Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

نگران وزیراعلٰی کے تقررتک وزیراعلٰی محمودخان وزیراعلٰٰی کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے

شیئر کریں:

نگران وزیراعلٰی کے تقررتک وزیراعلٰی محمودخان وزیراعلٰٰی کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علٰی نے خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر کے صوبائی اسمبلی کو تحلیل کر دیا۔ گورنرنے آئینی طریقہ کار کے تحت تین دن کے اندر اندر صوبے میں مشاورت سے نگران وزیراعلٰی کی تقررکیلئے بھی وزیراعلٰی محمودخان اورصوبائی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کو خط لکھ دیاہے۔ دریں اثناء گورنرہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نگران وزیراعلٰی کے تقررتک وزیراعلٰی محمودخان وزیراعلٰٰی کی حیثیت سے ذمہ داریاں انجام دیتے رہیں گے۔ واضح رہے کہ وزیر اعلٰٰی خیبرپختونخوا محمود خان کی جانب سے گزشتہ شب صوبائی اسمبلی تحلیل کرنیکی سفارش گورنر کو ارسال کی گئی تھی جس پر گورنر خیبرپختونخوا نے آئین پاکستان کے آرٹیکل 112 کی ذیلی شق 1 کے تحت اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے بدھ کے روز صبح 9 بج کر 15 منٹ پر خیبرپختونخوا اسمبلی کو تحلیل کر دیا۔ گورنر کے دستخط شدہ اعلامیہ کے بعد صوبائی اسمبلی اور صوبائی کابینہ فوری طور پر تحلیل ہو چکی ہے۔

 

گورنر ہاوس میں جشن کا سما، شہر پشاور کے 2 ہزارسے زائد خصوصی بچے بچیوں کے لیے کھیل، تفریح اور ظہرانے کا اہتمام
جب تک گورنر ہوں گورنر ہاوس کے دروازے سب کے لیے کھلے رکھونگا، بے سہارہ بچوں کے چہرے خوشی سے کھلے دیکھ کر سکون ملتا ہے، گورنر حاجی غلام علی

یتیم و بے سہارہ بچوں اور خصوصی بچوں کی زندگی بہتر بنانے کے لیے ہمیشہ کام کیا اور کرتا رہونگا، صوبے کے مخیر حضرات سے بھی دل کھول کے انکی مدد کرنے کا کہتا ہوں، میڈیا سے بات چیت

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ اللہ نے جن کو اپنے خزانوں سے نواز رکھا ہے وہ دل کھول کر معاشرے کے اس طبقے کو تقسیم کریں جو ان خوشیوں سے محروم ہیں، کیونکہ اگر ان کا غریبی کا امتحان ہے تو یاد رکھیں آپ کی امیری بھی آپ کا امتحان ہی ہے، یتیم، بے سہارہ اور خصوصی بچے بچیوں کی تعلیم و تربیت اور زندگی میں خوشحالی کے لیے ہمیشہ کام کرتا رہا ہوں اور جب تک زندہ ہوں کرتا رہونگا، اس گورنر ہاوس میں جب تک رہونگا اسکے دروازے ہر ایک کے لیے کھلے رکھونگا، بالخصوص ان بچے بچیوں کے لیے جو ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے گزشتہ روز گورنر ہاوس میں شہر پشاور کے یتیم بے سہارہ اور خصوصی بچوں کے لیے منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

