اپرچترال؛ پہلی مرتبہ سرکاری سکولوں میں ویلکم ڈے منایاگیا، تعطیلات کے بعد سکول واپس آنے والے بچوں کو پھولوں اور محبت بھرے الفاظ سے خوش آمدید کہا گیا ، بچوں میں سکول بیگز اور اسٹیشنری کا تحفہ تقسیم
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈائریکٹر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن خیبرپختونخوا کی ہدایات کے مطابق آج یکم اگست 2025 کو اپر چترال کے تمام سرکاری سکولوں میں “ویلکم ڈے” بھرپور جوش و خروش اور ایک پُرمسرت تعلیمی ماحول میں منایا گیا۔گرمیوں کی تعطیلات کے بعد سکول واپس آنے والے بچوں کو پھولوں، محبت بھرے الفاظ اور حوصلہ افزائی کے ساتھ خوش آمدید کہا گیا، تاکہ وہ چھٹیوں کے بعد اسباق کا آغاز جوش، امید اور خوشی کے ساتھ کریں۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اپر چترال مفتاح الدین نے اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صبح 7 بجے گورنمنٹ ہائی سکول کوشٹ کا دورہ کیا۔ انہوں نے طلبا و طالبات کو نہایت محبت اور شفقت کے ساتھ ویلکم کیا اور ننھے بچوں میں بیگز، کاپیاں، پنسلز اور دیگر اسٹیشنری کا تحفہ تقسیم کیا۔
ڈی ای او کے اس خیرمقدم انداز اور بچوں سے براہِ راست رابطے نے ماحول کو نہایت دوستانہ اور خوشگوار بنا دیا۔
اپر چترال کے دیگر سکولوں میں بھی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس میل اپر چترال کے ADEOs، ASDEOs ،SDEOs اور سکول لیڈرز نے مختلف تعلیمی اداروں کا وزٹ کیا اور بچوں کو خوش آمدید کہنے کے ساتھ ساتھ نرسری و فرسٹ کلاس کے بچوں میں بیگز تقسیم کیے۔







