عالمی یوم مزدور کے موقع پر تمام دفاتر بند ، ملازمین کی چھٹی ، مگر مزدور کام کرتے رہے
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر ملک کے دوسرے حصوں کی طرح چترال کے تمام سرکاری ونجی ادارے بند رہے ملازمین اور افسران نے چھٹی منائی ، مگرکسی ایک مزدور نے بھی چھٹی نہیں کی ۔ اور حسب دستورلیبر کام کرتے رہے ۔مختلف مقامات پر پرائیویٹ تعمیراتی کاموں کے ساتھ سرکاری و نیم سرکاری اداروں کے ساتھ بھی مزدور کام کرتے نظر آئے۔
ستم ظریفی یہ کہ سرکاری ادارے بند ہونے کے باوجود کلاس فور ڈیوٹی دیتے رہے۔ جن کو دیکھ کر ہر ایک نے محسوس کیا کہ شکاگو کے مزدوروں نے اسی دن کیلئے قربانیاں دی تھی کہ ہر سال دنیا میں یکم مئی کو عام تعطیل کیا جائے تاکہ ملازمین اسی دن چھٹی منائیں اور غریب مزدور وں کا کوئی پوچھنے والا نہ ہو۔ اس سلسلے میں مختلف مکاتب فکر نے چترال ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یکم مئی کو چھٹی کرکے سیمینار ، ورکشاپس اور اگہی پروگرامات منعقد کرکے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے کے بجائے ان غریب اور بے بس مزدوروں کے فلاح و بہبود کیلئے کوئی عملی کام کیا جائے۔