لوک میلہ،خیبرپختونخوا پویلین ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا
میلے میں مختلف ڈسٹرکٹس سمیت ضم اضلاع کے دستکاری سٹالز، کھانے پینے کے سٹالز، خٹک ڈانس اور رباب موسیقی سے آنے والے سیاح خوب محظوظ ہورہے ہیں۔
پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ) نیشنل ہیریٹیج اینڈ کلچر ڈویژن اسلام آباد کے زیراہتمام دس روزہ لوک میلہ 2023 میں خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام لگایا گیا پویلین ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ ٹورازم اتھارٹی کی جانب سے ایبٹ آباد، ڈی آئی خان، چارسدہ، ہری پور، صوابی، پشاور، چترال، مانسہرہ، سوات اور ضم شدہ اضلاع کے کاریگروں کی مصنوعات کی نمائش کیلئے 30 سے زائد دستکاری و ثقافتی اشیاء کے اسٹالز لگائے گئے ہیں جبکہ ساتھ ہی ساتھ خیبرپختونخوا کے روایتی کھانے پینڈا، چپلی کباب، تکہ بوٹی،چکن بوٹی، مٹن کڑائی سمیت ایف سی خٹک ڈانس اور رباب موسیقی شامل ہے۔میلہ میں شرکت کا مقصد صوبے کا سافٹ امیج پیش کرنا اور دنیا کو صوبے کے بھرپور ثقافتی اور روایتی ورثے سے آگاہ کرنا اور صوبے کے فنکاروں کی سپورٹ کرنا ہے۔خیبرپختونخوا پویلین رخ کرنے والے شرکاء روایتی کھانوں کے سٹالز پر مختلف علاقوں کے کھانوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔پویلین کا خاص بات مشہور قصہ خوانی بازار ہے جہاں زائرین خیبرپختونخوا کی تاریخ جاننے کیساتھ ساتھ قہوہ پی کے لطف اندوز ہورہے ہیں۔پویلین میں آویزاں روایتی اشیاء میں مومی پینٹنگز، مٹی کے برتن، مغل آرٹ، چارسدہ چپل اور کھڈی، لکڑی کا کام، چترالی ٹوپی، پتھر اور شیشے کی نکاشی، ہزارہ پھلکاری اوربیگ، سواتی شال، ٹرک آرٹ، پتھر کی موزیک، خطاطی، خشک میوہ جات، گنے کا رس اور روایتی اشیاء شامل ہیں۔ پویلین میں مختلف سیاحتی مقامات اور کے پی کے روایتی کھانوں کی ویڈیوز اور ڈاکومنٹریزبھی دکھائی جارہی ہیں۔پویلین میں ضم شدہ اضلاع اور کالاش پویلین بھی سجایا گیا ہے جہاں کیلاشی اشیاء کی نمائش اور کیلاش کی ثقافت کے بارے میں معلومات فراہم کی جا رہی ہے۔تقریب کا اختتام 12دسمبر کو ہوگا اس موقع پر خیبرپختونخوا کی محفل موسیقی کی نائٹ بھی منعقد ہوگی جس میں مختلف گلوکار پرفارم کرینگے۔