تجاربرادری چترال لوئیر کا اجلاس، چارویلو نوراحمد کی صدارت پراعتماد کا اظہار، آئندہ ملکر کام کرنے کاعزم
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) جامع مسجد شاہی بازار چترال کے خطیب اور معروف عالم دین مولانا اسرار الدین الہلال کے زیر صدارت ٹاؤن ہال میں تاجر برادری کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں تجار یونین کے سابق صدور حاجی عیدالحسین، حاجی عبدالجلیل اور شبیر احمد خان کے علاوہ تاجروں کی نمائندگی کرتے ہوئے افسر خان، بہادر شاہ اور دوسروں نے اس بات پر زور دیاکہ یہ وقت تاجر برادری کے اندر اتحاد واتفاق کی ہے اور 1500کے لگ بھگ ووٹ حاصل کرنے والے منتخب صدر نور احمد خان چارویلو کی صدارت کوتسلیم نہ کرنا افسوسناک بات ہے۔ انہوں نے کہاکہ کسی کو بھی بازار کا پرامن ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دیں گے کیونکہ مختلف ٹولیوں میں تقسیم ہونے سے ان کے صفوں میں دراڑ آئے گا جوکہ تباہ کن ثابت ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ منتخب صدر کے خلاف سازش کرنے والے اپنے برے عزائم سے باز آئیں جن کی خدمت میں ہم عرض کرتے ہیں کہ وہ تمام اختلافات بھلاکر نورا حمد خان کے دست وباز و بن جائیں جس میں ہم سب کا بھلا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیاکہ آئندہ کے لئے ہم سب مل کرکام کریں گے اور سازشی عناصر کے عزائم کو ناکام بنائیں گے اور ہم تاجر برادری سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند مضبوط ہوں گے۔ اس موقع پر صدر تجار یونین نے دوبارہ اعتماد کرنے پر تاجر برادری کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ وہ اپنی حاصل شدہ بھاری مینڈیٹ کا لحاظ رکھتے ہوئے تمام تاجر برادری کی بلا امتیاز خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔


