Chitral Times

May 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا میں گزشتہ دو سال سے زکوٰۃ کا ایک روپیہ بھی تقسیم نہیں کیا گیا، مشیر وزیراعلی مشال یوسفزئی کوبریفنگ

Posted on
شیئر کریں:

خیبرپختونخوا میں گزشتہ دو سال سے زکوٰۃ کا ایک روپیہ بھی تقسیم نہیں کیا گیا، مشیر وزیراعلی مشال یوسفزئی کوبریفنگ

پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے عشر و زکوٰۃ، سماجی بہبود اور ویمن ایمپاورمنٹ مشال اعظم یوسفزئی کی زیر صدرات محکمہ عشر و زکوٰۃ، سماجی بہبود اور ویمن ایمپاورمنٹ خیبرپختونخوا کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر انیلا محفوظ اور دیگر اعلیٰ حکام نے مشیر مشال یوسفزئی کو محکمہ جاتی امور پر بریفنگ دی. اس موقع پر مشیر وزیراعلی مشال یوسفزئی کو محکمے کے مینڈیٹ، منصوبوں، بجٹ اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا گیا. متعلقہ حکام نے مشیر وزیراعلی مشال یوسفزئی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ویمن ایمپاورمنٹ کے حوالے سے اس وقت صوبے میں 10 دارلامان، صنفی تشدد کے خلاف 1 بولو ہیلپ لائن، 121 انڈسٹریل ٹریننگ سنٹرز، اور 25 ویمن فیسلیٹیشن مراکز قائم ہیں. ان کو مزید بتایا گیا کہ صوبے میں بچوں کے تحفظ کے لیے 12 چائلڈ ویلفئیر ہومز جبکہ 4 زمونگ کور مراکز قائم ہیں جبکہ چائلڈ ویلفئیر ہومز میں اس وقت 189 بچے خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں. زمونگ کور میں اس وقت 995 بچوں کو خدمات فراہم کی جا رہی ہیں. مشیر وزیراعلی مشال یوسفزئی کو بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ خیبرپختونخوا میں اس وقت 11 پناہ گاہیں قائم ہیں جہاں 84،159 مستحق افراد خدمات سے مستفید ہو رہے ہیں جبکہ نشے میں مبتلا افراد کے علاج معالجے کے لیے 13 بحالی مراکز بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں 3249 نشئی افراد زیر علاج ہیں. بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ صوبے میں بھکاریوں کو با عزت شہری بنانے کے لیے 3 دارلاکفالہ مراکز قائم ہیں. خیبرپختونخوا میں قائم دارلاکفالوں میں مجموعی طور پر 853 بھکاری زیر نگرانی ہیں. زکوٰۃ کے حوالے سے مشیر وزیراعلی کو بتایا گیا کہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ دو سال سے زکوٰۃ کا ایک روپیہ تقسیم نہیں کیا گیا، گزشتہ دو سال سے خیبرپختونخوا زکوٰۃ و عشر کونسل نہ ہونے کی وجہ سے زکوٰۃ تقسیم نہیں ہوئی. حکام نے بتایا کہ خیبرپختونخوا زکوٰۃ و عشر کونسل کے امور کو چلانے کے لیے کونسل کے قیام کی سمری تیار ہے. اجلاس کے شرکاء کو ہدایات جاری کرتے ہوئے مشیر وزیراعلی خیبرپختونخوا مشال یوسفزئی نے کہا ضلع خیبر میں قائم پناہ گاہ کو ایسی جگہ پر بنایا جائے جو سب کے لیے قابل رسائی ہو. انہوں نے کہا کہ ضلع خیبر میں قائم پناہ گاہ میں افغان بہن بھائیوں کو ترجیحی بنیادوں پر رہائش دی جائے. زکوٰۃ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مستحقین کو زکوٰۃ کی ادائیگیوں میں خرد برد مکمل طور پر ناقابلِ برداشت ہے. اس سلسلے میں محکمہ سوشل ویلفیئر صوبے میں مستحق افراد کا ڈیٹا اکھٹا کریں. انہوں نے مزید ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا زکوٰۃ و عشر کونسل ایشو کو جلد از جلد حل کر لیا جائے. گزارہ الاؤنس بارے مشیر وزیراعلی مشال یوسفزئی نے ریمارکس دیئے کہ گزارہ الاؤنس کا از سر نو جائزہ لینے ضرورت ہے. مالی طور پر کمزور افراد کے لیے گزارہ الاؤنس کو مزید جاندار بنائیں گے


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
86230