اپر چترال: برفباری کے بعد متعدد رابطہ سڑکیں بحال، بجلی کی ترسیل پر کام جاری، ضلعی انتظامیہ الرٹ
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) اپر چترال میں حالیہ برفباری کے بعد ڈپٹی کمشنر اپر چترال محمد عمران خان کے احکامات کی روشنی میں مختلف محکموں نے سڑکوں کی بحالی اور بجلی کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں۔میڈیا سے گفتگو میں ڈی سی اپر محمد عمران خان نے بتایا کہ چترال بونی اور بونی مستوج ، لاسپورویلی اور یارخون تک روڈ کھول دیا گیا، مذید اگے کام جاری ہے۔
محکمہ سی اینڈ ڈبلیو نے گرین لشٹ تا بروم اویر پولیس اسٹیشن، نو قاقلشٹ تا کشم، گرین لشٹ تا لون اور چرون پل تا کوشٹ سڑکوں کو بحال کرکے ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے۔ اسی طرح ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر محکمہ آر ڈی ڈی نے شوگرام تا درونگاغ روڈ کو بھی صاف کرکے ٹریفک بحال کر دی ہے۔
جاری پریس ریلیز کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی درونگاغ اور گہکیر میں سڑکوں کی بحالی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ دیگر متاثرہ راستوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔
پریس ریلیز میں مذید بتایا گیا کہ محکمہ پیڈو کے فیلڈ اہلکار بجلی کی بحالی کے لیے متحرک ہیں۔ لائن سپرنٹنڈنٹ پیڈو کے مطابق ڈی سی پارک لوئر چترال میں بجلی کے کھمبے کی مرمت مکمل کر لی گئی ہے جبکہ نیردت کے مقام پر بجلی کی بحالی کے لیے کام جاری ہے، جو شام تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مرمتی کام کے دوران پیڈو کے اہلکاروں کو فون کالز کے ذریعے پریشان نہ کریں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔
ادھر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری موسمی ایڈوائزری، جس میں بالائی اضلاع میں شدید بارش اور برفباری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر اپر چترال نے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔
ہدایات کے مطابق لوکل گورنمنٹ، سی اینڈ ڈبلیو، نیشنل ہائی وے اتھارٹی، ٹی ایم ایز، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، ریونیو اسٹاف اور پیڈو کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے عملہ اور مشینری ہمہ وقت تیار رکھنے، سڑکوں کی بروقت بحالی، برف ہٹانے، مؤثر کوآرڈینیشن اور فوری رسپانس کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے عوام سے غیر ضروری سفر سے گریز کی اپیل کرتے ہوئے ڈرائیوروں کو دورانِ سفر سنو چین کے استعمال اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے حالیہ برفباری کے دوران تمام اداروں کے بروقت اور مثالی اقدامات کو سراہا۔


