نگران وزیر اطلاعات،ثقافت و سیاحت خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کا جائزہ اجلاس، سیکرٹری سیاحت مطہر زیب کی جانب سے بریفنگ
نگران وزیر اطلاعات، ثقافت و سیاحت نے آرٹسٹ ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ میں ترامیم کا جائزہ لیا، رولز میں ترامیم کی منظوری کے لئے کابینہ میں پیش کرنے کے انتظامات جلد مکمل کرنے کی ہدایت
پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کینگران وزیر اطلاعات،ثقافت، سیاحت،آثار قدیمہ و میوزیم بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل کی زیر صدارت محکمہ سیاحت کی کارکردگی کے بارے میں جائزہ اجلاس سیکرٹری سیاحت کے دفتر میں منعقد ہوا. سیکرٹری محکمہ سیاحت مطہر زیب کی جانب سے اجلاس کو محکمہ سیاحت کی کارکردگی، جاری منصوبوں اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی. سیکرٹری محکمہ سیاحت مطہر زیب نے بریفنگ میں بتایا کہ انٹگریٹڈ ٹوورزم زونز پر کام جاری ہے. جبکہ صوبے میں نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی اور ترقی پر بھی کام کا آغاز کیا جاچکاہے. اجلاس کو بتایا گیا کہ سیاحتی سہولیات کی فراہمی کے لئے بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر بھی کام کیا جارہا ہے. سیکرٹری سیاحت مطہر زیب نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے میں فنکاروں کی فلاح و بہبود کیلئے آرٹسٹ ویلفیئر انڈوومنٹ فنڈ ایکٹ رولز میں بہتری لانے اور خیبرپختونخوا کابینہ سے منظوری لینے کے لئے کام مکمل کیا جاچکا ہے. اجلاس کو بتایا گیا کہ ایکٹ رولز میں ترامیم سے صوبے میں مشکلات سے دوچار آرٹسٹوں کی بہتر طریقے سے معانت کی جاسکے گی. اجلاس میں محکمہ سیاحت کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے. اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نگران وزیر اطلاعات، ثقافت و سیاحت خیبرپختونخوا بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل نے ہدایت کی کہ آرٹسٹوں کی فلاح و بہبود کے لئے ایکٹ میں ترامیم پر کام جلد مکمل کر کے کابینہ کی منظوری کے لئے تیاری مکمل کی جائے. انہوں نے کہا کہ مالی مشکلات سے دوچار آرٹسٹوں کی مدد کے لئے قائم ویلفیئر فنڈ کے رولز میں ترامیم ضروری ہیں تاکہ فن کے شعبے میں کام کرنے والے آرٹسٹوں کی بروقت اور بہتر طور پر امداد ہوسکے۔