Chitral Times

Jan 16, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عطا تارڑ کا دورہ ترکیہ، پی ٹی وی اور ٹی آر ٹی کی مشترکہ نشریات کی تجویز، پی ٹی وی ورلڈ کے ساتھ مل کر شندور پولو فیسٹول پر دستاویزی فلم پوری دنیا کو دکھائی جا سکتی ہے۔ وزیراطلاعات

شیئر کریں:

عطا تارڑ کا دورہ ترکیہ، پی ٹی وی اور ٹی آر ٹی کی مشترکہ نشریات کی تجویز، پی ٹی وی ورلڈ کے ساتھ مل کر شندور پولو فیسٹول پر دستاویزی فلم پوری دنیا کو دکھائی جا سکتی ہے۔ وزیراطلاعات

استنبول( چترال ٹائمزرپورٹ)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ دستاویزی فلموں کی تیاری اور مشترکہ نشریات کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، پاکستان میں ترکیہ کے ڈرامے اور دستاویزی فلمیں بہت پسند کی جاتی ہیں۔ یہ بات انہوں نے ترکیہ کے قومی ٹی وی چینل ”ٹی آر ٹی ورلڈ“ ہیڈ کوارٹرز کے دورہ کے موقع پر ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل براڈ کاسٹ عمر فاروق تنیویردی سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون، مشترکہ دستاویزی فلموں کی تیاری اور سیاحت کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان یہ تعلقات تاریخی اور مشترکہ مذہبی و ثقافتی اقدار پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی حکومت کے ساتھ ڈراموں، دستاویزی فلموں کی مشترکہ پروڈکشن کے حوالے سے معاہدے ہمارے سٹریٹجک فریم ورک کا حصہ ہیں۔

 

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے۔ گرمائی اولمپکس میں 92.97 میٹر کا جیولین تھرو کا ریکارڈ قائم کرنے والے پاکستانی نوجوان ارشد ندیم کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ارشد ندیم کی ایک بہت ہی متاثر کن کہانی ہے۔ ہم ایسے نوجوانوں پر دستاویزی فلمیں تیار کر سکتے ہیں۔ پاکستان میں شندور پولو فیسٹول کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ شندور پولو فیسٹول نہ صرف سیاحت اور ثقافت بلکہ کھیلوں کے فروغ کا بھی باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ شندور پولو فیسٹول دنیا کے بلند ترین مقام پر کھیلے جانے والا پولو میچ ہے۔ پی ٹی وی ورلڈ کے ساتھ مل کر شندور پولو فیسٹول پر دستاویزی فلم پوری دنیا کو دکھائی جا سکتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے ٹی آر ٹی ورلڈ اور پاکستان ٹیلی ویڑن کی مشترکہ نشریات کی بھی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مشترکہ ثقافت اور مذہبی اقدار موجود ہیں، یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں ترکیہ کے ڈرامے اور دستاویزی فلمیں بہت پسند کی جاتی ہیں۔ ملاقات میں بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے معاملے کو اجاگر کرنے کے حوالے سے وزیر اطلاعات نے کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم پر ڈیجیٹل دستاویزی فلموں کی تیاری کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے ٹی آر ٹی ورلڈ کے مختلف شعبوں کا بھی دورہ کیا۔

 

 

اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی ممبران کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال2023-24 کے جمع کروانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر 2024ہے۔ الکیشن کمیشن

اسلام آباد(سی ایم لنکس)اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی ممبران کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال2023-24 کے جمع کروانے کی حتمی تاریخ 31 دسمبر 2024ہے۔ 2۔الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 کے تحت تمام اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی کے ممبران کے لئے لازم ہے کہ وہ اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے برائے مالی سال2023-24مجوزہ فارم۔بی کی صورت میں مقررہ تاریخ سے پہلے یا 31دسمبر 2024 تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروا دیں۔ سیکشن 137 کے مندرجات ذیل میں بھی دیے جاتے ہیں۔ سیکشن 137- اثاثہ جات اور واجبات کے گوشواروں کی فراہمی۔1۔ہر ممبر اسمبلی و سینٹ سابقہ 30 جون تک کے اپنے بشمول شریک حیات و زیر کفالت بچوں کے اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے بصورت مجوزہ فارم۔بی ہر سال 31دسمبر سے پہلے یا 31 دسمبر تک الیکشن کمیشن کے پاس جمع کروائے گا۔ 2۔ سیکشن137 کی ذیلی شق(2)کے تحت کمیشن ایک پریس ریلیز کے ذریعے ہر سال یکم جنوری کو مقررہ تاریخ تک مطلوبہ گوشوارے جمع نہ کروانے والوں کے نام شائع کرے گا۔ 3

 

۔16جنوری کو ایک حکم کے تحت کمیشن 15 جنوری تک مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے والے اراکین پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کی رکنیت معطل کردے گا اور مذکورہ گوشوارے جمع نہ کروانے تک وہ پارلیمنٹ و اسمبلی کی کسی بھی کاروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ 4۔ اگرکوئی ممبر اپنے پیش کردہ گوشواروں میں کسی قسم کی غلط معلومات فراہم کرنے کا مرتکب پایا گیا تو کمیشن سیکشن 137 کے تحت گوشوارے جمع کروانے کی تاریخ سے 120 دن کے اندر اس بد عنوانی کے جرم کے ارتکاب کی پاداش میں کاروائی کرے گا۔ اس حوالے سے تیار کردہ ہدایات / راہنمائی کے ساتھ مقررہ فارم۔بی الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد، متعلقہ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفاتر، سینٹ سیکرٹریٹ، قومی و صوبائی اسمبلیوں کے سیکرٹریٹ سے مفت حاصل کیا جا سکتا ہے۔ مزید برآں، فارم۔بی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
96694