The Voice of Chitral since 2004
Sunday, 8 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

چترال کی خبریں

Chitral Times

چترال کی خبریں

سی ڈی ایل ڈی پالیسی ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے زیر نگرانی کام جاری رکھے گی؛ عوامی شمولیت کے لئے مزید اقدامات کئے جا رہے ہیں
چترال (بشیر حسین آزاد) صوبائی حکومت کے عوامی شراکت پر مبنی ترقیاتی پالیسی یعنی CDLDکے نئے فیز میں عوامی شمولیت کو یقینی بنانے اور مقامی کمیونٹی کی باہمی مشاورت کے ذریعے مسائل کی نشاندہی اور ترجیحات کے تعین کے لئے واضح حکمت عملی بنائی گئی اور سی ڈی ایل ڈی پالیسی ضلعی انتظامیہ کے زیر نگرانی اپنے کام جاری رکھے گی۔ یہاں پر مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس محمد حیات شاہ، ڈی پی ایم سی ڈی ایل ڈی کمال عبدالجمیل ، ٹی ا ے کوآرڈنیٹر افسر جان نے سی ڈی ایل ڈی پالیسی کے مختلف امور پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چترال عبدالاکرم، یس آر ایس پی کے ڈی پی ایم طارق احمد اور نامور دانشور ڈاکٹر عنایت اللہ فیضی بھی موجود تھے۔ سی ڈی ایل ڈی کے ذمہ داران نے کہا کہ اس پالیسی کے طریقہ کار میں کوئی بھی شہری اپنے مسئلے کے حل کے لئے درخواست دے سکتا ہے جو کہ عوامی شراکت کا ایک اہم عنصر ہے۔ ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس حیات شاہ نے سابقہ ڈی او نور الامین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے فنانس اینڈ پلاننگ ڈیپارٹمنٹ میں سی ڈی ایل ڈی کے حوالے سے معاملات کو درست سمت پر ڈالنے میں عملاً کردار ادا کیا ہے ۔ انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا اس پالیسی کے روح پر من و عن عملدرآمد کیا جائیگا اور اس سلسلے میں منتخب بلدیاتی نمائندگان اور عوام الناس کی مشاورت سے ویلج کونسل سطح ویلج کونسل ڈویلپمنٹ پلان بنائے جائینگے اور اس عمل میں منتخب بلدیاتی نمائندگان اور مقامی عمائدین معاونت فراہم کرینگے۔ ڈسٹرکٹ پروگرام منیجر کمال عبدالجمیل نے سی ڈی ایل ڈی پالیسی میں SRSP کے کردار کی بابت گفتگو کرتے ہوئے کہا ان کا ادارہ سی ڈی ایل ڈی پالیسی میں سوشل موبلائزیشن پارٹنر کی حیثیت سے نمایاں کردار ادا کررہا ہے کیونکہ تنظیم سازی کا مشکل مرحلہ اور سروے، ڈیزائن اور اسٹیمیشن انکی ذمہ داریاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے اگلے فیز میں بلدیاتی نمائندگان اور مقامی افراد کا تعاون حاصل کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور اگلے فیز میں سی ڈی ایل ڈی ٹیم مقامی کمیونٹی ، بلدیاتی نمائندگان اور سول سوسائٹی کو لیکر مزید بہتر انداز میں کام کریگی۔ انہوں نے مقامی صحافیوں سے گزارش کی کہ وہ اس ضمن میں سی ڈی ایل ڈی ٹیم کے ساتھ تعاون کریں۔کمال عبدالجمیل نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اسکیموں کی بحالی کے حوالے سے ہنگامی صورتحال میں SRSPنے نہایت تندہی سے اپنے حصے کا کام مکمل کیا جس کی بناء پر بروقت اسکیمیں شروع ہوئیں۔ ٹی اے کنسلٹنٹ افسر جان نے پالیسی میں لائے گئے کچھ تبدیلیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ان تبدیلیوں کا فائدہ عوام الناس کو ہوگا۔ سی ڈی ایل ڈی کے ذمہ داروں نے کہا کہ پروگرام کا نیا فیز بھی ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی کام کریگی اور ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر اس پروگرام کی سربراہی کرینگے جبکہ ڈسٹرکٹ آفیسر فنانس اینڈ پلاننگ اس پروگرام کے فوکل پرسن ہونگے۔ 
بلاول بھٹو زرداری کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے پر چترال کے عوام اور خصوصاً پی پی پی کے کارکنان کا شکریہ۔ایم پی اے سلیم
خان

