اپر چترال : جنالی کوچ کے مقام پر گاڑی حادثے کا شکار، دو خواتین جان بحق جبکہ پانچ افراد زخمی
.
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) اپر چترال کے علاقے جنالی کوچ نزد زیارت ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں دو خواتین جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق بروم کاغ کوشٹ سے بونی آنے والی ایک ویلس جیپ (نمبر B-1090)، جسے ناصر عرف بشیر ولد عبدالحالق چلا رہا تھا، جنالی کوچ کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی۔ گاڑی میں مجموعی طور پر سات افراد سوار تھے۔ حادثے کے نتیجے میں دو خواتین صالحہ بی بی زوجہ مقصود احمد (عمر تقریباً 35/36 سال) اور تاج بی بی زوجہ ناصر عرف بشیر (عمر تقریباً 32/33 سال) موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں۔
حادثے میں زخمی ہونے والوں میں عابدہ نذیر دختر ناصر عرف بشیر (عمر تقریباً 20 سال)، انم دختر زبار خان سکنہ گولدہ بونی (عمر تقریباً 2/3 سال)، محمد کریم ولد زبار خان (عمر تقریباً 60/61 سال)، ڈرائیور ناصر عرف بشیر اور ہادیہ دختر ناصر عرف بشیر شامل ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور اسسٹنٹ کمشنر مستوج کے ہمراہ جائے حادثہ کا دورہ کیا اور ریسکیو 1122 کی ٹیموں کو فوری طلب کیا، جنہوں نے جاں بحق افراد کی میتیں اور زخمیوں کو کیٹگری ڈی ہسپتال بونی منتقل کیا۔
ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جہاں زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد بعض زخمیوں کو فارغ کر دیا گیا، جبکہ ناصر عرف بشیر اور کمسن بچی انم دختر زبار خان کو مزید علاج کے لیے لوئر چترال ریفر کر دیا گیا ہے۔ دیگر زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ زخمیوں کی جان بچانے کے لیے خون کے عطیات دیں اور انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کریں۔ حادثے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی اور مقامی افراد کی بڑی تعداد جائے وقوعہ پر جمع ہو گئی۔حادثے کی وجہ فلحال معلوم نہ ہوسکی ہے تاہم سڑکوں کی ناگفتہ بہ صورت حال اور بارشوں کے بعد سڑک کا مذید خراب ہونا بھی ایک وجہ قرار دیا جارہاہے۔


