Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وفاقی کابینہ نے جنرل عاصم منیر کی ریٹائرمنٹ روک دی

Posted on
شیئر کریں:

وفاقی کابینہ نے جنرل عاصم منیر کی ریٹائرمنٹ روک دی

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ) وفاقی کابینہ نے جنرل عاصم منیر کو ری ٹین کرنے اور انہیں آرمی چیف بنانے کے فیصلے کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔ صدر عارف علوی کی جانب سے آرمی چیف کی سمری روکنے کی صورت میں حکومت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے جنرل عاصم منیر کی ری ٹین کی سمری کو منظور کرلیا۔ اس فیصلے سے جنرل عاصم منیر کی ریٹائرمنٹ منجمد ہوگئی۔وفاقی کابینہ نے رولز آف بزنس کی شق 15 اے میں ترمیم کی منظوری دیتے ہوئے وزارت دفاع کی جنرل عاصم منیر کو ری ٹین کرنے کی سمری منظور کرلی۔اب صدر نے آرمی چیف کی تقرری کی سمری روکے رکھی اور عاصم منیر کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ گزرنے کے بعد صدر نے سمری واپس کی تو بھی وہ غیر موثر ہوگی۔صدر 25 دن تک سمری روکے بھی رکھیں گے تو بعد میں بھی آرمی چیف جنرل عاصم منیر ہی ہونگے۔ صدر کے دستخط نہ کرنے کی صورت میں وزیر اعظم نوٹیفکیشن جاری کردیں گے۔واضح رہے کہ پاکستان آرمی ایکٹ میں کسی بھی افسر کو ری ٹین کیاجاسکتا ہے۔ صدر کی جانب سے سمری روکے جانے پر بھی جنرل عاصم منیر 27 نومبر کو ریٹائر نہیں ہوں گے۔

 

 

آرمی چیف کی تقرری؛ آئین کے مطابق سمری کو دیکھیں، عمران خان کا صدر کو مشورہ

اسلام آباد(سی ایم لنکس) وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نئے آرمی چیف کی سمری ارسال کیے جانے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی لاہور میں عمران خان سے ملاقات ہوئی۔پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور صدر مملکت کے درمیان زمان پارک لاہور میں ملاقات ہوئی۔ صدر نے وزیر اعظم ہاؤس سے منظور ہونے والی سمری کے حوالے سے عمران خان کو اعتماد میں لیا۔صدر عارف علوی نے عمران خان کو وزیراعظم کی جانب سے بھیجوائی گئی سمری پر بریفنگ دی۔ عمران خان نے ہدایت کی کہ آئین اور قانون کے مطابق جو بنتا ہے اس کے مطابق سمری دیکھیں، اگر درست ہے تو سمری نکال دیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہم نے آئین اور قانون کی پاسداری کرنی ہے، ہماری کسی ادارے سے کوئی جنگ نہیں۔آرمی چیف کی تقرری سے متعلق سمری موصول ہونے کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی فوری طور پر عمران خان سے ملاقات کے لیے اسلام آباد سے لاہور پہنچے تھے۔دوسری جانب، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی تقرری کے معاملے پر ایوان صدر سیکریٹریٹ کو سمری موصول ہوگئی ہے۔ صدر کی منظوری کے بعد ارمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے تقرر کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا۔صدر آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی تعیناتی کریں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سمری صدر پاکستان کو ارسال کی تھی۔وزیراعظم کی جانب سے لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف اور ساحر شمشاد کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
68376