Chitral Times

May 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعظم محمد شہبازشریف کاملک میں حالیہ بارشوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ، زخمیوں کے لئے 5لاکھ روپے فی کس امداد کااعلان

Posted on
شیئر کریں:

وزیراعظم محمد شہبازشریف کاملک میں حالیہ بارشوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ، زخمیوں کے لئے 5لاکھ روپے فی کس امداد کااعلان

گوادر( چترال ٹائمزرپورٹ)وزیراعظم محمد شہبازشریف نے ملک میں حالیہ بارشوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20 لاکھ جبکہ زخمیوں کو 5لاکھ روپے فی کس امداد کااعلان کرتیہوئے کہا ہے کہ بارش سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیاجائیگا، متاثرین کی آبادکاری تک امداد جاری رکھیں گے، عوام کی خدمت حکومت کا فرض ہے، مکمل تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کو ساڑھے 7 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائیگا۔ منگل کو وزارت اعظمیٰ کا حلف اٹھانے کے اگلے ہی روز وزیراعظم شہبازشریف نے حالیہ طوفانی بارشوں سے متاثرہ گوادر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔وزیرِ اعظم نے دوران پرواز چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے گوادر اور جنوبی بلوچستان میں حالیہ طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی کاروائیوں پر بریفنگ لی۔وزیرِ اعظم کو ملک کے دیگر علاقوں میں نقصانات اور متاثرین کی مدد کیلئے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ کے ذریعے قدرتی آفات کے وقت سے پہلے تعین کے لئے نظام وضع کیا جائے۔ متاثرہ مواصلاتی ڈھانچے کی بحالی اور نجی املاک کے نقصانات کے تفصیلی جائزے پر جلد رپورٹ پیش کی جائے۔ حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی مدد و بحالی کیلئے ایک جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے۔متاثرین کے ریسکیو و مدد میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔

 

 

بعد ازاں وزیراعظم نے متاثرین کے لئے قائم خیمہ بستی میں متاثرین میں امدادی سامان اور چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو بارشوں سے ہونیوالے نقصانات کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم کو بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں سے گوادر میں 3100گھر متاثر ہوئے۔ جیوانی میں 125، پسنی میں 25، سنسر میں 260 گھروں کو نقصان پہنچا۔ 93گھر مکمل تباہ ہو گئے۔ بارشوں سے 200 جانوروں کو نقصان پہنچا۔19 متاثرہ شاہراہیں بحال کر دی گئی ہیں۔ دور درازعلاقوں میں نیوی اور حکومت بلوچستان کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے امدادی سامان پہنچایا گیا۔ متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے آرمی اور سول اداروں کی جانب سے میڈیکل کیمپ لگائے گئے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہبازشریف نے متاثرین اور میڈیا سے بات چیت کرتیہوئے کہا کہ 26 فروری کو طوفانی بارشوں میں گوادر اور بلوچستان کے دوسرے حصوں میں تباہی پھیلائی۔اللہ کا شکر ہے گوادر میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بلوچستان میں 5 افراد جاں بحق ہوئے ان کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتیہیں۔ زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہیں۔انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان کو حلف اٹھانے کے فوری بعد متاثرہ علاقے گوادر پہنچنے پر خراج تحسین پیش کرتیہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مشکل وقت میں فوری یہاں پہنچے اور متاثرین کی اپنی بساط کے مطابق امداد کی۔ یہ کوئی احسان نہیں بلکہ بطور منتخب حکومت ہمارا فرض ہے۔ ہم متاثرین کے ساتھ کھڑیہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں تمام نقصانات کا ازالہ کریں گے۔

 

