Chitral Times

Mar 21, 2025

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی کابینہ کا اجلاس، رمضان پیکج، گرلز کمیونٹی اسکولوں کے اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی، نرسنگ انٹرنشپ ودیگر کےعلاوہ ارباب نیاز اسٹیڈیم  کا نام تبدیل کرکے ”عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم ” رکھنے کی منظوری دی

شیئر کریں:

صوبائی کابینہ کا اجلاس، رمضان پیکج، گرلز کمیونٹی اسکولوں کے اساتذہ کی تنخواہوں کی ادائیگی، نرسنگ انٹرنشپ ودیگر کےعلاوہ ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم  کا نام تبدیل کرکے ”عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم ” رکھنے کی منظوری دی

 

 

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 25واں اجلاس پشاور میں جمعے کے روز منعقد ہوا۔ اجلاس میں کابینہ کے اراکین، چیف سیکریٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹریز، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، انتظامی سیکریٹریز اور ایڈووکیٹ جنرل نے شرکت کی۔ کابینہ نے رمضان/عید امدادی پیکیج کے لئے فنڈکی منظوری دے دی، جو صوبے بھر میں غریب، نادار، بیواؤں، یتیموں اور خواجہ سرا افراد کو فراہم کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے ہدایت دی کہ یہ امداد مستحق خاندانوں کو بینکوں اور ایزی پیسہ کے ذریعے 15 رمضان سے پہلے شفاف طریقے سے فراہم کی جائے۔ اس پیکیج سے 10 لاکھ سے زائد مستحق خاندان مستفید ہوں گے، ہر خاندان کو 10,000 روپے دیے جائیں گے اور بینک/ڈسبرسنگ چارجز صوبائی حکومت خود برداشت کرے گی تاکہ مستحق افراد کو پوری رقم پہنچے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ رمضان کا آغاز 28 فروری یا یکم مارچ کو متوقع ہے، اس لیے تمام سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو فروری کی تنخواہیں اور پنشن 25 فروری 2025 کو ایڈوانس میں ادا کی جائیں۔ کابینہ نے ایبٹ آباد پبلک اسکول اینڈ کالج میں زیرتعلیم 15 یتیم طلبہ کے لیے 4.920 ملین روپے سالانہ گرانٹ کی منظوری دی۔

مزید برآں، کابینہ نے 3,687 اساتذہ کی 9 ماہ کی تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے 1,028.673 ملین روپے کے فنڈز مختص اور جاری کرنے کی منظوری دی، تاکہ صوبے بھر میں 2,325 گرلز کمیونٹی اسکولوں میں زیرتعلیم 181,233 طالبات کی تعلیم بلا تعطل جاری رہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر معیاری تعلیم کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان اسکولوں کے مستفید طلبہ کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ کوئی بھی لڑکی تعلیم سے محروم نہ رہے۔ کابینہ نے بی ایس نرسنگ پروگرام 2020 کے پہلے بیچ کے فارغ التحصیل طلبہ کے لیے ایک سال کے لیے 458 نرسنگ انٹرن شپ نشستوں کی تخلیق کی منظوری دی، جس پر مجموعی طور پر 170.376 ملین روپے لاگت آئے گی، اور ہر انٹرن کو 31,000 روپے ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا۔

کابینہ نے محکمہ اوقاف کے لیے مالی سال 2024-25 کے دوران 400 ملین روپے بطور گرانٹ ان ایڈ جاری کرنے کی منظوری دی، تاکہ واجب الادا تنخواہوں، پنشنز اور دیگر اخراجات کی ادائیگی ممکن ہو سکے۔ کابینہ نے خیبرپختونخوا بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈکے لیے 332.563 ملین روپے کی بچت اور جمع شدہ منافعے کو تنخواہوں اور معمول کی سرگرمیوں کے لیے استعمال کرنے کی منظوری دی، جو کہ محکمہ خزانہ کے قواعد سے مشروط ہو گی۔ کابینہ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی تعمیل کرتے ہوئے کیڈٹ کالج سوات فیز III کے قیام کے لیے اراضی کی قیمت میں 298.481 ملین روپے سے 468.013 مفلین روپے تک اضافے کی منظوری دی۔

کابینہ نے موٹر وہیکلز رولز 1969 میں ترامیم کی منظوری دی، جس کے تحت سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کو بس/ٹرک اڈوں کا معائنہ کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ مزید برآں، کابینہ نے سائنس و ٹیکنالوجی محکمے کے لئے خیبرپختونخوا حکومت کے رولز آف بزنس 1985 میں ترامیم کی منظوری دی۔

کابینہ نے خیبرپختونخوا سٹی/تحصیل لوکل گورنمنٹ (رولز آف بزنس) 2022 میں مختلف ترامیم اور لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 کے سیکشن 25(1) میں ترمیم کی منظوری دی، جس سے مقامی منتخب نمائندوں کو مزید اختیارات دیے جائیں گے۔ کابینہ نے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پروستھیٹک اینڈ آرتھو ٹک سائنسز (PIPOS) کے بورڈ آف مینجمنٹ کی تشکیل نو کی منظوری دی۔ کابینہ نے ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم شاہی باغ کا نام تبدیل کرکے ”عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم شاہی باغ، پشاور” رکھنے کی منظوری بھی دی۔

 

chitraltimes kp cabinet meeting 25th chaired by cm kp 2

 

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
99392