اپر چترال میں پہلی مرتبہ چینچی، ٹرائی وہیلر اور رکشہ کی رجسٹریشن کا آغاز یکم دسمبر سے کرنے کا فیصلہ
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) خیبر پختونخوا کی صوبائی کابینہ کے فیصلے کے بعد اپر چترال میں چینچی، ٹرائی وہیلر موٹر سائیکل اور رکشہ کی باضابطہ رجسٹریشن کے عمل کو مؤثر اور منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لیے ضلعی لائزن کمیٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اپر چترال معظم خان بنگش نے کی، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر انڈر ٹریننگ، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر اپر چترال عبیدالرحمن ، ٹریفک انچارج اور موٹر وہیکل ایگزامینر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبائی کابینہ کے فیصلے کے مطابق یکم دسمبر 2025 سے اپر چترال میں پہلی مرتبہ چینچی، رکشہ اور ٹرائی وہیلر کی باقاعدہ رجسٹریشن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے کا بنیادی مقصد ٹریفک نظام کو بہتر بنانا، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی نشاندہی کرنا اور عوام کو محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ رجسٹریشن مہم کے آغاز سے قبل سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع کے ذریعے عوام کو رجسٹریشن کے طریقہ کار، درکار دستاویزات اور ضروری رہنما اصولوں سے بروقت آگاہ کیا جائے گا، تاکہ تمام افراد آسانی کے ساتھ اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن مکمل کر سکیں۔
آخر میں ضلعی انتظامیہ اپر چترال نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی چینچیوں، رکشوں اور ٹرائی وہیلرز کی رجسٹریشن مقررہ وقت میں مکمل کریں اور بہتر ٹریفک نظام اور محفوظ سفر کے لیے حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں۔

