وزیراعظم انسپکشن ٹیم کا چترال بونی مستوج، شندور روڈ کامعائنہ، کام کی رفتاراور معیار کا جائزہ، عمائدین علاقہ سے ملاقات، دسمبرتک چترال بونی روڈ مکمل کرنیکی یقین دہانی
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیراعظم کی خصوصی انسپکشن ٹیم نے جمعرات کے دن اپرچترال کا دورہ کیا، اور چترال مستوج شندور روڈ پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، جس کے بعد ٹی ایم اے آفس مستوج (بونی ) میں عمائدین علاقہ سے ملاقات کی، انسپکشن ٹیم کی قیادت ظاہر شاہ کررہے ہیں، جس کے ہمراہ سینٹر محمد طلحہ محمود ، این ایچ اے حکام، روڈ کانسلٹنٹ ، ڈی سی و ڈی پی او اپرچترال کے علاوہ مختلف پارٹیوں کے نمائندگان موجود تھے، سینٹر محمدطلحہ محمود، تحصیل چیئرمین مستوج سردار حکیم ،پی ایم ایل این رہنما محمد کوثر ایڈوکیٹ، پرنس سلطان الملک سابق ایم پی اے حاجی غلام محمد ودیگر نے بھی خطاب کیا، اور زیر تعمیر چترال بونی مستوج شندور روڈ کے مسائل تفصیل سے کمیشن کے سامنے رکھا،
اجلاس میں سڑکوں کی تعمیر میں سست روی، زمینات پر ملبہ پھینکنے، فصلوں، درختوں اور ایریگشن نہروں کو نقصان، اور گردوغبار کے باعث صحت و زراعت پر منفی اثرات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ عوام نے ان مسائل پر کھل کر آواز بلند کی۔
چیئرمین انسپکشن ٹیم نے شرکاء کو یقین دلایا کہ کام کی رفتار اور معیار کی ماہانہ بنیاد پر نگرانی کی جائے گی۔ متعلقہ محکموں اور ٹھیکہ داروں کو ہدایت دی گئی کہ عوامی املاک و زراعت کو نقصان سے بچایا جائے اور گردوغبار کم کرنے کے لیے روزانہ دو مرتبہ پانی کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جائے۔ظاہر شاہ نے کہاکہ ہم فروری ۲۰۲۵ سے اسی روڈ سے منسلک ہوئے ہیں جس کے بعد کام کی معیار اور رفتار کا خود ہی جائزہ لے سکتے ہیں، انھوں نے کہا کہ دسمبر ۲۰۲۵ تک چترال بونی روڈ پر کام مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کررہے ہیں،
انہوں نے اعلان کیا کہ چترال-بونی-مستوج-شندور روڈ پر اسفالٹ بچھانے کا کام 30 اکتوبر 2025 تک مکمل کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر اپر چترال حسیب الرحمن خان خلیل نے اس موقع پر کہا کہ علاقے کی ترقی کا دار و مدار ان سڑکوں کی معیاری تعمیر پر ہے جس سے اپر چترال کی معیشت، ثقافت اور طرزِ زندگی میں بہتری آئے گی۔
اس سے قبل وزیراعظم کی خصوصی انسپیکشن ٹیم نے لوئیر چترال کا دورہ کیا، وزیراعظم پاکستان کی خصوصی انسپیکشن ٹیم نے چترال میں روڈ کے تعمیراتی کام میں اب تک پیشرفت, حائل رکاوٹوں اور مسائل کا جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں انسپیکشن ٹیم کے سربراہ ظاہر شاہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام، انتظامی افسران، نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) کے متعلقہ افسران ، لائن ڈپارٹمنٹس کے سربراہان اور آل پارٹیز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں چترال کی رابطہ سڑکوں پر جاری کام، کام میں پیش آنے والی رکاوٹوں اور دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انسپیکشن ٹیم کو تمام مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
انسپیکشن ٹیم نے یقین دہانی کرائی کہ وہ تمام مقامات کا دورہ کرکے حتمی رپورٹ تیار کرے گی اور اسے وفاقی حکومت کو پیش کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد روڈز میں کام کی رفتار کو مزید تیز کرنا ہے تاکہ یہ منصوبہ بروقت پایہ تکمیل تک پہنچ جاۓ۔انسپکشن ٹیم لواری ٹنل سے چترال کی طرف زیر تعمیر ٹنل اپروچ کا بھی معائنہ کیا، اور کام کو معیار، مقدار اور مقررہ وقت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی۔

