آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان کی جانب سے درونیل، کریم آباد میں پینے کے صاف پانی کا منصوبہ مکمل، باقاعدہ افتتاح کے بعد آج کمیونٹی کے حوالے کیا گیا
آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان کی جانب سے درونیل، کریم آباد میں پینے کے صاف پانی کا منصوبہ مکمل، باقاعدہ افتتاح کے بعد آج کمیونٹی کے حوالے کیا گیا
کریم آباد (نمائند ہ چترال ٹائمز ) آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان (اکاہ) کی جانب سے درونیل، کریم آباد کے ۹۴ گھرانوں کے لئے پینے کے صاف پانی کا ایک منصوبہ پایہ تکمیل کے بعد درونیل کریم آباد کے عوام کے حوالے کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آر پی ایم ولی محمدخان نے کہا کہ اکاہ کی جانب سے رواں سال چترال میں اج ہم چوتھے پینے کے صاف پانی کا منصوبہ تکمیل کے بعد کمیونٹی کے حوالے کررہے ہیں۔یہ سب کچھ کمیونٹی کی مدد اور آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان کے اسٹاف کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کی مثبت سوچ ہمیشہ کامیابیوں کا سبب بنتا ہے، جبکہ تنقید برائے تنقید اور منفی سوچ معاشرے میں انارکی کے علاوہ فرد واحد کی زندگی میں بھی مسائل کو جنم دینے کا سبب بنتا ہے۔ آپ سب لوگوں کی مثبت سوچ کا نتیجہ ہے کہ آج ہم کروڑوں کا پراجیکٹ کامیابی سے مکمل کرنے کے بعد اپنی کیچن میں ڈبلیو ایچ او کے معیار کے مطابق صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا ہے۔یہ سہولت کراچی اور اسلام آباد میں دستیاب نہیں ہے۔ آپ لوگ خوش قسمت ہیں کہ آپ لوگوں چوبیس گھنٹے اس سے مستفید ہوں گے۔
بورڈ آف ڈائریکٹر محمد افضل نے کہا کہ ہمیں اپنے اداروں پر تنقید کے بجائے آگے بڑھ کر ان کی مدد کرنی چاہئے۔ اداروں کے اسٹاف کے ساتھ مل کر کام کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کا ثمر آج آپ لوگ صاف پانی کی صورت میں حاصل کرچکے ہیں۔ آپ لوگوں کی مدد اور حوصلہ افزائی کاسلسلہ جاری رہا تو اس سے بھی بڑے منصوبے آپ کے علاقے میں شروع ہوں گے۔
پریذیڈنٹ ریجنل کونسل لوئر چترال نے اپنے اختتامی خطاب میں کہا کہ امامت کے ادارے اپنی وژن کے مطابق بنی نوع انسان کے لئے سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ چترال کے لوگوں کو اب آگے بڑھ کر اپنی بساط کے مطابق اداروں کی مدد کرنی چاہئے۔ تاکہ ادارے بہتر طور پر مزید ضرورت مند لوگوں تک پہنچ کر بنیادی انسانی ضروریات کی فراہمی کو یقینی بنا سکیں۔
آج کی تقریب میں علاقے کے عمائدین،آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان کے اسٹاف اور مختلف دیہات سے آئے ہوئے لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چترال کی ترقی میں آغا خان ایجنسی فار ہیبیٹاٹ پاکستان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