بلپھوک کے مقام پر گاڑی حادثے کاشکار، دو نوجوان جان بحق
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) رونڈور سے چترال آنے والی گاڑی بلپھوک کے مقام پر حادثے کا شکار ، دو افراد جان بحق، تفصیلات کے مطابق پیر کے دن گاڑی رونڈور سے چترال آرہی تھی کہ بلپھوک کے مقام پر چڑھائی میں فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوکر سینکڑوں فٹ نیچے کھائی میں جا گری ، جس کے نتیجے میں اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد کے پروفیسر ڈاکٹر ظہیر الدین بہرام کے جوان سال فرزند معاذ الدین موقع پر جان بحق ہوگئے ، جبکہ ایک اور نوجوان آفاق ساکن دومون بروز زخمی ہوگئے تھے، جنھیں ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ زخموں کی تالاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ معاذ کی عمر 22 سال اور آفاق کی عمر 21 سال تھی ۔ معاذ یونیورسٹی سے فارغ التحصیل تھے ۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو1122 کی ٹیم جائے وقوعہ پہنچ کر حادثے کے نتیجے میں زخمی اور وفات پانے والے نوجوانوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال لوئر چترال منتقل کردیا تھا تاہم حادثے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے دونوں نوجوان چل بسے، حادثے کے وقت دو ہی افراد گاڑی میں سوار تھے، ابتدائی معلومات کے مطابق حادثہ گاڑی میں خرابی کے باعث پیش آیا،
ریسکیو1122 کی ریکوری ٹیم ریکوری وہیکل کے ذریعے متاثرہ گاڑی کو ریکور کر کے ورثاء کے حوالے کردیا،
دریں اثنا یہ واقعہ نہ صرف متاثرہ خاندان کے لیے بلکہ پورے علاقے کے لیے صدمے کا باعث بنا ہے۔ تشویشناک امر یہ ہے کہ گزشتہ چند سالوں کے دوران بیلپھوک کے اسی علاقے میں پیش آنے والا یہ چوتھا حادثہ ہے، جو سڑکوں کی خستہ حالی، حفاظتی اقدامات کی کمی، اور ممکنہ غفلت کی نشان دہی کرتا ہے۔ مقامی افراد نے بارہا متعلقہ حکام کی توجہ ان خطرناک سڑکوں کی طرف مبذول کروانے کی کوشش کی ہے، مگر تاحال مؤثر اقدامات نہ اٹھائے جا سکے۔ عوامی حلقے مطالبہ کر رہے ہیں کہ سڑکوں کی فوری مرمت، حفاظتی ریلنگ کی تنصیب اور ٹریفک قوانین کے نفاذ کے ذریعے آئندہ ایسے جان لیوا حادثات کی روک تھام کی جائے۔

حادثے کاشکار ہوکر جان بحق نوجوانوں کی فائل فوٹو

