بونی بزند روڈ پر اسفالٹ کا کام شروع نہ کرنے کی صورت میں بونی شندور روڈ بند کریں گے، ٹی ٹی آر ایف کا ورکوپ میں اجلاس
اپر چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) بونی بزند تورکہو روڈ پر اسفالٹ کا کام شروع نہ ہونے اور تحریری معاہدے کے باوجود اسفالٹ مشینری سائٹ پر نہ پہنچانے کے خلاف ٹی ٹی آر ایف کے زیر اہتمام ورکوپ تورکھو میں بدھ کے روز میٹنگ کا انعقاد کیا گیا۔
جس کی صدارت سابق یو سی ناظم ریٹائرڈ کیپٹن محمد اکبر شاہ نے کی۔ اجلاس میں ٹی ٹی آر ایف کے قائدین وی سی چیئرمین حفیظ الرحمان، ممتاز استاد، عبدلوہاب، نصیر عالم اور دیگر عمائدین نے شرکت کی۔
شرکائے میٹنگ نے خبردار کیا کہ ہم حکومتی اداروں، محکموں اور حکام کے ساتھ الجھنا نہیں چاہتے بلکہ اپنا جائز حق مانگ رہے ہیں۔
لیکن محکمہ سی اینڈ ڈبلیو، خصوصاً ایکسین، تورکھو اور تریچ یوسی کی ڈیڑھ لاکھ آبادی کو مجبور کر رہے ہیں کہ وہ شندور فیسٹیول کے اہم موقع پر سڑکوں پر نکلیں اور بونی پہنچ کر بونی شندور روڈ کو بند کریں۔
مقررین کا کہنا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر نے ٹی ٹی آر ایف کے نمائندوں سے تحریری معاہدہ کیا تھا کہ عید کے فوراً بعد اسفالٹ کا کام شروع ہو جائے گا، لیکن اس تحریری معاہدے کے باوجود آج تک مشینری سائٹ پر نہیں پہنچائی گئی۔ شرکا نے نشاندہی کی کہ کلوٹس، شولڈر، اور کمپیکشن کا کام بھی ٹھیک طرح سے شروع نہیں کیا گیا ہے۔
مقررین نے کہا کہ یہ ہماری طرف سے متعلقہ حکام سے آخری بار پرامن گزارش ہے کہ لوگوں کواتنا مجبور نہ کیا جائے کہ وہ انتہائی اقدام اُٹھانے پر مجبور ہو جائیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر عوام کو مزید مجبور اور خوار کیا گیا تو وہ شندور فیسٹیول سے پہلے بونی بزند روڈ پر دھرنا دے کر سڑک بند کر دیں گے، اور اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت، سی اینڈ ڈبلیو، اس کے ایکسین، ایس ڈی او اور ڈپٹی اسپیکر پر عائد ہوگی۔
عمائدین کا کہنا تھا کہ تورکھو تریچ یوسی کے عوام شندور فیسٹیول میں خلل ڈالنا نہیں چاہتے بلکہ چاہتے ہیں کہ یہ سالانہ میلہ پُرامن اور خوش اسلوبی سے منعقد ہو، لیکن محکمہ سی اینڈ ڈبلیو اور اس کے کرپٹ افسران نے تورکھو اور تریچ کے عوام کو دیوار سے لگا دیا ہے اور انہیں انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کر رہے ہیں۔
مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت نے تورکھو تریچ یوسی کے عوام سے کیے گئے آدھے درجن سے زائد تحریری معاہدوں کے باوجود، گزشتہ 16 سال سے زیرِ تعمیر سڑک کی تکمیل میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔
مقررین نے خبردار کیا کہ سی اینڈ ڈبلیو کا ایکسین عوام کو ادارے کے دفاتر کا گھیراؤ کرنے پر مجبور کر رہا ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر مشینری ورک سائٹ پر پہنچائی جائے تاکہ تورکھو تریچ یوسی کے عوام سڑکوں پر خوار ہونے کے بجائے شندور پولو فیسٹیول میں سکون سے شریک ہو سکیں اور اس کے کامیاب انعقاد میں اپنا کردار ادا کریں۔
