چترال لوئیر؛ ایک ہی دن میں پانچ بچوں کی ماں سمیت دو افراد نے مبینہ طور پر خودکشی کرلی
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) لوئرچترال کے دو مختلف علاقوں میں پیر کو شادی شدہ خاتون سمیت دو افراد نے خودکشی کرلی۔ خود کشی کا پہلا واقعہ چترال ٹاؤن کے گاؤں دواشش ژوغور میں پیش آیا جہاں پرئیت گاؤں سے تعلق رکھنے والے 27سالہ نوجوان خورشید علی خان نے اپنے کمرے میں مبینہ طور پر پھندا ڈال کر خودکشی کر لی۔ چترال سٹی کے سب ڈویژنل پولیس آفیسر سجاد حسین نے بتایا کہ متوفی آرمی پبلک سکول میں فزکس کا استاد تھااور ژوغور میں رہائش پذیر تھا۔
دوسرے واقعے میں گرم چشمہ میں شادی شدہ خاتون کلثوم بی بی نے مبینہ طور پر دریا میں چھلانگ لگا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا جس کی لاش دریا سے نکالی گئی۔ لوٹ کوہ کے سب ڈویژنل پولیس افسر حسن اللہ نے واقعے کی تصدین کرتے ہوئے بتایا کہ متوفیہ ایک بیٹے اور چار بیٹیوں کی ماں تھی اور کہا جاتا ہے کہ وہ ذہنی بیماری میں مبتلا تھی۔
دونوں واقعات میں لاشوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا اور موت کی اصل وجہ معلوم کرنے کے لیے ضابطہ فوجداری کے دفعہ 174 کے تحت انکوائری شروع کر دی گئی ہیں۔