چترال (بشیر حسین آزاد) پاکستان پیپلز پارٹی چترال کے صدر اور ممبر صوبائی اسمبلی سلیم خان نے پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کے چترال دورے کے موقع پر جلسہ عام کو کامیاب بنانے پر چترال کے عوام اور خصوصاً پی پی پی کے کارکنان کا شکریہ ادا کیا ہے جوکہ ارندو سے لے کر بروغل تک اور شیشی کوہ سے لے کر گبور تک دوردراز علاقوں سے نہایت ذوق وشوق سے شرکت کی اور کئی گھنٹوں تک پولو گراونڈ میں تیز دھوپ میں اپنے محبوب قائد کے انتظار میں گرمی کی صغوبت برداشت کرتے رہے۔ پیر کے روز چترال پریس کلب میں پارٹی کے دیگر قائدین محمد حکیم ایڈوکیٹ (جنرل سیکرٹری)،قاضی فیصل، جاوید اختر، قاضی حمید ، بشیر احمد خان اور دوسروں کی معیت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس کامیاب جلسے کے بعد مخالفین کی یہ خیال غلط ثابت ہوگئی کہ چترال میں پی پی پی کمزور پڑگئی ہے جس کی وجہ سے کامیاب جلسہ نہ کرسکیں گے لیکن اللہ کے فضل سے اس جلسے نے یہ ثابت کردی ہے کہ پی پی پی اب بھی چترال میں سب سے بڑی سیاسی قوت ہے اور اس بات کا تاثر بھی غلط نکلا کہ چترال میں پارٹی دو حصوں میں بٹی ہوئی ہے جبکہ جلسے کی کامیابی کے لئے ہر ایک نے دن رات کوشش کی اور اپنی ذاتی وسائل بھی استعمال کرتے رہے۔ سلیم خان نے جلسے اور دورے کی کامیابی میں پی پی پی کی برادر تنظیموں پی ایس ایف، پی وائی او، پی ایل ایف، پی ڈی ایف، خواتین ونگ، کالاش کمیونٹی کی کوششوں کو بھی جلسے کی کامیابی قرار دی جبکہ تعاون پر ضلعی انتظامیہ کے سربراہ ڈپٹی کمشنر اور سیکیورٹی کی بہترین انتظام پر ڈی پی او چترال کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے صوبائی قائدین انجینئر ہمایون خان، فیصل کریم کنڈی، سینٹروبینہ خالد اور ملاکنڈ ڈویژن کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی رہنماؤں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ سلیم خان نے مزید کہاکہ چترال کے لوگ احسان فراموش نہیں ہیں اور بھٹو خاندان کے ساتھ اپنا رشتہ قائم رکھیں گے۔ 

بلاول بھٹو کا دورہ چترال ناکام رہااب چترال پیپلز پارٹی کے ہاتھوں سے نکل کر نوجوانوں کے ہاتھ میں آ گیا ہے۔پی ٹی آئی رہنماعبدالطیف 
چترال(بشیر حسین آ زاد) اپر چترال کے علاقہ اوتھول موڑ کہو کے درجنوں افراد پاکستان پیپلز پارٹی کو خیر باد کہتے ہو ئے پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے؂؂؂؂ ، پاکستان تحریک انصاف کے صدر عبدالطیف نے درجنوں افرادکو پاکستان تحریک انصاف کی ٹوپیاں پہنا کر پی ٹی آئی میں شمولیت پر انہیں مبارک باددیں ،پیپلز پارٹی سے مستعفی ہونے والوں میں عبدالکریم خان ، سیف الرحمان ، بشیر احمد ، عبدالقیوم وغیرہ شامل ہیں۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف ضلع چترال کے صدر عبدالطیف نے کہا کہ بلاول بھٹو کا دورہ چترال ناکام رہااب چترال پیپلز پارٹی کے ہاتھوں سے نکل کر نوجوانوں کے ہاتھ میں آ گیا ہے کیونکہ پاکستان پیپلز پارٹی بھٹو کی پارٹی نہیں رہی جس میں غریب عوام کو حقوق دینے کا وعدہ کیا جاتا تھا اب یہ زرداری برانڈ پارٹی ہے جس میں پیسوں کے علاوہ کوئی اور بات نہیں کی جاتی ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کو بھٹو کے نام پرعوام میں مقبو ل نہیں کیا جا سکتا اور بلاول بھٹو کا چترال سے الیکشن لڑنے کے بارے میں سوچنا ایک خواب سے زیادہ کچھ نہیں۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے چترال کے تمام بنیادی مسائل حل کر نے کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں اور چترالی نوجوانوں کی پی ٹی آئی میں جوق در جوق شرکت کے بعد تحریک انصاف چترال میں مضبوط ترین پارٹی ابھرکر سامنے آئی ہیں اور آئندہ کے انتخابات میں تحریک انصاف چترال سے بھر پور کامیابی اپنی کارکردگی پر حاصل کریگی ۔