گورنر ہاوس میں بچے بچیوں کے لیے منعقدہ اس تقریب میں شہر بھر سے دو ہزار سے زائد ایسے بچے بچیوں نے شرکت کی جو مختلف تعلیمی اداروں اور سنٹرز میں زندگی کے شب و روز گزار رہے ہیں، جن میں اکثریت ایسے ہیں جو کسی نہ کسی طور پر جسمانی کمزوری کا شکار اور معذوری میں مبتلا ہیں تاہم ہمت اور حوصلے کی وجہ سے معاشرے میں اپنی موجودگی ظاہر کرتے ہیں، ایسے بچے بھی تقریب کا حصہ تھے جن کے سر پر والدین کا سائیہ نہیں ہے اور مختلف سنٹرز کے زیر سائیہ زندگی گزار رہے ہیں۔ گورنر کی جانب سے گورنر ہاؤس میں ان معصوم پھولوں کے لیے منعقدہ تقریب میں کھیل کود اور تفریح کا بھی بندوبست کیا گیا۔ جدید سلائڈز گورنر ہاوس کے لان میں لگائی گئیں جہاں بچے بچیاں خوب کھیلے اور انجوائے کیا۔ بعد ازاں گورنر کی جانب سے ان بچوں کو ظہرانہ بھی دیا گیا جس میں گورنر حاجی غلام علی، میئر پشاور حاجی زبیر علی، کمشنر پشاور ریاض محسود، سی سی پی اومحمد اعجاز خان، سابق صوبائی وزیر امان اللہ حقانی، ایف پی سی سی آئی کے کوآرڈینیٹر سرتاج احمد خان اور دیگر نے بھی زمین پر بیٹھ کر بچوں کے ساتھ کھانا کھایا۔ گورنر ہاوس میں اس قسم کا عوامی انداز اور پیار دیکھ کر بچوں نے بھی گورنر کو دل سے عزت دی اور قوت گویائی سے محروم بچوں نے ہاتھوں کی زبان بولتے ہوئے گورنر کو سلام پیش کیا۔ گھنٹوں جاری رہنے والی اس تقریب میں شریک تمام بچے اور مہمانوں نے گورنر ہاوس کے مختلف حصوں کا دورہ بھی کیا اور گورنر کے ساتھ خوب سیلفیاں بنائیں۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر کا کہنا تھا کہ ان بچوں کو خوش دیکھ کر دلی اطمنان و سکون محسوس کررہا ہوں۔ ان کے چہرے کھلے ہیں تو مجھے بھی خوشی ہو رہی ہے کیونکہ یہ خصوصی بچے ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے دیے ہوئے میں سے دینا کس قدر اجر و ثواب کا کام ہے اگر اسکا اندازہ کسی صاحب ثروت کو ہوجائے تو وہ کبھی بھی اپنا ہاتھ نہ روکے اور اللہ کی مخلوق میں خوشیاں بانٹتا رہے۔ گورنر نے کہا کہ معاشرے کے ایسے طبقات جو زندگی کی خوشیوں سے محروم ہیں اور خاص طور پر ایسے بچے جو والدین کے سائے سے محروم ہیں کو زندگی کی خوشیاں دینا دنیا و آخرت کی کامیابی کی پکی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سے ایسے لوگوں اور بچوں کے لیے فلاحی کام سرانجام دیتا رہا ہوں اور مستقبل میں بھی اس سلسلے کو جاری رکھونگا۔ گورنر نے واضح کیا کہ جب سے گورنر بنا ہوں اور جب تک گورنر رہونگا اس گورنر ہاوس کے دروازے اپنی عوام، بزنس کمیونٹی، تاجر برادری، بچے بچیوں غرض یہ کہ ہر کسی کے لیے کھلے رکھونگا کیونکہ میں عوامی ہوں اور گورنر ہاوس کے بعد بھی میں نے اسی عوام ہی کے پاس جانا ہے، اس لیے ہمیشہ سے تعلق قائم ہے اور ہمیشہ اس تعلق کو قائم رکھونگا۔ گورنر ہاوس آنے والے خصوصی بچوں کے تعلیمی اداروں کے منتظمین، سرکاری افسران اور دیگر افراد نے گورنر کا دل سے شکریہ ادا کیا اور ایک دن ان بچوں کے نام کرنے پر انہیں زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کے مخیر حضرات بھی اپنے اردگرد یتیم و بے سہارہ اور خصوصی بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور ایسی تقاریب کا انعقاد کریں تاکہ ان بچوں میں زندگی کی امنگ زندہ رہے۔

Governor KP with Special Childern 2

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
70605