روز چترال کی طرف سے ایم بی بی ایس کے طالب علم کامران حسین کو سکالرشپ کا چیک دیا گیا
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ROSE, Chitral کے آفس میں ایک سادہ مگر پر وقار تقریب میں چترال کے ایک اور ہونہار طالب علم کامران حسین ساکن میرا گرام اپر چترال کی حوصلہ افزائی کے لئے ستر ہزار روپے اسکالر شپ کا چیک بدست ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چترال عرفان الدین دیا گیا ۔ اس موقع پر چترال کے نامور سیاسی و سماجی شخصیت جناب سجاد احمد بھی موجود تھے۔ یاد رہے کہ کامران حسین نے حال ہی میں ملک کے نامور ادارے آغا خان یونیورسٹی سے ایم ۔بی۔بی ۔ایس نمایاں نمبروں سے پاس کرنے کے بعد امریکہ میں اسپشیلائزیشن کے لئے منتخب ہوگئے ہیں جوکہ ایک اعزاز کی بات ہے۔
اس موقع پر چیئرمین روز ہدایت اللہ نے کہا کہ ROSE, Chitralکی کوشش ہے کہ اس طرح کے طالب علموں کی حوصلہ افزائی کے لئے تمام ذرائع بروئے کار لاکر ڈونیشن اکٹھی کی جائے تاکہ دوسرے طالب علم بھی محنت کرکے آگے آئیے اور اسکالر شپ کے حق دار ہو۔
انھوں نے کہا کہ ROSE, Chitralچترال اس طرح کے اسکالر شپ کے لئے مقامی مخیر خواتین و حضرات خصوصاً بیرون ملک مقیم چترال کمیونٹی کے افراد کے عطیات اور زکواۃ پر انحصار کرتا ہے تاکہ چترال کا کوئی طالب علم محض مالی پریشانیوں کی وجہ سے اعلی تعلیم سے محروم نہ رہے۔
چیئرمین نے تمام خواتین و حضرات سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے عطیات اور صدقات میں ان مستحق طالب علموں کا ضرور حصہ رکھے تاکہ دیے سے دیے جلانے کا یہ عمل رکنے نہ پائے۔