شندور فیسٹول کی تیاریوں کے سلسلے میں کمانڈنٹ چترال سکاوٹس اور چترال کے دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ودیگر کا انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے شندور پولو گراونڈ کا دورہ
شندور فیسٹول کی تیاریوں کے سلسلے میں کمانڈنٹ چترال سکاوٹس اور چترال کے دونوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ودیگر کا انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے شندور پولو گراونڈ کا دورہ
اپر چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) شندور فیسٹول 2024 کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلے میں اج کمانڈنٹ چترال سکاؤٹس کرنل بلال جاوید، ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عرفان الدین ، ڈپٹی کمشنر لوئر چترال محمد عمران خان ، ونگ کمانڈر 144 ونگ مستوج لیفٹننٹ کرنل محمد نور، صدر پولو ایسوسیشن چترال شہزادہ سکندرالملک اور ویلج کونسل سور لاسپور کے چیرمین نے شندور پولو گراؤنڈ کا دورہ کیا۔
ہر سال کی طرح اس سال بھی جشن شندور کو شایان شان طریقے سے منانے اور شائقین پولو کو ہرممکن سہولیات پہنچانے کے لئے پولو گراؤنڈ شندور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔
انہوں نے باہمی طور پر یہ فیصلہ کیا کہ اس سال شندور کی خوبصورتی کا خاص خیال رکھا جائے گا اور گراؤنڈ کے اس پاس اور پہاڑوں پر ہر قسم کی خطاطی، پینٹنگ یا غیر ضروری اشتہار وغیرہ لگانے پر مکمل پابندی ہوگی اور لکھنے یا اشتہار وغیرہ لگانے کی صورت میں اسے فوری طور پر ہٹا دیا جائے گا۔ اس حوالے سے بہت جلد ڈپٹی کمشنر اپر چترال دفعہ 144نافذ کرے گا۔
یہ طے ہوا کہ سویلین تماشائیوں کے لئے اس سال خصوصی سہولیات پہنچانے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی ۔یہ بھی طے ہوا کہ اس سال پولیس کیمپنگ والا سائڈ تماشائیوں کے رہنے کے لئے ریزرو کیا جائے گا۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اس سال جشن شندور کو منعقد کرتے وقت مقامی لوگوں کے روایات اور اقدار کا خاص خیال رکھا جائے گا۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت ، پولو گراؤنڈ کی تزئین و آرائش اور تماشائیوں کے بیٹھنے کے لئے سیڑھیوں پر کام جلد از جلد مکمل کیا جائے گا۔یادرہے کہ جشن شندور اس سال 27 جون سے 29جون کے درمیان منایا جارہاہے، جبکہ اس سے پہلے یہ ایونٹ 7 سے 9 جولائی کے درمیان منایا جاتا رہاہے، گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی اس فیسٹول کی میزبانی چترال کے دونوں اضلاع کی انتطامیہ کرینگے۔