چترال شندور روڈپر سخت موسمی حالات کے باعث اسفالٹ کا کام مارچ کے مہینے میں دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ عبدالولی خان ایڈوکیٹ کی قیادت میں وفد کا مظفر علی رانجھا سے ملاقات
صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) انجینئر امیر مقام کا رواں ماہ کے آخر میں چترال کا دو روزہ دورہ کرینگے
اسلام آباد (نمائندہ چترال ٹائمز) صوبائی صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) انجینئر امیر مقام رواں ماہ کے آخر میں چترال کا دو روزہ دورہ کریں گے۔ وہ چترال یونیورسٹی میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے بھی خطاب کریں گے۔
یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں مسaلم لیگ (ن) چترال کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد کی قیادت مسلم لیگ (ن) ضلع چترال کے صدر عبدالولی خان ایڈووکیٹ کر رہے تھے۔
اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے وزیراعظم کے حالیہ دورۂ چترال کے دوران کیے گئے اعلانات پر پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ دانش اسکول کا باقاعدہ ٹینڈر ہو چکا ہے اور متعلقہ ٹھیکیدار رواں ماہ موقع پر کام کا آغاز کرے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گیس پلانٹ منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔
وفد سے گفتگو کے دوران ضلعی صدر عبدالولی خان ایڈووکیٹ نے پارٹی کارکنان کو درپیش مسائل صوبائی صدر کے سامنے رکھے۔
دریں اثنا، مسلم لیگ (ن) چترال کے وفد نے وزیراعظم معائنہ کمیشن کے سربراہ مظفر علی رانجھا سے وزیراعظم آفس میں تفصیلی ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران وفد نے لواری اپروچ روڈ کی بروقت تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا جبکہ آیون کلاش ویلیز منصوبے پر کام کی رفتار کو بھی سراہا گیا۔
چترال شندور روڈ کے حوالے سے مظفر علی رانجھا نے بتایا کہ سخت موسمی حالات کے باعث اسفالٹ کا کام مارچ کے مہینے میں دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس دوران ٹھیکیدار کو ہدایت کی گئی ہے کہ چترال،بونی روڈ سے کوئی مشینری منتقل نہ کی جائے۔


