اپرچترال : تورکھو تریچ روڈ فورم کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات صلح کے بعد مقامی عدالت نے ختم کر دیا
۔
اپرچترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) تورکھو تریچ روڈ فورم (ٹی ٹی آر ایف) کے رہنماؤں، عمائدینِ علاقہ اور بزرگوں کے خلاف درج تینوں مقدمات پولیس اور انتظامیہ کے ساتھ صلح کے بعد مقامی عدالت نے ختم کر دیے۔
بدھ کے روز ٹی ٹی آر ایف کی جانب سے مقدمات کے خاتمے کی درخواستوں پر بونی کی مقامی عدالت میں سماعت ہوئی۔ اس موقع پر پبلک پراسیکیوٹر، سرکاری وکیل، ڈی پی او، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور تمام شکایت کنندگان عدالت میں پیش ہوئے اور سول جج کو آگاہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور مستغیثین کا ملزمان اور ٹی ٹی آر ایف کے ساتھ باقاعدہ صلح ہو چکی ہے۔ جس پر عدالت نے ٹی ٹی آر ایف رہنماؤں کے خلاف درج تمام مقدمات ختم کرتے ہوئے ملزمان کو بری کر دیا۔
ٹی ٹی آر ایف نے اس موقع پر جاری بیان میں کہا کہ مقدمات کا خاتمہ ان کی سچائی کی دلیل ہے، جس پر وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔
ٹی ٹی آر ایف نے مزید کہا کہ وہ تورکھو تریچ یونین کونسل کے عوام کے بھی شکر گزار ہیں، جنہوں نے اس مشکل وقت میں اپنے حقوق کے لیے اور کرپشن کے خلاف چٹان کی مانند ڈٹ کر مقابلہ کیا اور لاٹھی چارج، مقدمات اور دیگر مشکلات کے باوجود اپنی جدوجہد جاری رکھی۔
سیاسی رہنماؤں میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر طلحہ محمود ہر موقع پر تورکھو تریچ یونین کونسل کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے رہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا۔ انہوں نے نہ صرف ٹی ٹی آر ایف کی درخواست پر قاقلشٹ میں 1.9 کلومیٹر سڑک کی لیولنگ کا کام اپنے ذاتی خرچ پر کروایا بلکہ دہشت گردی کی دفعات کے خاتمے، فورتھ شیڈول سے نام نکلوانے اور ایف آئی آر کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کیا، جس پر عوام نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
ٹی ٹی آر ایف نے ڈی آئی جی مالاکنڈ فدا حسن، ڈپٹی کمشنر اپر چترال، ڈی پی او، ایس پی انویسٹیگیشن اور مقدمات میں شامل پولیس افسران و اہلکاروں کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے مختلف دباؤ کے باوجود مقدمات کے خاتمے میں مثبت کردار ادا کیا اور انتظامیہ، پولیس اور عوام کے درمیان غلط فہمیوں کو دور کر کے افہام و تفہیم کی فضا قائم کرنے میں مدد دی۔
انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں، علمائے کرام، سول سوسائٹی، ڈرائیور و تاجر یونین، بونی اور دیگر علاقوں کے عوام، چترال کے نوجوانوں اور سوشل میڈیا صارفین کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ان کے مؤقف اور حقوق کے لیے جاری جدوجہد میں ساتھ دیا۔
ٹی ٹی آر ایف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ آئندہ بھی عوام کے حقوق، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور پبلک فنڈز میں کرپشن کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

