وفاقی حکومت کے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رہے گا، ایمرجنسی یا گورنر راج سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، نیاز احمد نیازی ایڈووکیٹ
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارٹی ترجمان نیاز احمد نیازی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ چترال میں وفاقی حکومت کے زیرِ تکمیل ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رہے گا اور خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج کے نفاذ کی صورت میں بھی ان منصوبوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے عوامی خدشات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ دانش اسکول، چترال بونی روڈ، کالاش ویلیز روڈ، گرم چشمہ روڈ اور تورکھو روڈ سمیت وفاقی حکومت کے جاری منصوبوں پر تعمیراتی کام میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی، بلکہ ان منصوبوں پر کام پہلے سے زیادہ تیزی کے ساتھ آگے بڑھایا جائے گا۔
نیاز احمد نیازی ایڈووکیٹ نے دعویٰ کیا کہ سابق صوبائی حکومت کی جانب سے مطلوبہ تعاون نہ ملنے کے باعث ان منصوبوں پر کام کی رفتار متاثر ہو رہی تھی، تاہم اب تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی آنے کی توقع ہے۔