ریشن پاور ہاؤس کے صارفین کو بجلی کی فراہمی اگلے ہفتے سے شروع کردی جائیگی‘انجینئر محمدنعیم کاپی ٹی آئی چترال کے وفد سے گفتگو
پشاور (بشیر حسین آزاد)ریشن پاور ہاؤس کے صارفین کو بجلی کی فراہمی اگلے ہفتے سے شروع کردی جائیگی‘ ریشن کے مقام پر جنریٹروں کی تنصیب کا کام جاری ہے ریشن ہائیڈرل پاور ہاؤس چترال کی بحالی کے لئے اقدامات آخری مراحل میں ہیں ان خیالات کا اظہار صوبائی سیکرٹری پاور اینڈ انرجی انجینئر محمد نعیم خان نے پاکستان تحریک انصاف کے وفد سے ملاقات میں کہی وفد میں پاکستان تحریک انصاف چترال کے آفتاب احمد طاہر ‘ سجاد احمد ، ،محمدقاسم ، ہارون اور چترال جنرنلسٹ فورم کے عبدالودود بیگ شامل تھے وفد نے سیکرٹری پاور اینڈ انرجی انجینئر محمدنعیم کو ضلع چترال میں بجلی کے بحران اور انہیں ہائیڈرل پاور ہاؤس کی بحالی سے متعلق چترالی عوام کی تشویش سے انہیں آگاہ کیا سیکرٹری پاور اینڈ انرجی انجینئر محمدنعیم نے وفد کو بتایا کہ ریشن پاور ہاؤس کی بحالی کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے گئے ہیں سیلاب سے متاثرہ مشینری کو ضائع کرکے ان کی جگہ جرمنی سے مشینری منگوانے کا فیصلہ کیا ہے اوراس کے لئے ٹینڈر جاری کر دیئے گئے ہیں اس کے علاوہ کنسلٹنٹ کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہے اور اس پر اسی سال کام شروع کردیا جائے گا ۔ سیکرٹری نے وفد کو بتایا کہ چترالی عوام گزشتہ دو سالوں سے زائد کاعرصہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے شدید مشکلات میں گزار رہے وہیں اب صوبائی حکومت نے عارضی بنیادوں پر جنریٹرز کا بندوبست کردیاہے اور 1.5میگا واٹ بجلی جنریٹرز سے حاصل کر کے علاقے میں تقسیم کر دینگے اور ایک ہفتے کے اندر ریشن پاور ہاؤس کے صارفین کو بجلی کی فراہمی شروع کردی جائیگی انہوں نے بتایا کہ سولر پینل کی فراہمی کا سکینڈ فیز شروع کر رہے ہیں اس سے بھی کافی مسائل حل ہو نگے ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

