محکمہ سیاحت کا کالاش عوام کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے کالاش ویلز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت
پشاور(نمائندہ چترال ٹائمز ) محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبر پختونخوا نے کیلاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کو کیلاشی عوام کی محرومیوں اور شکایات کے ازالہ کے لئے ٹھوس اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی ہیں۔ کیلاشی عوام کا درینہ مطالبہ ہے کہ ان پر حال ہی میں لاگو کیے گئے ٹیکسز پر نظر ثانی کی جائے۔محکمہ سیاحت نے وضاحت کی ہے کہ کیلاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی رولز2020 باقاعدہ طور پر لاء ڈیپارٹمنٹ سے منظور کیے گئے ہیں۔ کیلاش کمیونیٹی کے عمائیدین نے محکمہ سیاحت خیبر پختونخوا سے مطالبہ کیا کہ ان کے کاروبار وغیرہ پر ٹیکسز اور لیوی ڈیوٹیاں عائد کیے گئے ہیں جس کیلئے علاقے کی عوام کیساتھ کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔
سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت ڈاکٹر عبدالصمد نے اس ضمن میں کہا ہے کہ کیلاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا قانون باقاعدہ طور پر لاء ڈیپارٹمنٹ سے منظور کیا گیا تاہم اس قانون میں ترمیم کیلئے اسے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا اور یہ کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ترمیمی مسودہ پر جو بھی فیصلہ ہوا اس سے متعلق پھر لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
