The Voice of Chitral since 2004
Friday, 11 September 2026
Chitraltimes — The Voice of Chitral

اپرچترال: کوشٹ تا لون روڈ پر عملی کام کا آغاز، ہیوی مشینری پہنچا دی گئی

Chitral Times

اپرچترال: کوشٹ تا لون روڈ پر عملی کام کا آغاز، ہیوی مشینری پہنچا دی گئی

اپرچترال: کوشٹ تا لون روڈ پر عملی کام کا آغاز، ہیوی مشینری پہنچا دی گئی

اپرچترال: کوشٹ تا لون روڈ پر عملی کام کا آغاز، ہیوی مشینری پہنچا دی گئی

.

اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) کوشٹ تا لون روڈ منصوبے پر عملی کام کے آغاز کے لیے ہیوی مشینری پہنچا دی گئی ہے، جسے علاقے کے عوام نے ایک دیرینہ خواب کی تعبیر اور ترقی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

مقامی سماجی کارکن عجب خان کے مطابق یہ منصوبہ اپنی اہمیت کے اعتبار سے منفرد ہے، کیونکہ اس سے علاقے کے عوام کو سفری سہولت میسر آنے کے ساتھ مستقبل میں اپر اور لوئر چترال کے درمیان شندور روڈ کے متبادل راستے کے طور پر بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبہ ورلڈ بینک کے تعاون سے تعمیر ہو رہا ہے، تاہم زمین کے معاوضے کے لیے مطلوبہ رقم دستیاب نہ ہونے کے باعث مقامی لوگ اپنی زمینیں، آبادیاں اور باغات بلا معاوضہ فراہم کرکے منصوبے کی تکمیل میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ عوامی تعاون کو سراہتے ہوئے انہوں نے امید ظاہر کی کہ منصوبے کے ذمہ دار ادارے بھی عوامی مفاد کو اولین ترجیح دیں گے۔

عجب خان نے کہا کہ علاقے کے عوام کو موجودہ سروے اور روڈ کے ڈیزائن کے حوالے سے بعض تحفظات ہیں۔ ان کے مطابق کئی مقامات پر پرانے روڈ کی الائنمنٹ کو برقرار رکھا گیا ہے، جبکہ یہ راستہ ماضی میں مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت تعمیر کیا تھا۔ اس وقت سڑک بنیادی طور پر جیپ اور بھاری گاڑیوں کی آمدورفت کو مدنظر رکھتے ہوئے بنائی گئی تھی، تاہم موجودہ دور میں چھوٹی گاڑیوں اور عام ٹریفک کے لیے زیادہ محفوظ، کشادہ اور نسبتاً ہموار سڑک کی ضرورت ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں، انجینئرز، کنسلٹنٹس اور دیگر ذمہ دار حکام سے اپیل کی کہ تعمیراتی کام مزید آگے بڑھنے سے قبل ان مقامات کا ازسرِنو تکنیکی جائزہ لیا جائے جہاں تیز چڑھائی، خطرناک اترائی یا لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے، تاکہ ضرورت کے مطابق روڈ کی الائنمنٹ میں بہتری لائی جا سکے۔

انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ لون سے پوکیل پل تک باقی تقریباً چار کلومیٹر سڑک کو بھی اسی منصوبے میں شامل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس حصے کی شمولیت سے یہ منصوبہ ایک مکمل اور بامقصد رابطہ سڑک کی شکل اختیار کر سکتا ہے اور اس کی افادیت کئی گنا بڑھ جائے گی۔

عجب خان نے تعمیراتی کام کے دوران گرد و غبار پر قابو پانے کے لیے بھی متعلقہ ٹیم سے باقاعدگی سے پانی کا چھڑکاؤ کرنے کی اپیل کی، تاکہ مقامی رہائشیوں، مسافروں اور تعمیراتی کام میں مصروف مزدوروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ محفوظ سفر، عوامی سہولت اور علاقے کے بہتر مستقبل کے لیے اس منصوبے کی بروقت اور معیاری تکمیل ضروری ہے۔ ان شاء اللہ عوامی تعاون اور متعلقہ اداروں کی مخلصانہ کوششوں سے کوشٹ تا لون روڈ علاقے کی ترقی کا ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

chitraltimes heavy machinery reached for lone to kosht road 2