اپر چترال میں ٹیلی کمیونیکیشن مسائل کے مستقل حل کے لیے یو ایس ایف وفد کا ڈپٹی کمشنرسے ملاقات، فائبر آپٹک کیبلز، نیٹ ورک بہتری اور موبائل سروسز کی بحالی کیلئے فوری اقدامات پر اتفاق
۔
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) وفد میں چیف ایگزیکٹو آفیسر (CEO) چوہدری مدثر نوید، چیف ٹیکنالوجی آفیسر (CTO) بلال احمد، ڈپٹی منیجر امپلیمنٹیشن معظم فاروق، جی آئی ایس اسپیشلسٹ حسن مقصود عباسی، ٹیکنیکل کوآرڈینیٹر عریب احمد اور کوآرڈینیٹر ٹو سی ای او زین العابدین شامل تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد عمران خان نے وفد کو بتایا کہ اپر چترال میں بار بار نیٹ ورک کی بندش، کمزور موبائل سگنلز اور انٹرنیٹ سروس کی خرابی عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی اور دور افتادہ ضلع ہونے کے باعث مؤثر مواصلاتی نظام ہنگامی حالات، تعلیم، صحت اور ترقیاتی سرگرمیوں کے لیے ناگزیر ہے، لہٰذا ان مسائل کا مستقل اور پائیدار حل نکالا جانا چاہیے۔
یو ایس ایف حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چترال-بونی-مستوج-شندور (CBMS) روڈ کی تعمیر کے دوران متعدد مقامات پر فائبر آپٹک کیبلز کو نقصان پہنچنے سے پی ٹی سی ایل اور دیگر موبائل نیٹ ورک آپریٹرز کی سروسز شدید متاثر ہو رہی ہیں، جس کے باعث انٹرنیٹ اور موبائل نیٹ ورک بار بار معطل ہو جاتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) اور متعلقہ ٹھیکیداروں سے فوری رابطہ کرکے فائبر آپٹک انفراسٹرکچر کے تحفظ اور مستقبل میں ایسے نقصانات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں گے، جبکہ وہ خود بھی اس عمل کی نگرانی کریں گے۔
ملاقات میں موبائل ٹاورز پر ڈیزل کی قلت، بیک اپ پاور سسٹمز اور سولر یونٹس کی غیر فعالیت کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ان مسائل کے حل کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانا ضروری ہے اور ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
یو ایس ایف کے وفد نے بتایا کہ وہ تکنیکی ماہرین کے ہمراہ اپر چترال کا دورہ کر رہا ہے تاکہ زمینی حقائق کا جائزہ لے کر نیٹ ورک اور سگنلز کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر تکنیکی اقدامات کیے جا سکیں۔ وفد نے یقین دلایا کہ عوام کو بہتر، مستحکم اور بلا تعطل ٹیلی کمیونیکیشن سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

