ملک میں عام انتخابات 2024ء کیلئے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی منگل کو جاری کئے جائیں گے، الیکشن کمیشن
اسلام آباد( نمائندہ چترال ٹائمز ) ملک میں عام انتخابات 2024ء کیلئے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی منگل سے جاری کئے جائیں گے جو بدھ سے جمع کرائے جا سکیں گے۔قومی اسمبلی کے کاغذات نامزدگی کے ساتھ سکیورٹی فیس 30 ہزار جبکہ صوبائی اسمبلی کے ساتھ 20 ہزار روپے جمع کرانا ہو گی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق آئندہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ انتخابی عملے کی ٹریننگ کا اختتام (کل) منگل کو ہو گا جبکہ اسی روز ریٹرننگ افسران کی جانب سے پبلک نوٹس کا اجراء کیا جاے گا۔امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی 20 سے 22 دسمبر تک جمع کرائے جا سکیں گے جن کی ابتدائی فہرست 23 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 24 سے 30 دسمبر تک ہو گی جبکہ کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 3 جنوری 2024 کو دائر کی جا سکیں گی۔جن پر اپیلٹ ٹربیونل کی جانب سے فیصلے 10 جنوری تک کئے جائیں گے۔ امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو جاری کی جائے گی۔ کاغذات نامزدگی 12 جنوری کو واپس لئے جا سکیں گے جبکہ اسی روز امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائے گی۔ امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 13 جنوری کو کی جائے گی جبکہ پولنگ 8 فروری 2024ء کو ہو گی۔