سی اینڈ ڈبلیو اپر چترال کے ایگزیکٹیو انجینئر ضیاء الرحمن ریشن شادر میں حادثے کا شکار ہوکر انتقال کر گئے، ضلعی انتظامیہ اورعوام کی طرف سے آفسوس اور تعزیت کا اظہار
۔
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) اپر چترال کے ایگزیکٹو انجینئر ضیاء الرحمن منگل کے روز شادیر ریشن کے مقام پر پیش آنے والے حادثے میں زخمی ہونے کے بعد انتقال کر گئے۔
ذرائع کے مطابق شادیر ریشن کے مقام پر سڑک بند ہونے کے باعث وہ پیدل دشوار گزار راستہ عبور کر رہے تھے کہ گہری کھائی میں گر کر شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بونی پھر چترال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے بدھ کے روز چترال ہسپتال میں دم توڑ گئے۔ جبکہ اسکو فوری پشاور پہنچانے کیلئے آئیر ایمبولینس کیلئے بھی کوششیں جاری تھیں ۔
مرحوم کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔ ضروری کارروائی کے بعد ان کی میت آبائی گاؤں روانہ کر دی گئی۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ضلعی انتظامیہ، سرکاری افسران، کنٹریکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
دریں اثنا ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے ضیاء الرحمن کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک قابل، دیانتدار اور فرض شناس افسر تھے جنہوں نے اپنی ذمہ داریاں خلوص اور محنت سے انجام دیں۔ ان کی وفات محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور اپر چترال کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور مرحوم کی مغفرت و بلندی درجات کے لیے دعا کی۔اسی طرح ٹی ٹی آر ایف تورکہو کی طرف سے بھی حادثے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
مقامی عوام نے اس افسوسناک واقعے کے بعد شادیر ریشن روڈ کی خستہ حالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی فوری مرمت اور حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔


File Photo Eng. Ziaullah XEN C&W Upper Chitral