انہوں نے پاک فوج، نیوی، کوسٹ گارڈ، پی ڈی ایم اے سندھ کا شکریہ اداکیا جنہوں نے متاثرین کو امدادی سامان پہنچانے، پانی کے اخراج اور ریلیف کے کاموں فوری معاونت کی۔حکومت بلوچستان اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کا سراہا۔انہوں نے کہا کہ مصیبت میں اپنے بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا حکم ہمارا مذہب بھی دیتا ہے،اس فریضہ کی ادائیگی میں کوئی کوتاہی نہیں برتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2022 میں موسمیاتی تبدیلیوں سے ان علاقوں میں طوفانی بارشو ں اور سیلاب سے بڑا نقصان ہوا، ہم اس وقت ہر متاثرہ جگہ پہنچے اور وفاقی حکومت نے متاثرین میں 100 ارب روپے تقسیم کئے۔ ہم نے اپنی بساط اور دوست ممالک کے تعاون سے انصاف اور شفاف طریقے سے متاثرین تک امداد پہنچائی۔انہوں نے کہاکہ حالیہ طوفانی بارشوں میں ملک بھر میں 44 افراد جاں بحق ہوئے۔ اللہ ان کی مغفرت فرمائے۔ ہر جاں بحق فرد کی فیملی کو 20 لاکھ، زخمی کو 5 لاکھ جبکہ تباہ شدہ گھر کے مالک کو ساڑھے 7 لاکھ روپے معاوضہ دیں گے۔ انہوں نے حالیہ امدادی کاررائیوں میں بھرپور کارکردگی کے حامل اداروں کے ملازمین اور ریلیف اور بحالی کے کاموں میں مصروف لوگوں کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔

 

عمران خان نے پیغام دیا ہے ووٹ چوری کرنے والوں سے ہرگز مفاہمت نہیں ہوگی، علیمہ خان

راولپنڈی(سی ایم لنکس) بانی پی ٹی آئی کی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے پیغام دیا ہے کہ جنہوں نے ووٹ چوری کیے ہیں ان کے ساتھ مفاہمت نہیں ہوگی، اگر چوروں سے مفاہمت کرنی ہے تو جیلوں کے دروازے کھول دیں۔اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا ٹاک میں انہوں ں ے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ مفاہمت ہو بالکل اس طرح جیسے نیلسن منڈیلا نے مفاہمت کی تھی، جنہوں نے ووٹ چوری کیے ہیں ان کے ساتھ مفاہمت نہیں ہوگی، اگر چوروں سے مفاہمت کرنی ہے تو جیلوں کے دروازے کھول دیں۔انہوں ں ے کہا کہ پچھلے ایک سال سے نمل یونیورسٹی کا پروجیکٹ جاری تھا 9 مئی کے بعد سارے ٹھیکے داروں کو بھگا دیا گیا، فلاحی ادارے میں 95 فیصد بچے فری پڑھ رہے ہیں اب ہماری کوشش تھی کہ 200 طالبعلموں کے لیے رہائش گاہیں بنالیں، وزیراعلی کی ذمہ داری ہے اب کوئی ٹھیکے داروں کو تنگ نہ کرے اگر کوئی تنگ کرے گا تو خبردار کرتے ہیں ہم یونیورسٹی کے باہر احتجاج کریں گے۔دریں اثنا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد بیرسٹر عمیر نیازی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے خواتین کو سیاست میں نمائندگی دی الیکشن کمیشن کے فیصلے سے کے پی کے خواتین کے حق پر ڈاکا مارا گیا، بانی پی ٹی آئی نے اتوار کے روز الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کی کال دی ہے اتوار کے روز ہمارے تمام ایم پی اے ایم این ایز اور پارٹی کارکن ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔انہوں نے کہا کہ دھاندلی کے خلاف پہلے ہی تحریک چل رہی ہے ہماری مختلف جماعتوں کے ساتھ بات چیت چل رہی ہے ہم نے صدارتی امیدوار چھوٹے صوبے سے نامزد کیا ہے پانچ چھ جماعتیں تو دھاندلی کے خلاف تحریک کیلئے متفق ہیں اب ہم اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن کے ساتھ حکم امتناع کی درخواست بھی دائر کررہے ہیں ہماری درخواست کہاں تک سنی جائے گی یہ کہنا قبل ازوقت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری درخواست پر اگر کورٹ کا کوئی مناسب آرڈر آیا تو اس کا اثر صدارتی الیکشن پر ضرور پڑے گا ہماری درخواست اگر عدالت نے سنی تو صدارتی اور سینیٹ الیکشن متنازع ہوجائے گا۔بیرسٹر عمیر نیازی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے عوام نے اپنا بھر پور کردار ادا کیا ہے مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو معاف نہیں کریں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
85939