لوئر چترال: ونٹر کنٹیجنسی پلان کے تحت ممکنہ برفباری و خراب موسم سے نمٹنے کے لیے اجلاس، تمام محکمے الرٹ
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ممکنہ برفباری اور خراب موسمی حالات کے پیشِ نظر ونٹر کنٹیجنسی پلان کے تحت اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی زیرِ صدارت ڈپٹی کمشنر آفس میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو جاری آپریشنز، فیلڈ میں موجود ٹیموں کی کارکردگی، دستیاب وسائل اور اب تک کیے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ خراب موسمی صورتحال میں کسی بھی ممکنہ ہنگامی حالت سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لیے ریسکیو و ریلیف انتظامات، سڑکوں کی بحالی اور بین المحکماتی رابطہ کاری کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لوئر چترال نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ممکنہ برفباری اور خراب موسم کے پیشِ نظر مکمل طور پر الرٹ رہیں، بحالی کے اقدامات مزید تیز کریں اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
۔
ادھر لواری ٹنل اور اطراف کے علاقوں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی ہدایات کی روشنی میں تمام متعلقہ محکمے مکمل طور پر متحرک ہیں اور عوام کی سہولت و ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے سنو کلیئرنس آپریشن دن رات بلا تعطل جاری ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کی مشینری لواری اپروچ روڈ اور گرم چشمہ لنک روڈ پر تعینات ہے، جبکہ ٹی ایم اے، سی اینڈ ڈبلیو اور کے وی ڈی اے کی مشینری ضلع کے دیگر علاقوں میں برف ہٹانے کے عمل میں مصروف ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق لواری اپروچ روڈ سمیت تمام اہم شاہراہیں اس وقت ٹریفک کے لیے بحال ہیں۔ مسافروں اور سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسمی حالات میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، سفر سے قبل راستوں کی تازہ صورتحال جاننے کے لیے 1422 ٹورازم ہیلپ لائن سے رابطہ کریں اور دورانِ سفر سنو چین کا لازمی استعمال کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے یا مشکل سے بچا جا سکے۔


