مستوج میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے معمولاتِ زندگی مفلوج، روزانہ 6 سے 8 گھنٹے بجلی بند رہنے سے کاروبار، تعلیمی سرگرمیاں، دفاتر، بینکوں اور گھریلو امور متاثر
مستوج (نمائندہ چترال ٹائمز) اپر چترال کے مرکزی مقام مستوج خاص اور ملحقہ دیہات میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور بے قاعدہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ پیڈو حکام کی جانب سے بجلی کی مسلسل آنکھ مچولی اور روزانہ چھ سے آٹھ گھنٹے کی غیر اعلانیہ بندش کے باعث نہ صرف گھریلو معمولات درہم برہم ہو گئے ہیں بلکہ کاروباری سرگرمیاں، تعلیمی ادارے، دفاتر اور آن لائن کام بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔ صارفین کا کہنا ہے کہ انہیں یہ تک معلوم نہیں ہوتا کہ بجلی کب آئے گی اور کب چلی جائے گی، جس کے باعث وہ اپنے روزمرہ امور کی منصوبہ بندی کرنے سے بھی قاصر ہیں۔
مستوج کی سابق وی سی ناظم اور معروف سیاسی شخصیت عبد الرحمن نے چترال ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستوج ایریا میں غیر اعلانیہ اور بے ترتیب بجلی کی بندش نے صارفین کو شدید مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی آنکھ مچولی سے زندگی کا ہر شعبہ متاثر ہو رہا ہے۔ گھریلو کام کاج میں خلل پڑنے کے ساتھ کاروباری حلقوں کو بھی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، جبکہ بجلی پر انحصار کرنے والے کاروبار ی حضرات کا کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔
عبد الرحمن کے مطابق روزانہ دن کے اوقات میں چھ سے آٹھ گھنٹے تک بجلی کی غیر اعلانیہ بندش سے تعلیمی اداروں،بینکوں، سرکاری دفاتر، آن لائن سرگرمیوں اور دیگر کاروباری معاملات میں شدید رکاوٹیں پیدا ہو رہی ہیں، جس کا براہ راست اثر طلبہ و طالبات اور عام صارفین پر پڑ رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے مگر وہاں شیڈول کے مطابق بجلی بند کی جاتی ہے ، مگر یہاں شیڈول کے بجائے آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے ،اور لوگوں کو دوبارہ پتھرکی زمانے میں دھکیل دیا ہے۔
انہوں نے متعلقہ حکام، بالخصوص ڈپٹی کمشنر اپر چترال سے مطالبہ کیا کہ مستوج اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بار بار بندش کا فوری نوٹس لیا جائے اور پیڈو حکام کو پابند بنایا جائے کہ بجلی کی فراہمی کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو کم از کم یہ معلوم ہونا چاہیے کہ بجلی کب بند اور کب بحال ہوگی، تاکہ وہ اپنے گھریلو، تعلیمی اور کاروباری امور اسی کے مطابق انجام دے سکیں۔
