Chitral Times

May 17, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سستی ترین ڈیجیٹل سکریننگ ٹیکنالوجی کی مدد سے عوام کوعلاج معالجہ کی سہولیات فراہمی قابل فخر اقدام ھے, گورنر حاجی غلام علی

Posted on
شیئر کریں:

سستی ترین ڈیجیٹل سکریننگ ٹیکنالوجی کی مدد سے عوام کوعلاج معالجہ کی سہولیات فراہمی قابل فخر اقدام ھے, گورنر حاجی غلام علی

پہلا ایک ہفتہ عوام کا مفت علاج کیا جائے، ڈیجیٹل مشین کلینکس منصوبہ پورے صوبے کے غریب عوام کو میسر ہونا چاہیئے ، گورنر حاجی غلام علی

گورنر خیبر پختونخوا کا گلبہار پشاور میں ڈیجیٹل مشین اسکریننگ ٹیلی کلینک کا افتتاح،میئر پشاور حاجی زبیر علی ، سابق صوبائی وزیر امان اللہ حقانی اور چیئرمین گلبہار عمران نوید و دیگر کی تقریب میں شرکت

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور میئر پشاور حاجی زبیر علی نے اتوار کے روز بیماریوں کی تشخیص اور علاج معالجہ کے لیے پشاور کے علاقہ گلبہار میں جدید ترین ٹیکنالوجی کی ڈیجیٹل سکریننگ مشین کلینک کا افتتاح کردیا، افتتاحی تقریب میں پاکستان کے قابل ڈاکٹروں اور سائنسدانوں کی تخلیق کردہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ڈیجیٹل سکریننگ مشین کلینک کا آغاز کیا گیا جس سے بیماری کی تشخیص اور علاج اب بے تحاشا اخراجات کئے بغیر کم وقت میں بغیر کسی مشقت کے کیا جا سکے گا، غریب عوام اب ہزاروں روپوں کے ٹیسٹ اور ڈاکٹرز فیسوں سے محفوظ رہینگے اور علاج معالجہ بھی آن دی سپاٹ کیا جائیگا، تقریب میں سابق صوبائی وزیر مولانا امان اللہ حقانی ، سابق ضلع ناظم حاجی عمر، سینیئر تاجر رہنما ملک مہر الہی، حاجی وحید خان آٹا ڈیلرز کے پی کے صدر، بزنس کنسلٹنٹ فضیل قمر، چیئرمین گلبہار عمران نوید اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ گورنر حاجی غلام علی اور میئر پشاور حاجی زبیر علی کو جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے صرف ایک کلک پر بیماریوں کی تشخیص، ٹیسٹ ، بصارت کی سکریننگ،بلڈ پریشر،شوگر،ای سی جی،الٹراساونڈ وغیرہ اور آن لائن قابل ترین ڈاکٹرز سے موقع پر علاج کو یقینی بنانے والی ڈیجیٹل مشین بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 

بریفنگ میں بتایا گیا کہ مذکورہ مشین کے موجد پاکستانی ڈاکٹرز و سائنسدان ہیں جنہوں نے اپنے امریکی دوست سائنسدانوں کے ساتھ مل کر اس مشین کو ہیلتھ کلینک اور ہسپتال کی او پی ڈی سے بھی زیادہ موثر و کار آمد بنایا۔ چیئرمین گلبہار عمران نوید نے بتایا کہ یہ ڈیجیٹل ٹیلی کلینک امریکہ ، دبئی ، ساؤتھ افریقہ جیسے ممالک اور پاکستان میں دیگر صوبوں میں کامیابی سے عوام کو سستی ترین صحت سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔تقریب سے خطاب میں گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ یہ جدید مشین اور ٹیلی کلینکس پورے صوبے میں قائم کیے جائیں تاکہ خیبرپختونخوا کے تمام غریب عوام اس سہولت سے مستفیدہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی ترقی کی وجہ سے پوری دنیا ڈیجیٹلائزیشن کی طرف جارہی ہے-جس کو غریب عوام کے مفاد میں بہتر استعمال میں لا سکتے ہیں-انہوں نے کہا کہ صرف ایک کلک اور مختصر سی فیس میں یہ ٹیلی کلینک غریب عوام کو بہترین صحت سہولیات کی فراہمی دکھی انسانیت کی خدمت ھے۔ گورنر نے عوامی دلچسپی اور رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کو دیکھتے ہوئے منتظمین سے مطالبہ کیا کہ کلینک میں پہلا ایک ہفتہ مفت صحت سروس فراہم کی جائیں، جس پر گلبہار کے مکینوں نے گورنر کا شکریہ ادا کیا۔

