The Voice of Chitral since 2004
Sunday, 8 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

چترال میں پی آی اے کے خلاف مظاہرہ ‘ پریس کانفرنس’ قرآن خوانی

Chitral Times

چترال میں پی آی اے کے خلاف مظاہرہ ‘ پریس کانفرنس’ قرآن خوانی

چترال (نمایندہ چترال نیوز) چترال کی سول سوسائٹی نے طیارہ حادثے کو پی آئی اے حکام کی غفلت اور لاپرواہی قرار دیتے ہوئے پی آئی اے چیرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر کو فوری طور پر معطل کرکے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے ۔ جمعہ کے روز چترال پی آئی اے چوک میں سول سوسائٹی کی طرف سے زبردست احتجای مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی ، اور شدید غم و غصے کااظہار کرتے ہوئے مقررین عبدالولی خان ایڈوکیٹ ، سابق ایم پی اے سید احمد خان ، شیر جہاں وغیرہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ طیارے کا حادثہ پی آئی اے حکام کی نا اہلی غفلت اور لاپرواہی کی بنیاد پر رونما ہوا ۔ کیونکہ جو شواہد سامنے آئے ہیں اُس کی بنیاد پر یہ جہاز پہلے ہی خراب تھا ۔ اور اسی جہاز میں پشاور سے چترال آنے والے کئی مسافروں نے اس کی غیر معمولی آوازوں اور دیگر حر کات کے بارے میں کیا ہے ۔انہوں نے کہا ۔ کہ یہ قتل عمد ہے ۔ اور دانستہ طور پر 47قیمتی جانوں کا ضیاع کیا گیا ۔ جس میں چترال کے مختلف اداروں میں کام کرنے والے غیر ملکی ،ملکی اور خاص کر چترال کے اعلی تعلیم یافتہ بہن بھائی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پی آئی اے حکام کا رویہ انتہائی قابل مذمت ہے ۔ اور چترال کے لوگ اس واقعے کو ہر گز معاف نہیں کریں گے ۔ چترال ایک دشوار گزار روٹ ہونے کے باوجود یہاں اُن طیاروں کی سروس کی جاتی ہے ۔ جو بالکل ناکارہ ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ اس حادثے کی غیر جانبدارانہ تحقیات کی جائے ۔ اور اس کیلئے یہ ضروری ہے ۔ کہ چیرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر پی آئی کو فوری معطل کیا جائے ۔ انہوں نے اس بات پر انتہائی افسوس کا اظہار کیا ۔ کہ چیرمین پی آئی اے قلیل معاوضے کا علان کرکے متاثرہ خاندانوں کو لالچ اور ناکام تسلی دے کر خود کو بی الزمہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ پی آئی اے سے قتل عمد کی بنا پر دیت وصول کیا جائے گا ۔ اور اس میں چترال کے لوگ متفق ہیں ۔ درین اثنا چترال کے عمائدین شہزادہ ابراہیم،سید احمد خان، نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ ،سرور الدین،وقاص احمد ایڈوکیٹ اور آفتاب احمد نے بھی چترال پریس کلب میں پریس کانفرنس مکر تے ہوئے چئیرمین PIAاور MDپی آئی اے کی فوری معطلی اور واقعے کی جو ڈیشل انکوائیری کا مطالبہ کر دیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ طیارہ حادثے میں 47افراد کی قیمتی جانو ں اور قومی قیمتی اثاثہ طیارے کا ضیاع PIA کی بد تریں غفلت کا نتیجہ ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے جس پر ہم اُن کے مشکور ہیں ۔ لیکن اس انکوائیری رپورٹ کو اس سے قبل کے طیارہ حادثات کی رپورٹوں کی طرح ردی کی ٹوکریوں کی نذر نہ کی جائے۔اُنہوں نے کہا کہ PIAحکام کے مطابق طیارہ ٹھیک تھا ، پائلیٹ ماہر تھے تو حادثے کے اسباب کیا تھے۔ اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حادثے میں جان بحق ہونے والوں کے ورثاء کو ایک ایک کروڑ روپے دئیے جائیں۔ حکومت کی طرف سے اعلان کردہ رقم انتہائی کم ہے۔ ایک مسافر وقاص احمد ایڈوکیٹ جو اس جہاز کے پشا ور سے چترال فلائٹ نمبر PK660 سے چترال پہنچا تھا ،نے پریس کانفرنس میں بتایا ،کہ جہاز میں خرابی واضح تھی دوران پرواز کئی موقعوں پر جہاز کے بائیں انجن میں گڑگڑاہٹ کی آوازیں آرہی تھیں۔کئی مرتبہ جہاز کا توازن بھی بگڑتا رہا اور زور دار جھٹکے کے ساتھ ائیر پورٹ پر لینڈ کیا دوران پرواز جہاز میں سوار مسافر انتہائی خوف ہراس میں مبتلا آیات قرآنی کا ورد کر تے رہے۔خود میرے لئے یہ میری زندگی کا مشکل ترین اور خوفناک سفر تھا ۔ اسی جہاز کو دوبارہ کسی خرابی دور کئے بغیر اُڑانا یقیناًحادثے کا موجب بن سکتا تھا ۔ جو پی آئی اے کی غفلت کی وجہ سے ہو کے رہ گیا

طیارہ حادثے میں شہیدہونے والوں کی ایصال ثواب کے لئے چترال سکاؤٹس مسجد میں بعدنمازجمعہ قرآن خوانی کا اہتمام
چترال(بشیر حسین آزاد) طیارہ حادثے میں شہیدہونے والوں کی ایصال ثواب کے لئے چترال سکاؤٹس مسجد میں بعدنمازجمعہ قرآن خوانی ہوئی جس میں کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل سید نظام الدین شاہ ،پاک فوج کے افیسرز سول، علاقے کے عوام اورچترال سکاؤٹس کے جوانوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔قرآن خوانی کے بعدشہداء کے ایصال ثواب کے لئے دعاکی گئی ۔اس موقع پرکمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل سید نظام الدین شاہ نے کہاکہ تمام شہداء کے لئے ہم دعاکرتے ہیں اللہ تعالیٰ اُن کوجنت میں جگہ عطافرئیں اوراُن کے اہل خانہ کوصبرعطافرمائے۔ اس سے قبل کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل سید نظام الدین شاہ نے بکرآباد میں حاجی تکبیرخان اور گولدور کے حاجی نواز کے نماز جنازہ میں بھی شرکت اور شہزادہ فرہاد عزیز اور اُن کی بیٹی کی فاتحہ خوانی کے لئے شاہی قلعہ بھی گئے۔ درین اثناء طیارے سانحے میں جان بحق ہونے والوں کے لئے قرآن خوانی جمعہ کے روز بھی جاری رہی اور شاہی بازار مسجد میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ،جامعہ اسلامیہ ریحانکوٹ اور ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کے مسجد سمیت درجنوں مساجد میں بھی قرآن خوانی ہوئی۔