اپر چترال میں زبح شدہ چکن کی خریدوفروخت پر پابندی لگادی گئی ، بھاری مقدار میں مردہ چکن تلف
اپر چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) اپر چترال انتظامیہ کی طرف سے کاروائی کرتے ہوئے ڈاون ڈسٹرکٹ سے اپر چترال سپلائی ہونے والے بھاری تعداد میں مردہ چکن تحویل میں لیکر تلف کردیا گیا ، جمعہ کے روز اپر چترال انتظامیہ کو اطلاع ملنے پر لیویز فورس کے جوانوں نے شچر کے مقام پر مردہ چکن سپلائی کرنے والے شخص کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے چکن اپنے تحویل میں لیے ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عرفان الدین نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر موڑکہو/ تورکہو ربنواز خان کے ہمراہ شچرلیویز چیک پوسٹ پہنچ کر تحویل شدہ چکن کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے تحویل شدہ سارے مردہ چکن موقع پر ہی تلف کئے۔مذکورہ شخص پشاور سے مردہ چکن لاکے اپر چترال کے مختلف علاقوں کے لیے سپلائی کر رہے تھے۔ دریں اثنا ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں ذبح شدہ چکن پر پابندی لگادی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مردہ یا ذبح شدہ چکن کی خرید وفروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