Chitral Times

May 15, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صحافی اور صحافتی ادارے پولیو خاتمے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ تیمور سیلم جھگڑا

شیئر کریں:

پیر سے صوبے بھر میں انسداد پولیو مہم شروع کی جا رہی ہے۔ سیکریٹری صحت
.
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) پولیو کے خاتمے کے لیے صحافی اور صحافتی ادارے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ صوبے میں کورونا وباء کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے اور اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھا لیے ہیں جبکہ محکمہ صحت اپنے فرائض احسن طریقے سے انجام دے رہا ہے۔ صحت انصاف کارڈ جلد صوبے کے تمام شہریوں کو ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے ایک میڈیا بریفننگ کے دوران کیا۔ اس موقع پر صوبائی سیکرٹری صحت محمد یحیٰی اخوانزادہ بھی موجود تھے۔ پولیو کے حوالے سے بریفننگ دیتے ہوئے سیکرٹری صحت کا کہنا تھا کہ پیر سے انسداد پولیو کی 5 روزہ قومی مہم شروع ہو رہی ہے جس میں صوبے کے 68 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ اس مقصد کے لیے 62586 پولیو ورکرز کی 24 ہزار 900 موبائل ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ مہم کے دوران صوابی میں شہید ہونے والی دو پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہی نڈر اور حوصلہ رکھنے والے ورکرز کی وجہ سے ہماری آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ ہے۔ آئندہ پولیو مہم کے دوران سیکورٹی سٹاف کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے۔ یحیٰی اخوانزادہ نے کہا کہ شہید ورکرز کے لواحقین کی مدد کے لیے 44 لاکھ فی خاندان معاوضہ متعلقہ ضلع انتظامیہ کے پاس جا چکا ہے جو جلد ان کے سوگوار خاندانوں کو مل جائے گا۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے کہا کہ اس سال سے پولیو ورکرز کا یومیہ معاوضہ بھی بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دیا گیا ہے جو کہ بروقت ورکرز کو مل جاتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیو ورکرز کا مورال پہلے سے بلند ہے اور محکمہ صحت اسے بلند رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت تیمور سیلم جھگڑا نے کہا کہ پولیو ورکرز اور ان کے ساتھ فرائض انجام دینے والے سیکورٹی اہلکار لائق تحسین اور ہمارے ہیروز ہیں۔ ان کے کام اور محنت کو سراہا جانا چاہیے۔ یہ لوگ ایک بڑے مقصد کے لیے کام کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پولیو کے حوالے سے تمام فرضی کہانیاں، گمراہ کن نظریات اور مفروضے ختم ہونے چاہیے اور اس حوالے سے میڈیا ورکرز اور صحافتی اداروں کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ دنیا کے دیگر اسلامی ممالک میں بھی پولیو کے قطرے پلائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم میں اگر کوئی کوتاہی ہوئی ہے تو اس کے ذمہ داروں کو ضرور سزا ملنی چاہیے۔ جب تک ہم صوبے ہر بچے تک نہیں پہنچیں گے تب تک کامیابی حاصل نہیں کر سکتے۔تیمور جھگڑا نے کہا کہ صوبائی محکمہ صحت اپنے فرائض صحیح طرح سے سرانجام دے رہا ہے اور وہ روزانہ کی بنیاد پر محکمہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کر رہے ہیں جبکہ کابینہ ارکان کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن واپس لیے جا چکے ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ صوبے میں مزید ہسپتال ضرور بنائیں گے لیکن پہلے سے موجود ڈسپنسریوں، بنیادی مراکز صحت، دیہی مراکز صحت، ڈی ایچ کیوز اور بڑے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و معاون عملے اور ادویات سمیت تمام سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے تاکہ ان مراکز صحت میں خدمات کی فراہمی بہتر بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صحت انصاف کارڈ کا دائرہ کار صوبے کے ہر گھر تک بڑھا رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے اچھی کمپنی کی تلاش جاری ہے جس کے لیے آئندہ چند دنوں اشتہار جاری کر دیا جائے گا۔ صحت کارڈ کے حصول کے بعد صوبے کے رہائشی پورے ملک کے اعلیٰ سرکاری و نجی ہسپتالوں سے اپنا علاج کرا سکیں گے۔ صوبائی وزیر صحت نے پریس بریفنگ کے دوران یہ اعلان بھی کیا کہ کوئی بھی میرے پاس کسی قسم کی سفارش لیکر نہ آئے۔ محکمہ صحت میں تمام امور میرٹ پر سرانجام دیے جا رہے ہیں۔ دریں اثناء سیکرٹری صحت یحیٰی اخوانزادہ نے کورونا وباء سے نمٹنے کے لیے محکمہ صحت کی تیاریوں اور اقدامات کے حوالے سے میڈیا نمائندوں کو بریفننگ دی۔ انہوں نے اس وائرس سے بچنے کے لیے حفاظتی تدابیر سے بھی آگاہ کیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
31981