The Voice of Chitral since 2004
Tuesday, 10 November 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

ضمیر، نسخہ اور دوا کا بازار – از قلم: نجیم شاہ

Chitral Times

ضمیر، نسخہ اور دوا کا بازار – از قلم: نجیم شاہ

ضمیر، نسخہ اور دوا کا بازار – از قلم: نجیم شاہ

ضمیر، نسخہ اور دوا کا بازار – از قلم: نجیم شاہ

.

ہم کیسے عجیب بدنصیب لوگ ہیں کہ ہمارے ہاں بیماری بھی غریب آدمی کو دیوالیہ کرنے آتی ہے۔ بخار ہو تو دوائیں، اُلٹی ہو تو دوائیں، کمزوری ہو تو دوائیں، نیند نہ آئے تو دوائیں، بھوک مر جائے تو دوائیں۔ مریض ڈاکٹر کے پاس شفا لینے جاتا ہے اور بسا اوقات ادویات کا پورا لشکر لے کر واپس آتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ علاج ہورہا ہے یا مریض کی جیب کا پوسٹ مارٹم؟

دُنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں اُصول یہ ہے کہ پہلے تشخیص، پھر علاج۔ امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور جاپان میں ڈاکٹر کی نسخہ نویسی طبی رہنما اُصولوں اور پیشہ ورانہ ضابطوں کے تابع ہے۔ امریکہ میں دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے ڈاکٹروں کو دی جانیوالی مالی مراعات کا ریکارڈ عوامی دسترس میں رکھا جاتا ہے۔ وہاں بھی کاروباری مفادات ہیں، مگر ان پر پردہ ڈالنے کے بجائے نگرانی کا نظام قائم کیا گیا ہے۔

جاپان میں ڈاکٹر اور دوا فروش ماہر کی ذمہ داریاں الگ ہیں، چین نے سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فروخت پر اضافی منافع ختم کرنیکی اصلاحات متعارف کروائیں، جبکہ یورپی ممالک میں غیر ضروری جراثیم کش ادویات کے استعمال کی حوصلہ شکنی کی جاتی ہے۔ خلیجی ممالک میں بھی طبی اخلاقیات اور ادویات کی تشہیر کے قواعد موجود ہیں۔ فرق یہ ہے کہ وہاں مریض کا تحفظ نظام کی ترجیح بنانے کی کوشش کی جاتی ہے۔

کراچی میں 419 نجی ڈاکٹروں پر ہونیوالی 2024ء کی ایک تحقیق میں 90 فیصد ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ دوا ساز کمپنیوں کے نمائندوں سے ہفتہ وار ملاقات کرتے ہیں۔ ذرا سوچیے، ایک طرف مریض اپنی بیماری کا حال سنا رہا ہے اور دُوسری طرف ادویات کی صنعت اپنے کاروباری مفادات کے ساتھ موجود ہے۔ ملاقات جرم نہیں، لیکن اگر اس کا اثر نسخے پر پڑے تو یہ محض ملاقات نہیں، اعتماد سے کھلواڑ ہے۔

2025ء میں ایک بین الاقوامی طبی جریدے میں شائع ہونیوالی تحقیق نے مزید تشویش پیدا کی۔ کراچی کے 419 ڈاکٹروں پر کیے گئے تجربے میں ایک گروہ کے 41.9 فیصد اور دُوسرے گروہ کے 32.3 فیصد ڈاکٹروں نے مخصوص دوا تجویز کرنے کے بدلے ترغیبات قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ یہ تمام پاکستانی ڈاکٹروں کا تناسب نہیں، مگر ہمارے طبی نظام کیلئے خطرے کی گھنٹی ضرور ہے۔ سوال یہ ہے کہ مریض کے اعتماد کی قیمت کون ادا کریگا؟

اسلام آباد کے ایک سرکاری طبی مرکز میں 2,290 نسخوں کے جائزے نے بھی ہماری نسخہ نویسی کی قلعی کھولی۔ فی نسخہ اوسطاً 3.37 ادویات تجویز کی گئیں، جبکہ صرف 4.8 فیصد ادویات اصل سائنسی نام سے لکھی گئیں۔ اب سوال یہ ہے کہ دوا مریض کی ضرورت کے مطابق لکھی جارہی ہے یا تجارتی نام، کمپنی کے اثرورسوخ اور ڈاکٹر کے مفاد کے مطابق؟ علاج ہونا چاہیے، برانڈوں کی نمائش نہیں۔

یاد رکھیے، ہر مریض کو ایک دوا دینا بھی کوئی طبی اُصول نہیں اور ہر مریض کو دس دوائیں لکھ دینا بھی مسیحائی نہیں۔ بعض بیماریوں میں متعدد ادویات ناگزیر ہوتی ہیں، مگر غیر ضروری دوائیں مریض کو فائدے کے بجائے نقصان پہنچا سکتی ہیں۔ بخار کے ساتھ متلی، جسم درد، کمزوری اور بھوک کی کمی بھی ہوسکتی ہے۔ سمجھ دار معالج علامات کے پیچھے چھپی بیماری تلاش کرتا ہے، ہر علامت کو کاروبار کا الگ عنوان نہیں بناتا۔

ہمارے ہاں سرکاری ہسپتال کی قطار، نجی مطب کی فیس، مہنگے طبی معائنے اور بار بار کی حاضری عام آدمی کیلئے علاج کو عذاب بنا دیتے ہیں۔ سرکاری ملازمت کے دوران نجی علاج گاہ چلانے اور مریض کو وہاں بھیجنے کے معاملات پر مؤثر نگرانی ہونی چاہیے۔ ہر ڈاکٹر پر الزام زیادتی ہے، لیکن ہر سفید کوٹ کو احتساب سے بالاتر سمجھنا بھی حماقت ہے۔ مسیحائی احترام ضرور مانگتی ہے، مگر جواب دہی سے آزادی نہیں۔

پاکستان میں ادویات کی نگرانی کا ادارہ اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے ضابطے موجود ہیں۔ دوا ساز کمپنیوں کی تشہیر اور ڈاکٹروں کو ترغیبات دینے کیلئے بھی قواعد بنائے گئے ہیں۔ پھر خرابی کہاں ہے؟ خرابی قوانین کی کتابوں میں نہیں، ان پر عمل درآمد کی کمزوری میں ہے۔ کتنے نسخوں کا جائزہ لیا جاتا ہے؟ کتنی خلاف ورزیوں پر کارروائی ہوتی ہے؟ مریض کو دوا کی قیمت اور ضرورت کا حساب کون دیتا ہے؟

یہ ملک ڈاکٹروں سے نفرت نہیں، مسیحائی کی بحالی چاہتا ہے۔ ہمیں ایسے معالج درکار ہیں جن کا قلم کمپنی کے منافع کیلئے نہیں، مریض کی شفا کیلئے چلے۔ دوا ساز کمپنی دوا بنائے، ڈاکٹر علاج کرے اور ریاست دونوں کا احتساب کرے۔ یاد رکھیے، سفید کوٹ پہن لینے سے ضمیر سفید نہیں ہوجاتا اور نسخہ لکھ دینے سے مسیحائی ثابت نہیں ہوتی۔ جس معاشرے میں مریض کی بیماری کسی کے منافع کا ذریعہ بن جائے، وہاں صرف جسم نہیں، پورا نظام بیمار ہوتا ہے۔