Chitral Times

Apr 26, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی نے 3109.123 ملین رو پے لاگت کے 6پراجیکٹس کی منظوری دیدی

Posted on
شیئر کریں:

پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )‌صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی خیبر پختونخوا (PDWP) نے 3109.123 ملین رو پے لاگت کے 6پراجیکٹس کی منظوری دے دی ہے۔ یہ منظوری ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ حکومت خیبر پختونخوا شکیل قادر خان کی زیرصدارت منعقدہ اجلاس میں دی گئی جس میں پی ڈی ڈبلیو پی کے ممبران اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے کی ترقی کے لئے مختلف شعبوں بشمول بلدیات،صحت، سڑکوں اور پلو ں، کثیر شعبہ جاتی ترقی شہری ترقی، عمارات اورہاوسنگ کے شعبوں کی ترقی کے لئے 10 منصوبوں پر تفصیلی غوروخوض کے بعد 6 منصوبوں کی منظوری دی گئی اور ایک کنسیپٹ پیپر کو سی ڈی ڈبلیو پی کو غور کے لئے کلیر کر دیاگیا جبکہ تین منصوبوں کو موخر کرکے اصلاح کے لئے متعلقہ محکموں کو واپس بھیج دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہاؤسنگ کے شعبے میں خیبرپختونخوا میں ہاؤسنگ سکیموں / سیٹلائٹ ٹاونز اورکمرشل پراپرٹیز کی ترقی کیلئے فزیبلٹی سٹڈیز کی منظوری دی گئی، اسی طرح صحت کے شعبے میں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرہسپتال لکی مروت میں ٹراما سنٹر کا قیام پی سی ٹو کی منظوری ڈی ڈی ڈبلیو پی پہلے ہی دے چکی ہے اور نوشہرہ میڈیکل کالج کے لیے ہاسٹل کی تعمیرکی منظوری شامل ہیں۔اسی طرح شہری ترقی کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں مردان،سوات، دیر بالا اور صوابی کے اضلاع میں بس ٹرمینلز کی فزیبلٹی سٹڈی ڈیزائن اور تعمیر (اراضی کی قیمت سمیت) شامل ہیں۔اسی طرح عمارات کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں خیبرپختونخوا میں سب ہیڈز میں تحصیل کمپلیکسز کی تعمیر، خانپور ضلع ہری پور میں تحصیل کمپلیکس کی تعمیر، تحصیل کمپلیکس تخت بھائی ضلع مردان میں سب ڈویژنل دفاتر کی تعمیر، گمبت ضلع کوہاٹ میں تحصیل بلڈنگ کی تعمیر اور ضلع مردان میں نئی قائم شدہ تحصیل رستم اور گڑھی کپورہ میں عمارتوں کی تعمیر اور کثیر شعبہ جاتی ترقی کے شعبے میں منظور کردہ منصوبوں میں ٹھیکیداروں کیلئے واجب الاد ا بقایا جات، اراضی کے معاوضے اور غیر کیش شد ہ چیکس کی فراہمی کی منظور ی شامل ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
31396