبہ کی تعلیم ہمارے معزز اسپانسرز کے عطیات سے ممکن ہوئی ہے۔ ان میں صغراء نذیر سہیل میموریل (SNSM) اسکالرشپ کے تحت لمز (LUMS) لاہور اور آغا خان یونیورسٹی کراچی جیسے اداروں میں زیر تعلیم طلبہ کی مالی معاونت کی گئی۔ خالد بن ولی (KBWM) اسکالرشپ کے ذریعے فرنٹیئر لا کالج جیسے اداروں میں طلبہ کو سپورٹ فراہم کی گئی۔ ہم ڈاکٹر سردار عالم میمورئیل اسکالرشپ اور شہناز کائے اسکالرشپ کے ڈونرز کے بھی تہہ دل سے شکر گزار ہیں جن کے تعاون سے طلبہ کے تعلیمی اخراجات پورے کیے جا رہے ہیں۔
اس کے علاوہ مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں (جیسے گورنمنٹ کالج چترال، یو ای ٹی، اور میڈیکل کالجز) میں زیر تعلیم طلبہ کو دی جانے والی نقد امداد ہمارے دوسرے معزز عطیہ دہندگان (General Donors) کے تعاون سے ممکن ہو پائی ہے، جو تعلیم کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
تعلیم کے ذریعے تبدیلی کو اپنا شعار بناتے ہوئے آج ہمارے بچے طب (MBBS)، انجینئرنگ، سافٹ ویئر ٹیکنالوجی، قانون اور نرسنگ جیسے شعبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ یہ صرف ایک اسکالرشپ نہیں بلکہ چترال کے مستقبل میں ایک سرمایہ کاری ہے، جس کا ثمر پورے علاقے کی ترقی کی صورت میں ملے گا۔
روز چترال کی طرف سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ تعلیم کے اس مشن میں ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ چترال کے بہت سے باصلاحیت بچے اب بھی مالی مشکلات کی وجہ سے اپنی تعلیم ادھوری چھوڑنے پر مجبور ہیں۔ ہم آپ سے اپیل کرتے ہیں کہ روز چترال کے اس کار خیر میں ہمارا ساتھ دیں اور عطیات کے ذریعے کم از کم ایک طالب علم کا بوجھ بانٹیں۔ تعلیم کی اس مہم کو عام کریں تاکہ کوئی بھی بچہ وسائل کی کمی کی وجہ سے علم سے محروم نہ رہے۔
آپ کا ایک چھوٹا سا تعاون کسی کی زندگی بدل سکتا ہے۔ آئیے مل کر چترال کو علم کی روشنی سے منور کریں۔
نوٹ: اس رپورٹ میں دئیے گئے اعداد و شمار صرف دو سال (جنوری 2024 تا دسمبر 2025) کے ہیں۔