 

 

گورنر نے مزید کہا کہ وہ لوگ خوش قسمت ہوتے ہیں جو مخلوق خدا کی بھلائی کے کاموں میں توانائی صرف کریں، دین اسلام اور نبی کریم ص کی زندگی ہمیں یہی سکھاتی ہے کہ مخلوق خدا کی خدمت میں ہمہ وقت مصروف عمل رہا جائے، انکا کہنا تھا کہ یہ ٹیلی کلینک پشاور کی عوام کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں۔ گورنر نے واضح کیا کہ بطور انسان دوسرے انسان کے ساتھ ہمدردی کی جائے اور بلا تفریق رنگ و نسل کی جائے، گورنر نے پیغام دیا کہ اس افراتفری کے دور میں معاشرتی و سماجی زندگی کو جنت نظیر بنانے اپنا کردار ادا کریں تاکہ آپ کا نام ہمیشہ کیلئے زندہ رہے۔ گورنر نے مولانا جلال الدین رومی کاحوالہ دیتے ہوئے کہا کہ خدا تک پہچنے کے بہت راستے ہیں لیکن میں نے خدا کا پسندیدہ راستہ مخلوق کی مدد اور خدمت کا چنا ھے اس موقع پر میئر پشاور حاجی زبیر علی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پشاور کے مکینوں کا ہم پر حق ہے اور والد کی طرح میں بھی ہر قدم پشاور کی عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی و خوشحالی کے لیے ہی اٹھاونگا٫ اس کار خیر میں جس مدد کی ضرورت ہو پورا کیا جائے گا میئر کا کہنا تھا کہ جس طرح سٹی میٹرو پولیٹن گورنمنٹ کو باوجود تمام تر روکاوٹوں کے کامیابی سے چلا کر دکھایا اسی طرح تعلیم و صحت کے شعبوں میں بھی سرکاری سطح کے ساتھ ساتھ ذاتی حیثیت میں بھی ایسے منصوبوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ غریب عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف یقینی بنایا جا سکے۔ سابق صوبائی وزیر امان اللہ حقانی اور چیئرمین عمران نویدنے گورنر اور میئر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جس طرح سے عوام کے لیے خلوص نیت سے کام کیا جارہا ہے اسی طرح صوبے اور شہر پشاور کے منتخب بلدیاتی نمائندے اور بزنس کمیونٹی سمیت سیاسی و سماجی افراد اور تنظیمیں بھی گورنر اور میئر کا ساتھ دے کر عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔

 

 

 

 گورنر کی سینئر صحافی نثار احمد شاکر کی نماز جنازہ میں شرکت, مرحوم کے فرزند آصف نثار سے اظہار تعزیت 

پشاور (چترال ٹائمزرپورت ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی اور مئیر پشاور حاجی زبیر علی نے اتوار کے روز آسیہ گیٹ پشاور میں مرحوم بزرگ صحافی نثار احمد شاکر کی نمازجنازہ میں شرکت کی.گورنر اور مئیر پشاور نے نماز جنازہ ادائیگی کے بعد مرحوم کے فرزند سینئر صحافی آصف نثار سے ان کے والد کی وفات پر تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی. گورنر نے کہا کہ مرحوم بزرگ صحافی نثار احمد شاکر کی صحافتی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا.#
chitraltimes governor kp haji ghulam ali condolence with senior journalist asif nisar

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
86416