Chitral Times

Apr 27, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

آغاخان ہائیر سکنڈری کوراغ میں عید میلاد النبی ؐ کے حوالے سے تقریب

Posted on
شیئر کریں:

چترال(ریان ملک )آغاخان ہائیر سکنڈری سکول کوراغ میں عید میلاد النبی ؐ کے حوالے سے تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ جس کے بعد طالبات نے حضور ؐ کی شان میں نہایت خوش الحانی سے نعتیں پڑھیں کہ فضا ذکر نبی ؐ سے گونج اٹھی.

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلامیات کے لیکچرر فدا محمد نے کہا کہ عالم انسانیت خصوصاً مسلمانوں کے لیے انتہائی خوشی اور فخر کا دن ہے کیونکہ آج کے دن جہالت کی تاریکی ختم کرنے اور اسلام کی روشنی سے دلوں کو منور کرنے لیے اللہ تعالیٰ نے سرور کائنات کودنیا میں بھیجا۔ آپ ؐ کی آمد سے پہلے عرب جہالت میں ڈوبا ہوا تھا، بھائی بھائی کا دشمن تھا اور بچیوں کو زندہ دفنایا جاتا تھا۔ آپ ؐ نے خواتین کو حقوق دلائے،بے کسوں کو سہارا دیا اور اُخوت کا ایسا نظام قائم کیا کہ دنیا میں اس کی مثال نہیں ملتی۔آپ ؐ نے بچوں سے پیار، بڑوں کا احترام اور جانوروں پر شفقت تک کے جامع معاشرتی اور ماحولیاتی اصول سکھائے۔ انہوں نے کہا کہ آج اپنے گریبانوں میں جھانکنے کا دن ہے کہ ہم حضور ؐ کی تعلیمات پرکس قدر عمل پیرا ہیں ۔ یہ دن ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ حضورؐ کی سیرت کا گہرائی سے مطالعہ کریں اور اپنی زندگی سیرت رسولؐ کے مطابق گزاریں۔آج کے دور میں ہر مسلمان بچہ و بزرگ اور جوان خاندانی تربیت ، مذہبی روایات اور جدید نظامِ تعلیم کی بدولت جائز و نا جائز، حلال و حرام سے متعلقدین کے بنیادی احکامات اور اصولوں سے بخوبی واقف ہے۔ ہم پر لازم ہوتا ہے کہ اپنی عملی زندگی میں کسی کام کے کرنے سے پہلے غور کریں کہ کیا اس کام کے کرنے کی میرا دین مجھے اجازت دیتا ہے۔ملت کی سربلندی ، بہتر اسلامی معاشرے کے فروع اور اپنے اسلامی تشخص کی بحالی اور استحکام کی خاطرسروردوجہانؐ کے نقش ِقدم پر چلتے ہوئے سچائی ، راست بازی،دیانت داری اور امانت داری جیسے اصولوں کو اپنا شعار بنائیں۔

قائم مقام پرنسپل شجاع الدین نے عید میلاد النبی ؐ کے حوالے سے شاندار تقریب منعقد کرنے پر طالبات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپؐ کی زندگی ہمارے لیے مشعل راہ ہے ، آپؐ کی تعلیمات کی روشنی میں زندگی بسر کرنا دنیا اور آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے۔
اس طرح کی محفلیں آغاخان ہاسٹل کوراغ اور بونی میں عید میلاد النبی ؐ کے دن اور رات میں منعقد کی گئیں ۔ جس میں بھی طالبات کی نعت خوانی نے سماں باندھا ۔ آغاخان ہاسٹل بونی میں مذہبی اسکالر سید امیر شاہ اور محمد رحیم نے سیرت النبی ؐ پر روشنی ڈالی۔ طالبات نے آغاخان ہاسٹل بونی کونعتیہ اشعار پر مبنی چارٹ ،پھولوں اور برقی قمقموں سے سجایا تھا۔

akhss kuragh serat program 3

akhss kuragh serat program 1

akhss kuragh serat program 4


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
16001