چترال میں دو روزہ مذہبی اجتماع، شرکاء کے لیے صاف پانی اور صحت و صفائی کے خصوصی انتظامات
.
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال کے تاریخی پولو گراؤنڈ میں دو روزہ مذہبی اجتماع کا آغاز ہوگیا ہے، جو 22 ستمبر کی صبح اختتامی دعا کے ساتھ مکمل ہوگا۔ اجتماع میں شرکت کے لیے مختلف علاقوں سے آنے والے افراد کے لیے سہولیات کی فراہمی اور صفائی و حفظانِ صحت کے انتظامات کے سلسلے میں تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن (ٹی ایم اے) چترال کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔
ٹی ایم او حیدر ایوب خان کی خصوصی ہدایات پر ٹی ایم اے چترال کا عملہ اجتماع گاہ، پولو گراؤنڈ اور مرکز مسجد کے اطراف میں شرکاء کے لیے پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے واٹر ٹینکرز کے ذریعے مسلسل خدمات انجام دے رہا ہے۔
علاوہ ازیں شرکاء کو مچھروں، ملیریا اور دیگر موسمی بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے اجتماع گاہ اور ملحقہ علاقوں میں وسیع پیمانے پر مچھر مار اسپرے بھی کیا گیا ہے۔
ٹی ایم اے انتظامیہ کے مطابق اجتماع کے اختتام تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی، صفائی و ستھرائی اور دیگر حفاظتی اقدامات کا سلسلہ بلا تعطل جاری رکھا جائے گا، تاکہ اجتماع میں آنے والے افراد کو سہولیات کی فراہمی میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
