Chitral Times

May 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کے زیر صدارت ذہنی صحت اور خودکشی کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس

Posted on
شیئر کریں:

چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کے زیر صدارت ذہنی صحت اور خودکشی کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس

گلگت( چترال ٹایمز رپورٹ ) چیف سیکریٹری گلگت بلتستان محی الدین احمد وانی کی سربراہی میں بذریعہ ویڈیو لنک ذہنی صحت اور خودکشی کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے کہا کہ گلگت بلتستان حکومت ذہنی صحت کے معیار کو بلند کرنے اور خودکشیاں کے تدارک کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ اس سلسلے میں تمام سرکاری اداروں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو مربوط اور جامع حکمت عملی کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی کے لئے جلد ہیلپ لائین کا قیام بھی عمل میں لایا جائے گا ۔

 

اجلاس میں سیکریٹری قانون رحیم گل،سیکریٹری انفارمیشن ضمیر عباس،سیکریٹری سوشل ویلفیئر فدا حسین، روپانی فاؤنڈیشن کی جانب سے یاسمین کریم،آغاخان ہیلتھ سروس پاکستان سے مسعود احمد ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن سلیم خان و دیگر شریک تھے۔اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت گلگت بلتستان خودکشیوں کے روک تھام اور عوام میں شعور و آگاہی کے لئے اقدامات اٹھارہی ہے۔حکومت،میڈیا اور غیر سرکاری ادارے خودکشیوں کے بڑھتے ہوئے رجحان کو کم کرنے کے لئے معاشرے میں ذہن سازی کے لئے کام کر رہی ہے اور خود کشیوں کی روک تھام کیلئے لائحہ عمل طے کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔اس موقع پر دماغی صحت اور خودکشیوں کے روک تھام کی حکمت عملی کے لیئے سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے بیداری پیدا کرکے خودکشی کے واقعات کو روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔

اجلاس میں گزشتہ میٹنگ میں تیار کی گئی تجویز پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں خودکشی کے خلاف عوامی شعور و دیگر پیغامات کو فروغ دیا جائے، خاص طور پر نوجوانوں اور عام طور پر دوسروں کے لیے مقبول ثقافت کے ذریعے،شینا، بروشاسکی اور کھوار زبانوں میں گانے اور دیگر پروگراموں کے انعقاد سے اس ہم مسئلے پر قابو پانے کیلئے اقدامات کیئے جائیں گے۔اس موقع پر کہا گیا کہ روپانی فاؤنڈیشن محکمہ تعلیم گلگت بلتستان کے ساتھ اسکولوں کے اساتذہ کی تربیت کے لیے بطور جنرل کونسلر کام کر رہی ہے۔مارچ میں گلگت بلتستان کے 50 ہیڈ ٹیچرز کو دماغی صحت اور سکول ٹیچرز کی تربیت کے بارے میں واقفیت دی گئی تھی اور روتھ فاؤ گرلز کالج میں اپریل میں 450 طالبات کے لیے ایک آگاہی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اسکولوں میں ذہنی صحت کی بہتری کیلئے مینول عالمی ادارہ صحت سے حاصل کیا گیا ہے اور اسے اسکولوں میں استعمال کرنے کے لیے محکمہ تعلیم گلگت بلتستان کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔

ادویات تک رسائی کے معاملے پر، ڈرگ انسپکٹر نے آغا خان ہیلتھ سروسز سے مشاورت کا دورہ کیا اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ابتدائی بات چیت کی۔اجلاس میں کہا گیا کہ گلگت بلتستان ڈرگ رول 2015 اور ڈرگ ایکٹ 1976 کے مطابق ڈرگ سیلز لائسنس کا مسئلہ پیدا ہو رہا ہے جس پر AKHS اور محکمہ صحت کے درمیان بات کی جائے گی۔اے کے ڈی این نے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائیکالوجی کی ٹیم کو سہولت فراہم کی اور جی بی حکومت، AKDN اور KIU کے تعاون سے دماغی صحت پر سمپوزیم کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, گلگت بلتستانTagged
73842