خیبرپختونخوا میں میڈیکل اینڈڈینٹل کالجوں میں داخلو ں کے لئے 26 نومبر کو ایم ڈی کیٹ کا دوبارہ انعقاد
خیبرپختونخوا نے صوبہ بھر میں آئندہ ایم ڈی سی اے ٹی ٹیسٹ میں دھوکہ دہی کا پتہ لگانے اور اسے روکنے کے لیے ایک مکمل منصوبہ تیار کر لیا
پشاور (چترا ل ٹائمز رپورٹ) خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام ایم ڈی کیٹ کے دوبارہ انعقاد کی تیاریوں کے سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ داخلہ و قبائلی امور خیبرپختونخوا عابد مجید کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایم ڈی کیٹ کے شفاف انعقاد کے سلسلے میں تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وائس چانسلر کے ایم یو پروفیسر ڈاکٹر ضیا ئالحق کے علاوہ ڈویز نل کمشنرز ملاکنڈ،سوات، پشاور، کوہاٹ، ہزارہ، ڈی آ ئی خان، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس، ایف آئی اے اور دیگر انٹیلیجنس اداروں کے حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ایم ڈی کیٹ کے شفاف انعقاد کیلئے پولیس، ضلعی انتظامیہ،اینٹیلیجنس اداروں اور متعلقہ محکموں کواپنی ذمہ داریاں تفویض کی گئیں، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء لحق نے اجلاس کے شرکائکو ٹیسٹ کے انعقاد کے لئے خیبر میڈیکل یونیورسٹی کے مجوزہ ایکشن پلان پر بریفنگ بھی دی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا عابد مجید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم ڈی کیٹ کو ہر لحاظ سے صاف اور شفاف بنانے کے لئے سکیورٹی کے علاوہ درکار انتظامی اور تیکنیکی وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے۔اس بات کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے گا کہ گزشتہ ٹیسٹ میں رونما والا عمل دوبارہ سرزد نہ ہو۔ ایم ڈی کیٹ کے صاف اور شفاف انعقاد کے لئے صوبائی حکومت تمام درکار وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی۔ ٹیسٹ کے لئے صوبے کے سات اضلاع میں امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں، ان اضلاع میں ڈی آئی خان، کوہاٹ، پشاور، مردان، دیر لوئر، سوات اور ایبٹ آباد شامل ہیں اور ٹیسٹ تمام مراکز میں بیک وقت شروع کیا جائیگا۔ والدین کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ اپنے بچوں کے مستقبل کو بچانے کی خاطر کسی بھی غیر قانونی طریقہ کار سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ تمام مراکز کے انٹری پوائنٹس سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ واک تھرو گیٹس نصب کئے جائیں گے اور امیدواروں کی مکمل جامہ تلاشی کی جائے گی اور اس مقصد کے لئے میٹل ڈیٹیکٹرز، سگنل جیمرز بھی نصب کیے جائنگے اس کے ساتھ ہی ہر ایک امیدوار کے نشان انگشت کے ذریعے اہلیت کی نشاندہی بھی کیجائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ موبائل فون اور دیگر الیکٹرانک آلات کو ہال تک لے جانے کے لیے زیرو ٹالرنس کی پالیسی استعمال کی جائے گی اور اس مقصد کے لیے تمام تر انتظامات کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امتحانی ہال میں کوئی بھی امیدوار موبائل یا کسی بھی الیکٹرانک ڈیوائس کے ساتھ پکڑا گیا تو اس کا پرچہ منسوخ کر دیا جائے گاااور اس کے خلاف قانونی کاروائی بھی کیا جائیگی۔ یاد رہے کہ اس سال خیبر پختونخوا حکومت نے پورے صوبے میں ہونے والے آئندہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں دھوکہ دہی کا پتہ لگانے اور اسے روکنے کے لیے ایک مکمل منصوبہ بھی تیار کیا ہے۔