نگران وزیراعلیِ کا ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی امدادکے لیے چیف سیکرٹری کو ایکشن پلان ترتیب دینے کی ہدایت
نگران وزیراعلیِ کا ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی امدادکے لیے چیف سیکرٹری کو ایکشن پلان ترتیب دینے کی ہدایت
پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے ایک اہم اقدام کے طور پر ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی امداد کا فیصلہ کرتے ہوئے چیف سیکرٹری کو اس سلسلے میں ایکشن پلان ترتیب دے کر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید ہدایت کی ہے کہ ترکیہ کے زلزلہ زدگان کو درکار اشیائے ضروریہ کے بارے نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ وفاقی اداروں سے معلومات حاصل کی جائیں تاکہ زلزلہ زدگان کی ضروریات کے مطابق انہیں اشیائے ضروریہ بھجوانے کے لئے انتظامات کئے جاسکیں۔ وزیر اعلیٰ نے ترکیہ کے زلزلہ زدگان کی مدد کے سلسلے میں وزیراعظم ریلیف فنڈ میں عطیات جمع کرنے کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں سرکاری ملازمین، تعلیمی اداروں اور غیر سرکاری تنظیموں سے عطیات جمع کرنے کے لئے رابطے کئے جائیں۔
اس سلسلے میں جاری اپنے ایک بیان میں نگران وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام مصیبت کی اس گھڑی میں اپنے ترک بہن بھائیوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام آزمائش کی اس گھڑی میں زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے مخیر حضرات، نجی تنظیموں، سرکاری ملازمین اور دیگر تمام طبقوں سے زلزلہ زدگان کے لئے دل کھول کر عطیات دینے کی اپیل کی ہے۔ دریں اثنا اپتھمالوجکل سوسائٹی آف پاکستان، خیبر پختونخوا چپٹر(chapter)نے ترکیہ کے زلزلہ زدگان کے لئے ایک لاکھ روپے کا عطیہ وزیر اعلیٰ کے حوالے کیا۔
دریں اثنا نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے معروف صداکار، ہدایت کار اور براڈکاسٹر ضیائمحی الدین کے انتقال پر افسوس کااظہارکرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ فن کے شعبے میں مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ مرحوم صداکاری کے بے تاج بادشاہ تھے اور فنون لطیفہ کے شعبے میں آپ کی خدمات کو عرصہ دراز تک یاد رکھا جائے گا۔