پی ایم ایل (ن) ضلع چترال نے چترال میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی حمایت میں ریلی نکالی
چترال ( محکم الدین ) پاکستان مسلم لیگ چترال کے قائدین صدر سید احمد خان ، جنرل سیکرٹری صفت زرین و دیگر رہنماؤں ، محمد کوثر ایڈوکیٹ ، فضل رحیم ایڈوکیٹ ، نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ ، ساجد اللہ ایدوکیٹ ،ارشاد احمد ایڈوکیٹ اور ظفر اللہ پرواز نے کہا ہے ۔ کہ سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو ایک سازش کے تحت غیر ملکی آقاؤں کے اشاروں پر حکومت سے ہٹایا گیا ۔ جس میں تیسری قوت کا ہاتھ شامل ہے ۔ امریکہ اور اُس کے اتحادی سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کیلئے مختلف طریقوں سے پاکستان میں حالات کو بگاڑنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ اور پاکستان کے بعض سیاست دان اور ادارے اُن کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز چترال میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی حمایت میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ نواز شریف کو تین مرتبہ اقتدار سے علیحدہ کیا گیا۔ لیکن اُن کو عوام کے دلوں سے جُدا نہیں کر سکے ۔ آج بھی نواز شریف پاکستان کے عوام کے دلوں پر حکومت کر رہا ہے ۔ اور پاکستان کے لوگ یہ سمجھتے ہیں ۔ کہ میاں نواز شریف ہی پاکستان کے اصل خیر خواہ ہیں ۔ کیونکہ انہوں نے اپنے ہر دور اقتدار میں پاکستان کو ناقابل تسخیر بنانے کی کوشش کی ۔ جو دُشمنوں کی آنکھوں میں کھٹکتی ہے ۔ انہوں نے ایٹمی دھماکا ، موٹر وے اور سی پیک جیسے منصوبے پاکستان کو دیے ۔ جو اُن کے وژن کی عکاسی کرتے ہیں ۔ جب کہ عمران خان کا نیا پاکستان خیبر پختونخوا کی صورت میں ہمارے سامنے ہے ۔ جس میں ٹوٹی سڑکیں ، سوکھے پائپ لائن ، شکستہ پُلین اور خُشک بلین ٹری سونامی کے سوا کچھ نظر نہیں آتا ۔ مقررین نے کہا ۔ کہ انشاء اللہ عمران خان بہت جلد ایسے نااہل ہوں گے ۔ کہ عوام کے سامنے سر بھی نہیں اُٹھا سکیں گے ۔ انہوں نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کیلئے انتہائی افسوس کا اظہار کیا ۔ کہ ایک پختون اور ایک مذہبی جماعت کے رہنما ہونے کے باوجود عائشہ گلالئی کے ساتھ کئے جانے والے رویے پر اُن کی اسلامی اور پختوں غیرت نہیں جاگی ۔ اس سے یہ بات واضح ہوتی ہے ۔ کہ اُن کی نظر اقتدار تک محدود ہے ۔انہوں نے کہا ۔ کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو شرم آنی چاہیے ۔ کہ گذشتہ سیلاب اور زلزلے میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے وفاق سے 2ارب 19کروڑ روپے متاثرین میں تقسیم کئے ۔ صوبائی حکومت وعدے کے باوجود اب تک ایک پیسہ بھی نہیں دے سکا ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف وہ شخصیت ہیں جنہوں نے لواری ٹنل کی تعمیر کیلئے کورین کمپنی کو چار سالوں کے دوران 21ارب کے فنڈ فراہم کئے ۔ آج چترال کے لوگ 7منٹ میں 9کلومیٹر لواری ٹنل عبور کرکے سہولت سے چترال پہنچ رہے ہیں ۔ جبکہ چترال ٹو کالاش ویلیز روڈ ، گرم چشمہ روڈ کے ٹینڈر ہو چکے ہیں ۔ جن پر کام بہت جلد شروع ہو گا ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ 2018کے الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ کلین سویپ کر ے گی ۔ سازشیں کرنے والے اور دوسروں کے آلہ کار ہاتھ ملتے رہ جائیں گے ۔ اُن کیلئے اقتدار خواب ہے ۔ مقرریں نے کہا ۔ کہ جمہوریت کے خلاف سازش کر نے والوں کا مقابلہ کرنے کیلئے عوام کو متحد ہونے کی اشد ضرورت ہے ۔ تاکہ پھوٹ ڈال کر اقتدار میں آنے کی کوشش کرنے والوں کا راستہ روکا جا سکے ۔ مسلم لیگ کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا ۔ کہ سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کے حوالے سے پیغام گھر گھر پہنچایا جائے گا ۔ مقررین نے نو منتخب وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کو مبارکباد دی ۔ اور اس توقع کا اظہار کیا ۔ کہ وہ بھی میاں محمد نواز شریف کی طرح چترال کے مسائل پر بھر پور توجہ دیں گے ۔