گرم چشمہ میں جنگلی خون خوار جانور کا حملہ، درجنوں مویشی ہلاک، علاقے میں خوف و ہراس، وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ سے فوری اقدامات اور نقصانات کے معاوضے کا مطالبہ
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) لوئر چترال کے علاقے گرم چشمہ کے گاؤں گبور بخ میں کسی جنگلی درندے کے حملے کے بعد علاقے کے عوام میں شدید خوف و ہراس پایا جا رہا ہے، جبکہ متاثرہ خاندان کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں علاقے کے مختلف مقامات پر جنگلی حیات کی نقل و حرکت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث لوگوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت مویشی خانوں اور رہائشی گھروں کے قریب چیتوں کی موجودگی ایک سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے۔
گزشتہ رات رات یہ جنگلی جانور عبدل مجید نامی رہائشی کےمویشی خانے میں گھس گیا ہے اور 35 مویشیوں کو ہلاک کردیا ہے۔
علاقے کے عمائدین نے محکمہ وائلڈ لائف سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر متاثرہ علاقے کا سروے کیا جائے اور چیتے کو قابو میں لانے یا محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر بروقت کارروائی نہ کی گئی تو آئندہ دنوں میں انسانی جانوں کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
متاثرہ شخص عبدل مجید نے بتایا کہ یہ اس کا واحد ذریعہ معاش تھا اور ایک ہی رات میں اس کا سب کچھ تباہ ہو گیا۔ انہوں نے حکومت سے فوری مالی امداد اور نقصان کے ازالے کا مطالبہ کیا۔
علاقہ مکینوں نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ مویشی پال حضرات کے لیے حفاظتی باڑ، روشنی کے انتظامات اور دیگر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔

