ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد لوئر چترال میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی، اپر چترال سمیت تمام روٹس کا نیا سرکاری کرایہ نامہ جاری
۔
لوئر چترال(نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال احسان اللہ کی ہدایات پر پٹرولیم مصنوعات، خصوصاً ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ نے مختلف روٹس کے لیے نظرثانی شدہ ٹرانسپورٹ کرایہ نامہ جاری کر دیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق نئے کرایوں کا تعین ریویو کمیٹی کی سفارشات اور ٹرانسپورٹرز سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔ جاری کردہ کرایہ نامے کے مطابق مختلف روٹس پر کرایوں میں مجموعی طور پر 6.12 فیصد کمی کی گئی ہے۔
نئے کرایہ نامے کے مطابق چترال سے پشاور کا فلائنگ کوچ کرایہ 2 ہزار روپے سے کم کرکے 1878 روپے، کوسٹر کا کرایہ 2050 روپے سے کم کرکے 1924 روپے جبکہ نئے ماڈل کی کوسٹر کا کرایہ 2560 روپے سے کم کرکے 2403 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح دروش سے پشاور کا فلائنگ کوچ کرایہ 1780 روپے سے کم کرکے 1671 روپے، چترال سے راولپنڈی/اسلام آباد کا کوسٹر کرایہ 2500 روپے سے کم کرکے 2347 روپے جبکہ نئے ماڈل کی کوسٹر کا کرایہ 3100 روپے سے کم کرکے 2910 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
دیگر روٹس میں چترال سے دیر خاص کا فلائنگ کوچ کرایہ 590 روپے سے کم کرکے 554 روپے، چترال سے تیمرگرہ کا کرایہ 830 روپے سے کم کرکے 779 روپے، دروش سے دیر کا کرایہ 320 روپے سے کم کرکے 300 روپے جبکہ دروش سے تیمرگرہ کا کرایہ 560 روپے سے کم کرکے 526 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اسی طرح ضلعی انتظامیہ نے اپر چترال کے مختلف علاقوں اور ضلع کے اندرونی روٹس کے لیے بھی نئے کرایے مقرر کر دیے ہیں۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق چترال سے تورکھو شاگرام کا کرایہ 854 روپے، چترال سے بونی 432 روپے، چترال سے مستوج 798 روپے، چترال سے یارخون لشٹ 1530 روپے اور چترال سے سور لاسپور 1051 روپے فی سواری مقرر کیا گیا ہے۔
مزید برآں چترال سے بروم اویر کا کرایہ 479 روپے، برنس 380 روپے، وریجون 798 روپے، تریچ 1023 روپے، دروش 253 روپے، بمبوریت 231 روپے جبکہ گرم چشمہ کا کرایہ 357 روپے فی سواری مقرر کیا گیا ہے۔
نئے کرایہ نامے میں مسافروں کے لیے مختلف سہولیات اور شرائط بھی وضع کی گئی ہیں، جن کے مطابق ہر مسافر کو 20 کلوگرام تک سامان بغیر اضافی کرایے کے لے جانے کی اجازت ہوگی۔ مزید برآں سرکاری قوانین کے تحت اسکولوں، کالجوں اور دینی مدارس کے طلبہ، معذور افراد اور معمر شہریوں کے لیے کرایوں میں 50 فیصد رعایت مقرر کی گئی ہے۔
نئے کرایہ نامے کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام ٹرانسپورٹرز کو سرکاری کرایہ نامے پر مکمل عمل درآمد یقینی بنانے کی سختی سے ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مقررہ نرخوں سے زائد کرایہ وصول کرنے یا سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری کرایہ نامے کے مطابق سفر کریں اور زائد کرایہ وصول کرنے کی صورت میں متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔
